حدیث: (474) جس کی اللّٰہ بھلائی چاہے
حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا:
مَنْ يُرِدِ اللّٰهُ بِهِ خَيْرًا يُصِبْ مِنْهُ
اللّٰہ تعالیٰ جس سے بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے اس کو مصائب میں مبتلا کر دیتا ہے۔
( صحیح بخاری،حديث: 5645)
حدیث: (475) محاسبہ و مراقبہ
حضرت ابو یعلیٰ شداد بن اوس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:
الْكَيِّسُ مَنْ دَانَ نَفْسَهُ، وَعَمِلَ لِمَا بَعْدَ الْمَوْتِ، وَالْعَاجِزُ، مَنْ أَتْبَعَ نَفْسَهُ هَوَاهَا، ثُمَّ تَمَنَّى عَلَى اللّٰهِ
عقلمند وہ شخص ہے جو اپنے نفس کا محاسبہ کرتا ہے اور موت کے بعد والی زندگی کے لیے عمل کرتا ہے اور عاجز وہ ہے جو نفسانی خواہشات کی پیروی کرتا ہے اور اللّٰہ تعالیٰ سے آرزوئیں کرتا ہے۔
(سنن ابن ماجہ،حديث:4260)
حدیث: (476) دو نعمتوں سے لوگوں کی غفلت
حضرت عبد اللّٰہ ابن عباس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ جان کائنات ﷺ نے فرمایا:
نِعْمَتَانِ مَغْبُونٌ فِيهِمَا كَثِيرٌ مِنَ النَّاسِ: الصِّحَّةُ وَالفَرَاغُ
دو نعمتیں ایسی ہیں جن میں بہت سے لوگ نقصان میں ہیں، وہ ہیں: صحت اور فراغت۔
(صحیح بخاری، حديث: 6412)
حدیث: (477) حقیقی مومن کون؟
حضرت ابو سعید خدری رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے بارگاہ نبوی میں عرض کی: یارسول اللّٰہ ﷺ کونسا شخص افضل ہے؟
فرمایا:
مُؤْمِنٌ يُجَاهِدُ بِنَفْسِهِ وَمَالِهِ فِي سَبِيلِ اللهِ
وہ مومن جو اپنے نفس اور اپنے مال کے ساتھ اللّٰہ تعالیٰ کی راہ میں جہاد کرتا ہے۔
اس نے پوچھا: اس کے بعد کون ؟
فرمایا:
ثُمَّ رَجُلٌ مُعْتَزِلٌ فِي شِعْبٍ مِنَ الشِّعَابِ يَعْبُدُ رَبَّهُ وَيَدَعُ النَّاسَ مِنْ شَرِّهِ
وہ مومن جو کسی گھاٹی میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتا ہے اور لوگوں کو اپنے شر سے محفوظ رکھتا ہے۔
(صحیح مسلم،حديث: 122 (1888))
حدیث: (478) دنیا سے بے رغبتی کا اجر
حضرت ابوذر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ محبوب کبریا ﷺ نے فرمایا:
مَا زَهِدَ عَبْدٌ فِي الدُّنْيَا إِلَّا أَثْبَتَ اللهُ الْحِكْمَةَ فِي قَلْبِهِ، وَأَنْطَقَ لَهَا لِسَانَهُ وَبَصَّرَهُ عَيْبَ الدُّنْيَا وَدَاءَهَا وَدَوَاءَهَا وَأَخْرَجَهُ مِنْهَا سَالِمًا إِلَى دَارِ السَّلَامِ
کوئی بندہ دنیا سے بے رغبت نہیں ہوتا مگر اللہ تعالیٰ اس کے دل میں حکمت اگا دیتا ہے اور اس کی زبان میں (پر اثر) گویائی دیتا ہے اور اسے دنیا کے عیب ، اس کی بیماریاں اور ان کے علاج دکھا دیتا ہے اور دنیا سے جنت کی طرف سلامتی سے نکال لیتا ہے۔
(شعب الایمان، حديث:10050)
حدیث: (479) سجدوں کی کثرت اور دعا
حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا:
أَقْرَبُ مَا يَكُونُ الْعَبْدُ مِنْ رَبِّهِ، وَهُوَ سَاجِدٌ، فَأَكْثِرُوا الدُّعَاءَ
بندہ سجدے کی حالت میں اپنے رب کے زیادہ قریب ہوتا ہے پس (تم سجدے میں) کثرت سے دعا مانگو۔
(صحیح مسلم، حديث: 215 (482))
حدیث: (480) فقر و زہد
حضرت عثمان رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نور مجسم ﷺ نے فرمایا:
انسان کا سوائے ان چیزوں کے اور کسی چیز میں حق نہیں ہے:
بَيْتٌ يَسْكُنُهُ وَثَوْبٌ يُوَارِي عَوْرَتَهُ وَجِلْفُ الخُبْزِ وَالمَاء
وہ گھر جس میں رہے اور وہ کپڑا جس سے ستر چھپائے اور روٹی کا ٹکڑا اور پانی۔
(سنن الترمذی، حدیث: 2341)

