Zia ul Hadees

Total Pages: 116

Page 74 of 116

حدیث: (441) تواضع و انکساری

حضرت عیاض بن حِمار رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: اللّٰہ تعالیٰ نے مجھے وحی فرمائی کہ:

تَوَاضَعُوا حَتَّى لَا يَفْخَرَ أَحَدٌ عَلَى أَحَدٍ، وَلَا يَبْغِي أَحَدٌ عَلَى أَحَدٍ

انکساری کرو حتیٰ کہ کوئی کسی پر فخر نہ کرے اور نہ کوئی کسی پر ظلم کرے۔

(دیکھیے:صحیح مسلم،حديث: 64 (2865))

 

حدیث: (442) صدقہ اور عفو و درگزر

حضرت ابوہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ جان کائنات نے فرمایا:

مَا نَقَصَتْ صَدَقَةٌ مِنْ مَالٍ، وَمَا زَادَ اللهُ عَبْدًا بِعَفْوٍ، إِلَّا عِزًّا، وَمَا تَوَاضَعَ أَحَدٌ لِلَّهِ إِلَّا رَفَعَهُ الله

صدقہ دینے سے مال کم نہیں ہوتا اور عفو و درگزر کی وجہ سے اللّٰہ تعالیٰ بندے کی عزت بڑھاتا ہے اور کوئی شخص اللّٰہ تعالیٰ کے لیے تواضع نہیں کرتا مگر اللّٰہ تعالیٰ اسے بلند کردیتا ہے۔

(صحیح مسلم،حديث: 69 (2588))

 

حدیث: (443) ایمان کے حلے

حضرت معاذ بن انس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ آقا و مولیٰ نے فرمایا:

مَنْ تَرَكَ اللِّبَاسَ تَوَاضُعًا لِلَّهِ وَهُوَ يَقْدِرُ عَلَيْهِ دَعَاهُ اللّٰهُ يَوْمَ القِيَامَةِ عَلَى رُءُوسِ الْخَلَائِقِ حَتَّى يُخَيِّرَهُ مِنْ أَيِّ حُلَلِ الإِيمَانِ شَاءَ يَلْبَسُهَا

جو شخص استطاعت کے باوجود محض تواضع کے طور پر عمدہ لباس چھوڑ دے، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اسے تمام مخلوق کے سامنے بلا کر اختیار دے گا کہ ایمان کا جو لباس چاہے پہن لے۔

(سنن الترمذی،حديث: 2481)

 

حدیث: (444) تکبر کی مذمت کا نبوی انداز

حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رحمت عالم نے فرمایا:

یقیناً اللّٰہ تعالیٰ نے تمہیں جاہلیت کے تکبر اور باپ دادا پر فخر کرنے سے نجات دی ہے (لہٰذا تواضع اختیار کرو)

مُؤْمِنٌ تَقِيٌّ، وَفَاجِرٌ شَقِيٌّ، أَنْتُمْ بَنُو آدَمَ وَآدَمُ مِنْ تُرَابٍ، لَيَدَعَنَّ رِجَالٌ فَخْرَهُمْ بِأَقْوَامٍ، إِنَّمَا هُمْ فَحْمٌ مِنْ فَحْمِ جَهَنَّمَ، أَوْ لَيَكُونُنَّ أَهْوَنَ عَلَى اللّٰهِ مِنَ الْجِعْلَانِ الَّتِي تَدْفَعُ بِأَنْفِهَا النَّتِنَ

اب انسان مومن متقی ہے یا فاجر بدکار، سب لوگ آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں اور آدم علیہ السلام مٹی سے بنے تھے۔ لوگ اپنے باپ دادا پر فخر کرنے سے باز آجائیں ان باپ دادا پر جو دوزخ کا کوئلہ بن گئے ورنہ وہ اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک گندگی کے اس کیڑے سے بھی زیادہ ذلیل ہوجائیں گے جو گندگی میں لوٹتا ہے۔

(سنن ابی داؤد،حديث: 5116)

 

حدیث: (445) عفو و درگزر

حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم نے فرمایا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے عرض کی:

يَا رَبِّ، مَنْ أَعَزُّ عِبَادِكَ عِنْدَكَ؟ قَالَ: مَنْ إِذَا قَدَرَ غَفَرَ

اے میرے پروردگار! کون سا بندہ تیرے نزدیک زیادہ عزت والا ہے؟ فرمایا: وہ بندہ جو قدرت رکھتے ہوئے معاف کردے۔

(شعب الایمان،حدیث:7974)

 

حدیث: (446) جو حور چاہے لے لے

حضرت معاذ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نے فرمایا:

مَنْ كَظَمَ غَيْظًا وَهُوَ قَادِرٌ عَلَى أَنْ يُنْفِذَهُ، دَعَاهُ اللّٰهُ عَزَّ وَجَلَّ عَلَى رُءُوسِ الْخَلَائِقِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ حَتَّى يُخَيِّرَهُ اللّٰهُ مِنَ الْحُورِ الْعِينِ مَا شَاءَ

جو شخص غصے کو پی جائے حالانکہ اس کے جاری کرنے پر قادر ہو، اللّٰہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کو مخلوق کے سرداروں میں بلائے گا یہاں تک کہ اسے اختیار دے گا کہ جو حور چاہے لے لے۔

(سنن ابی داؤد،حديث: 4777)

Share:
keyboard_arrow_up