حدیث: (433) زبان کو قابو میں رکھو
حضرت عقبہ بن عامر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ میں رسول اللّٰہ ﷺ سے ملا تو میں نے عرض کی: نجات کا ذریعہ کیا ہے؟
فرمایا:
يَا عُقْبَةُ، احْرُسْ لِسَانَكَ، وَلْيَسَعْكَ بَيْتُكَ، وَابْكِ عَلَى خَطِيئَتِكَ
اے عقبہ! اپنی زبان کو قابو میں رکھو اور تم کو تمہارا گھر کافی رہے اور اپنی خطاؤں پر رو۔
(دیکھیے: مسند احمد، حدیث: 17334)
حدیث: (435) اعضائے بدن کی زبان سے گزارش
حضرت ابو سعید رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرمﷺ نے فرمایا:جب صبح ہوتی ہے تو انسان کے سارے اعضاء زبان کی خوشامد کرتے ہیں اور کہتے ہیں:
اتَّقِ اللّٰهَ فِينَا فَإِنَّمَا نَحْنُ بِكَ، فَإِنْ اسْتَقَمْتَ اسْتَقَمْنَا وَإِنْ اعْوَجَجْتَ اعْوَجَجْنَا
ہمارے بارے میں اللّٰہ تعالیٰ سے ڈر کہ ہم تیرے ساتھ ہیں اگر تو سیدھی رہے گی تو ہم سیدھے رہیں گے اور اگر تو ٹیڑھی ہوگی تو ہم ٹیڑھے ہوں گے۔
(سنن الترمذی، حدیث: 2407)
حدیث: (436) حسن اخلاق اور مسلسل خاموشی
حضرت انس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ آقا و مولیٰ ﷺ نے فرمایا: اے ابو ذر! کیا میں تم کو ایسی دوخصلتیں نہ بتادوں جو عمل میں ہلکی ہیں اور میزان میں بھاری ہیں؟ عرض کی: ہاں اور ارشاد فرمایا:
عَلَيْكَ بِحُسْنِ الْخُلُقِ، وَطُولِ الصَّمْتِ
اچھی عادت اور طویل خاموشی ۔
(شعب الایمان، حدیث:4591)
حدیث: (437) ایفائے عہد
حضرت انس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ بہت کم ایسا ہوا ہے کہ رسول اللّٰہ ﷺ نے ہمیں وعظ فرمایا ہو اور اس میں یہ نہ فرمایا ہو کہ
لَا إِيمَانَ لِمَنْ لَا أَمَانَةَ لَهُ، وَلَا دِينَ لِمَنْ لَا عَهْدَ لَه
جو امانت دار نہیں اس کا ایمان نہیں اور جو وعدے کا پابند نہیں اس کا دین نہیں۔
(مسند احمد، حدیث:12567)
حدیث: (438) رسول اللّٰہ ﷺ کی وعدہ وفائی
حضرت عبد اللّٰہ بن ابو الحمساء رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے نبوت کے ظہور سے پہلے حضورﷺ سے خرید و فروخت کی اور آپ کا کچھ بقا یارہ گیا، میں نے وعدہ کیا کہ میں اسی جگہ وہ چیز لاتا ہوں پھر میں بھول گیا ،تین دن کے بعد مجھے یاد آیا، تو حضور انور اسی جگہ تھے انہوں نے فرمایا:
لَقَدْ شَقَقْتَ عَلَيَّ، أَنَا هَاهُنَا مُنْذُ ثَلَاثٍ أَنْتَظِرُكَ
تم نے مجھ پر مشقت ڈال دی، میں تین دن سے یہیں تمہارا انتظار کررہا ہوں۔
(دیکھیے: سنن ابی داؤد، حدیث:4996)
حدیث: (439) سچی نیت کی برکات
حضرت زید بن ارقم رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سرکار دو عالم ﷺ نے فرمایا:
إِذَا وَعَدَ الرَّجُلُ أَخَاهُ، وَمِنْ نِيَّتِهِ أَنْ يَفِيَ لَهُ فَلَمْ يَفِ وَلَمْ يَجِئْ لِلْمِيعَادِ فَلَا إِثْمَ عَلَيْهِ
جب کوئی شخص اپنے بھائی سے وعدہ کرے اور اس کی نیت اسے پورا کرنے کی ہو پھر پورا نہ کرسکے، وعدہ پر نہ آسکے تو اس پر گناہ نہیں۔
(سنن ابی داؤد، حدیث:4995 )
حدیث: (440) وعدہ دیکھ بھال کر کرو
حضرت ابن عباس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رسول معظم ﷺ نے فرمایا:
لَا تُمَارِ أَخَاكَ، وَلَا تُمَازِحْهُ، وَلَا تَعِدْهُ مَوْعِدًا فَتُخْلِفَهُ
اپنے بھائی سے جھگڑا نہ کرو اور نہ اس کا مذاق اڑاؤ اور نہ اس سے ایسا وعدہ کرو جو پورانہ کرسکو ۔
(سنن الترمذی، حدیث:1955)

