حدیث: (424) طالب علم کی برکت سے رزق
حضرت انس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ کے زمانہ اقدس میں دو بھائی تھے، ایک بارگاہ نبوی میں حاضر رہتا اور دوسرا کوئی کام کرتا تھا کام کرنے والے نے نبی کریم ﷺ سے اپنے بھائی کی شکایت کی تو حضور ﷺ نے فرمایا:
لَعَلَّكَ تُرْزَقُ بِهِ
شاید تجھے اسی کی وجہ سے رزق دیا جاتا ہے۔
(سنن الترمذی، حدیث:2345)
حدیث: (425) شرم و حیا
حضرت عمران بن حصین رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا:
الْحَيَاءُ لَا يَأْتِي إِلَّا بِخَيْرٍ
حیا بھلائی ہی لاتی ہے۔
(صحیح مسلم،حدیث: 60 (37)
حدیث: (426) اگر تجھے حیا نہیں!
حضرت ابو مسعود عقبہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول معظم ﷺ نے فرمایا:
پچھلی نبوت کا جو کلام لوگوں نے پایا ان میں سے یہ ہے کہ
إِذَا لَمْ تَسْتَحْيِ فَافْعَلْ مَا شِئْتَ
جب تو حیا نہ کرے تو جو چاہے کر۔
(صحیح بخاری،حدیث: 3483)
حدیث: (426) جنت اور دوزخ کے اسباب
حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سرور عالم ﷺ نے فرمایا:
الْحَيَاءُ مِنَ الْإِيمَانِ، وَالْإِيمَانُ فِي الْجَنَّةِ، وَالْبَذَاءُ مِنَ الْجَفَاءِ، وَالْجَفَاءُ فِي النَّارِ
شرم و حیا ایمان کا حصہ ہے اور ایمان والا جنت میں جائے گا اور فحش گوئی برائی کا حصہ ہے اور برائی والا دوزخ میں جائے گا۔
(مسند احمد، حدیث:10512)
حدیث: (427) ایمان اور حیا
حضرت ابن عمر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نور مجسم ﷺ نے فرمایا:
ایمان اور حیا دونوں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں جب ان میں سے ایک چلا جاتا ہے تو دوسرا بھی اٹھا لیا جاتا ہے۔
(مشکاۃ المصابیح، حدیث:5093)
حدیث: (428) نرمی زینت بخشتی ہے
نبی کریم ﷺ نے حضرت عائشہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہا سے فرمایا: تم نرمی اختیار کرو (اور سختی اور بدگمانی سے بچو)
فَإِنَّهُ لَمْ يَكُنْ فِي شَيْءٍ إِلَّا زَانَهُ , وَلَمْ يُنْزَعْ مِنْ شَيْءٍ إِلَّا شَانَهُ
کسی چیز میں نرمی نہیں ہوتی مگر اسے اچھا کر دیتی ہے اور کسی چیز سے یہ نکالی نہیں جاتی مگر اسے عیب ناک کر دیتی ہے۔
( سنن الکبریٰ للبیہقی، حدیث: 20796)
حدیث: (429) نرمی سے محرومی، بھلائی سے محرومی
حضرت جریر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا:
مَنْ يُحْرَمِ الرِّفْقَ، يُحْرَمِ الْخَيْرَ
جو شخص نرمی سے محروم رکھا گیا وہ بھلائی سے محروم کردیا گیا۔
(صحیح مسلم، حدیث: 74(2592))
حدیث: (430) اللّٰہ کریم کو نرمی پسند ہے
حضرت عائشہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رحمت عالم ﷺ نے فرمایا:
إِنَّ اللهَ رَفِيقٌ يُحِبُّ الرِّفْقَ
اللّٰہ تعالیٰ مہربان ہے اور مہربانی کو پسند فرماتا ہے۔
(صحیح مسلم، حدیث: 77(2593))
حدیث: (431) بھلائی اور محرومی
حضرت عائشہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
مَنْ أُعْطِيَ حَظَّهُ مِنَ الرِّفْقِ أُعْطِي حَظَّهُ مِنْ خَيْرِ الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ وَمَنْ حُرِمَ حَظَّهُ مِنَ الرِّفْقِ حُرِمَ حَظَّهُ مِنْ خَيْرِ الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ
جسے نرمی میں سے اس کا حصہ دیا گیا، اسے دنیا اور آخرت کی بھلائی میں سے حصہ دیا گیا اور جو نرمی کے حصے سے محروم رہا وہ دنیا و آخرت کے حصے سے محروم رہا۔
(مشکاۃ المصابیح، حدیث:5076)
حدیث: (432) حفاظت زبان
حضرت عبد اللّٰہ بن عمرو رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ حضورﷺ نے فرمایا:
مَنْ صَمَتَ نَجَا
جو خاموش رہا نجات پاگیا۔
(مسند احمد،حدیث:6481)

