حدیث:( 10) ”خواہشات “اطاعتِ رسول ﷺ کے تابع ہوں
حضرت عبداللّٰہ بن عمرو رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضورﷺ نے فرمایا:
تم میں سے کوئی بھی اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک کہ اس کی خواہشات میرے لائے ہوئے دین کے تابع نہ ہوجائیں۔
( مشکاۃ المصابیح،حدیث: 167)
حدیث:( 11) قول رسول ﷺ کی اہمیت
حضرت مقدام بن معدیکرب رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:
آگاہ رہو! بیشک مجھے قرآن بھی دیا گیا اور اس کے ساتھ اس کا مثل بھی۔
خبردار! قریب ہے کہ کوئی پیٹ بھرا اپنی مسہری پر کہے: صرف قرآن کو تھامو، اس میں جو حلال پاؤ اسے حلال جانو اور جو حرام پاؤ اسے حرام سمجھو حالانکہ میرا حرام کیا ہوا ویسا ہی حرام ہے جیسا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا حرام ہے۔ (دیکھیے: سنن ابن ماجہ، حدیث: 12)
حدیث:( 12) جنت کی کنجی
حضرت وہب بن منبہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ان سے عرض کیا گیا:
أَلَيْسَ لاَ إِلَهَ إِلَّا اللّٰهُ مِفْتَاحُ الجَنَّةِ؟ کیا کلمہ لا الہ الا اللّٰہ (محمد رسول اللّٰہ)
جنت کی چابی نہیں؟ فرمایا: ہاں لیکن کوئی چابی دندانے کے بغیر نہیں ہوتی پس اگر تم دندانے والی چابی لے کر آؤ گے تو تمہارے لیے دروازہ کھلے گا ورنہ نہیں۔ (یعنی کلمہ طیبہ جنت کی چابی ہے اور اعمال صالحہ اس کے دندانے ہیں) ( دیکھیے: صحيح بخاری، کتاب الجنائز، باب ماجاء فی الجنائز)
حدیث:( 13) منکر کون؟
حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رحمت عالم ﷺ نے فرمایا:
منکِر کے سوا میری ساری امت جنت میں جائے گی، صحابہ نے عرض کی : منکر کون ہے؟
فرمایا:
مَنْ أَطَاعَنِي دَخَلَ الجَنَّةَ وَمَنْ عَصَانِي فَقَدْ أَبَى
جس نے میری اطاعت کی وہ جنت میں جائے گا اور جس نے میری نافرمانی کی اس نے انکار کیا(یعنی جھٹلایا)۔
(صحیح بخاری، حدیث: 7280)
حدیث:( 14) سنت سے محبت
حضرت انس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سےروایت ہےکہ میرے آقا و مولیٰ ﷺ نے فرمایا:
اے میرے بیٹے اگر تم سے ہوسکے تو صبح و شام ایسے رہو کہ تمہارے دل میں کسی کی طرف سے کینہ نہ ہو،
پھر فرمایا:
اے میرے بیٹے! یہ میری سنت ہے
وَمَنْ أَحْيَا سُنَّتِي فَقَدْ أَحَبَّنِي، وَمَنْ أَحَبَّنِي كَانَ مَعِي فِي الجَنَّةِ
اور جس نے میری سنت کو زندہ کیا اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے مجھ سے محبت کی وہ میرے ساتھ جنت میں ہو گا۔
(سنن الترمذی،حدیث: 2678)
حدیث:( 15) کامل مومن کی اہم علامت
حضرت انس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
لاَ يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ، حَتَّى يُحِبَّ لِأَخِيهِ مَا يُحِبُّ لِنَفْسِهِ
تم میں سے کوئی بھی کامل مومن نہیں ہوسکتا، جب تک کہ اپنے بھائی کے لیے وہی پسند نہ کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے۔
(صحیح بخاری، حدیث:13)
حدیث:( 16) سچے مومن کی پہچان
حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
المُسْلِمُ مَنْ سَلِمَ المُسْلِمُونَ مِنْ لِسَانِهِ وَيَدِهِ، وَالمُؤْمِنُ مَنْ أَمِنَهُ النَّاسُ عَلَى دِمَائِهِمْ وَأَمْوَالِهِمْ
سچا مسلمان وہ ہے جس کے زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں اور سچا مومن وہ ہے جس سے لوگ اپنے جان و مال کے بارے میں مطمئن رہیں (اور انہیں خوف و خطر نہ ہو)۔
(سنن الترمذی، حدیث: 2627)

