Zia ul Hadees

Total Pages: 116

Page 6 of 116

حدیث:( 3) دین اسلام کے پانچ ستون

حضرت عبد اللّٰہ بن عمر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ: نبی اکرم نے فرمایا:

بُنِيَ الإِسْلاَمُ عَلَى خَمْسٍ: شَهَادَةِ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلَّا اللّٰهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللّٰهِ، وَإِقَامِ الصَّلاَةِ، وَإِيتَاءِ الزَّكَاةِ، وَالحَجِّ، وَصَوْمِ رَمَضَانَ

 

اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر قائم کی گئی ہے:

اس بات کی گواہی دینا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد اس کے خاص بندے اور رسول ہیں اور نماز قائم کرنا اور زکوٰۃ دینا اور حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا۔

(صحیح بخاری،حدیث: 8)

 

حدیث:( 4) دین حق کی شر ط اول

حضرت انس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول معظم نے فرمایا:

لاَ يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ، حَتَّى أَكُونَ أَحَبَّ إِلَيْهِ مِنْ وَالِدِهِ وَوَلَدِهِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ

تم میں سے کوئی بھی مومن نہیں ہوسکتا جب تک کہ میں اسے اس کے والد اس کی اولاد اور سب لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔ (صحیح بخاری، حدیث 15)

 

حدیث:( 5) عشق رسول ایمان کی جان ہے

حضرت عبد اللّٰہ بن ہشام رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت عمر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ نے بارگاہ رسالت میں عرض کی:

یارسول اللّٰہ ! آپ مجھے میری جان کے سوا ہر چیز سے زیادہ پیارے ہیں۔

سرکار دو عالم نے فرمایا:

اُس ذات کی قسم جس کے قبضے میں میری جان ہے کوئی ہر گز کامل ایمان والا نہیں ہوسکتا جب تک کہ میں اسے اس کی جان سے بھی زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔

حضرت عمر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ نے عرض کی:

فَإِنَّهُ الآنَ، وَاللّٰهِ، لَأَنْتَ أَحَبُّ إِلَيَّ مِنْ نَفْسِي، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: الآنَ يَا عُمَرُ

آقا ! اب آپ مجھے میری جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔ فرمایا: اے عمر! اب تیرا ایمان کامل ہوگیا۔ ( صحیح بخاری، حدیث: 6632)

 

حدیث:( 6) حضور سے سچی محبت کرنے والے کا انعام

حضرت انس بن مالک رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے رسول اکرم سے سوال کیا :یا رسول اللّٰہ قیامت کب آئے گی،

فرمایا:

قیامت کے لیے تو نے کیا تیاری کی ہے؟ اس نے عرض کی نہ بہت سی نمازیں جمع کی ہیں اور نہ روزے اور نہ ہی صدقے

وَلَكِنِّي أُحِبُّ اللّٰهَ وَرَسُولَهُ، قَالَ: أَنْتَ مَعَ مَنْ أَحْبَبْتَ

لیکن اتنا ضرور ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہوں،

آپ نے فرمایا: پھر تو قیامت میں انہی کے ساتھ ہوگا جن سے محبت رکھتا ہے۔ ( صحیح بخاری،حدیث : 6171)

 

حدیث:( 7) مشرک کی مغفرت نہ ہوگی

حضرت ابو درداء رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم نے فرمایا:

كُلُّ ذَنْبٍ عَسَى اللّٰهُ أَنْ يَغْفِرَهُ، إِلَّا مَنْ مَاتَ مُشْرِكًا، أَوْ مُؤْمِنٌ قَتَلَ مُؤْمِنًا مُتَعَمِّدًا

عجب نہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ سارے گناہ معاف فرما دے لیکن وہ مشرک کو اور ناحق کسی مومن کو قتل کرنے والے کو معاف نہ فرمائے گا۔ (سنن ابی داؤد،حدیث: 4270)


حدیث:( 8) ہلاکت کی سات چیزیں

حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ہادیٔ عالم نے فرمایا:

اجْتَنِبُوا السَّبْعَ المُوبِقَاتِ

ہلاکت کی سات چیزوں سے بچو!

لوگوں نے عرض کی وہ سات چیزیں کیا ہیں؟

فرمایا:

اللّٰہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کرنا،

جادو کرنا،

ناحق کسی کو قتل کرنا،

سود کھانا،

یتیم کا مال کھانا،

جہاد کے وقت بھاگ جانا

اور پاک دامن مومنہ بے خبر عورتوں پر بہتان لگانا۔

( صحیح بخاری، حدیث: 2766)

 

حدیث:( 9) ایمان کامل کے تقاضے

حضرت ابو امامہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نور مجسم نے فرمایا:

مَنْ أَحَبَّ لِلَّهِ، وَأَبْغَضَ لِلَّهِ، وَأَعْطَى لِلَّهِ، وَمَنَعَ لِلَّهِ فَقَدِ اسْتَكْمَلَ الْإِيمَانَ

جو کوئی اللّٰہ تعالیٰ کے لیے محبت کرے اور اللّٰہ تعالیٰ کی خاطر عداوت رکھے اور اللّٰہ تعالیٰ کے لیے دے اور اللّٰہ تعالیٰ ہی کے لیے روکے، اس نے اپنا ایمان کامل کرلیا۔ 

(سنن ابی داؤد،حدیث: 4681)

Share:
keyboard_arrow_up