اپنے بھائی (کی مصیبت) پر (خوشی میں) لعن طعن نہ کرو، ورنہ اللہ تعالیٰ اس پر رحم کرے گا اور تجھے مبتلا کردے گا۔ (سنن الترمذی، حدیث:2506)
حدیث:( 353)کسی کو فاسق کہنا
حضرت ابو ذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اکرم ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا:
لاَ يَرْمِي رَجُلٌ رَجُلًا بِالفُسُوقِ، وَلاَ يَرْمِيهِ بِالكُفْرِ، إِلَّا ارْتَدَّتْ عَلَيْهِ، إِنْ لَمْ يَكُنْ صَاحِبُهُ كَذَلِكَ
جب کوئی شخص کسی دوسرے آدمی کو فاسق یا کافر کہتا ہے اگر وہ اس کا حق دار نہ ہو تو یہ الفاظ کہنے والے کی طرف لوٹتے ہیں۔(صحیح بخاری، حدیث: 6045)
حدیث:( 354) خیانت
حضرت ابو امامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مومن تمام خصلتوں پر پیدا کیا جاسکتا ہے ۔
إِلَّا الْخِيَانَةَ وَالْكَذِبَ
سوائے خیانت اور جھوٹ کے۔ (مسند احمد ،حدیث :22170)
حدیث:( 355)منافق کی تین علامتیں
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نور مجسم ﷺ نے فرمایا:
آيَةُ المُنَافِقِ ثَلاَثٌ: إِذَا حَدَّثَ كَذَبَ، وَإِذَا وَعَدَ أَخْلَفَ، وَإِذَا اؤْتُمِنَ خَانَ
منافق کی تین نشانیاں ہیں: جب بات کرے جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے توخلاف ورزی کرے اور جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو اس میں خیانت کرے۔ (صحیح بخاری، حدیث: 33)
حدیث:( 356) دھوکا بڑی خیانت ہے
حضرت سفیان بن اسید حضر می رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے سرور عالم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا:
كَبُرَتْ خِيَانَةً أَنْ تُحَدِّثَ أَخَاكَ حَدِيثًا هُوَ لَكَ بِهِ مُصَدِّقٌ، وَأَنْتَ لَهُ بِهِ كَاذِبٌ
یہ بہت بڑی خیانت ہے کہ تم اپنے مسلمان بھائی سے کوئی بات بیان کرو اور وہ تم کو اس بیان میں سچا بھی سمجھتا ہو لیکن تم اس سے جھوٹ بول رہے ہو۔ (سنن ابی داؤد، حدیث:4971)
حدیث:( 357)خیانت چھپانا بھی خیانت
حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول معظم ﷺ نے فرمایا:
مَنْ كَتَمَ غَالًّا فَإِنَّهُ مِثْلُهُ
جو خیانت کرنے والے کی خیانت چھپاتا ہے وہ بھی اس کی طرح ہے۔(سنن ابی داؤد، حدیث:2716)
حدیث:( 358) دھوکا بازی
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو باتوں کا ہیر پھیر سیکھے تاکہ اس سے لوگوں کو اپنے جال میں پھانس لے
لَمْ يَقْبَلِ اللّٰهُ مِنْهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ صَرْفًا وَلَا عَدْلًا
تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن نہ اس کے فرائض قبول فرمائے گا اور نہ نوافل۔
(سنن ابی داؤد، حدیث:5006)
حدیث:( 359) دھوکا نہ دو!
حضرت ابوھریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے دھوکا دینے سے منع فرمایا۔(دیکھیے:مسلم،حدیث: 102)
حدیث:( 360) دھوکا دینا سببِ لعنت ہے
حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:
مَلْعُونٌ مَنْ ضَارَّ مُؤْمِنًا أَوْ مَكَرَ بِهِ
وہ شخص ملعون ہے جو کسی مسلمان کو نقصان پہنچائے یا اسے دھوکا دے۔(سنن الترمذی، حدیث:1941)
حدیث:( 361)دھوکا دینے والا ہم میں سے نہیں
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رہبر مکرم ﷺ غلہ کے ڈھیر کے پاس سے گزرے اور آپ نے اپنا ہاتھ اس میں ڈالا ، تو آپ کی انگلیاں گیلی ہوگئیں آپ نے فرمایا: اے اناج والے یہ کیا ہے ؟ اس نے عرض کی: یارسول اللہ ﷺ ! یہ بارش سے بھیگ گیا ہے، فرمایا: تو نے اسے غلہ کے اوپر کیوں نہیں کیا تاکہ لوگ اسے دیکھ لیں
مَنْ غَشَّ فَلَيْسَ مِنِّي
Page 61 of 116

