Zia ul Hadees

Total Pages: 116

Page 57 of 116

حدیث: (325) دوغلہ پن کا عذاب

حضرت عمار رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی مکرم نے فرمایا:

مَنْ كَانَ ذَا وَجْهَيْنِ فِي الدُّنْيَا، كَانَ لَهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ لِسَانَانِ مِنْ نَارٍ

جو شخص دنیا میں دوغلہ پن کرتا رہتا ہے قیامت کے دن اس کی آگ کی دو زبانیں ہوں گی۔

(سنن دارمی، حدیث:2806)

 

حدیث: (326) لوگوں میں سے بدترین کون؟

حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نے فرمایا:

تَجِدُ مِنْ شَرِّ النَّاسِ يَوْمَ القِيَامَةِ عِنْدَ اللّٰهِ ذَا الوَجْهَيْنِ، الَّذِي يَأْتِي هَؤُلاَءِ بِوَجْهٍ، وَهَؤُلاَءِ بِوَجْهٍ

تم قیامت کے دن اللّٰہ کے نزدیک بدترین لوگوں میں دو منہ والے کو پاؤ گے جو اِن کے پاس اور منہ سے جائے اور اُن کے پاس اور منہ سے۔

(صحیح بخاری، حدیث: 6058)

 

حدیث: (327) یہ بھی منافقت ہے

حضرت عاصم بن محمد رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ کچھ لوگوں نے انکے جدِّ امجد حضرت عبد اللّٰہ بن عمر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے عرض کی:

ہم اپنے بادشاہوں کے پاس داخل ہو کر ان باتوں کے خلاف کہتے ہیں جو ہم ان کے ہاں سے باہر آکر کہتے ہیں،

حضرت عبد اللّٰہ بن عمر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا:

كُنَّا نَعُدُّهَا نِفَاقًا

ہم اس (طریقہ کار) کو زمانہ رسالت میں منافقت شمار کرتے تھے۔

(صحیح بخاری، حدیث: 7178)

 

حدیث: (328)منافقت کی تین علامتیں

حضرت عبد اللّٰہ بن عمرو بن عاص رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم نے فرمایا:

جس شخص میں چار عادات ہوں وہ پکا منافق ہے اور جس میں ان میں سے ایک عادت ہو اس میں منافقت کی ایک علامت ہے، یہاں تک کہ اسے ترک کردے:

إِذَا اؤْتُمِنَ خَانَ، وَإِذَا حَدَّثَ كَذَبَ، وَإِذَا عَاهَدَ غَدَرَ، وَإِذَا خَاصَمَ فَجَرَ

جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو اس میں خیانت کرے، بات کرے تو جھوٹ بولے، وعدہ کرکے پورا نہ کرے اور جھگڑا کرے تو گالی گلوچ پر اترآئے۔

(صحیح بخاری، حدیث: 34)

 

حدیث: (329)ایمان کی دو اہم شاخیں

حضرت ابو امامہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نے فرمایا:

الحَيَاءُ وَالعِيُّ شُعْبَتَانِ مِنَ الإِيمَانِ، وَالبَذَاءُ وَالبَيَانُ شُعْبَتَانِ مِنَ النِّفَاقِ

حیا اور خاموشی ایمان کی دو شاخیں ہیں اور فحش گوئی اور زیادہ بولنا نفاق کی دو شاخیں ہیں۔

(سنن الترمذی، حدیث:2027)

 

حدیث: (330) نیکیاں کھانے والی برائی

حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم نے فرمایا:

إِيَّاكُمْ وَالْحَسَدَ، فَإِنَّ الْحَسَدَ يَأْكُلُ الْحَسَنَاتِ كَمَا تَأْكُلُ النَّارُ الْحَطَبَ

حسد سے بچو کیونکہ حسد نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جیسے آگ لکڑی کو۔

(سنن ابی داؤد، حدیث:4903)

 

حدیث: (331)بغض بہت خطرناک ہے

حضرت زبیر بن عوام رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نے فرمایا:

اگلی امتوں کی بیماری تمہاری طرف بھی آگئی

الْحَسَدُ، وَالْبَغْضَاءُ، وَالْبَغْضَاءُ هِيَ: الْحَالِقَةُ، حَالِقَةُ الدِّينِ لَا حَالِقَةُ الشَّعَرِ

وہ بیماری حسد و بغض ہے اور بغض مونڈنے والی بیماری ہے، میرا یہ مطلب نہیں کہ وہ بال مونڈتی ہے بلکہ وہ دین کو مونڈتی ہے۔

(مسند احمد، حدیث:1412)

Share:
keyboard_arrow_up