Zia ul Hadees

Total Pages: 116

Page 38 of 116

حدیث: (191) رسول اللّٰہ سوتے وقت کیا پڑھتے؟

حضرت جابر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے

أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ لَا يَنَامُ حَتَّى يَقْرَأَ الم تَنْزِيلُ، وَتَبَارَكَ الَّذِي بِيَدِهِ المُلْكُ

کہ رسول کریم سونے سے قبل سورۂ الم سجدہ اور سورہ ملک کی تلاوت فرمایا کرتے تھے۔

(سنن الترمذی، حدیث:2892)

 

حدیث: (192) عذاب قبرِ سے بچانے والی سورت

حضرت ابن عباس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ کسی صحابی نے ایک قبر پر خیمہ لگالیا ،انہیں قبر کی موجودگی کی خبر نہ تھی انہوں نے قبر میں سے سورۂ ملک کی تلاوت کی آواز سنی، انہوں نے نبی کریم کی خدمت میں یہ واقعہ عرض کیا،

تو آپ نے فرمایا:

هِيَ المَانِعَةُ، هِيَ المُنْجِيَةُ، تُنْجِيهِ مِنْ عَذَابِ القَبْرِ

یہ سورت بچانے والی اور نجات دلانے والی ہے، جو عذاب قبر سے اپنے پڑھنے والے کو نجات دے گی۔

(دیکھیے: سنن الترمذی، حدیث:2890)

 

حدیث: (193) محتاجی سے حفاظت کا وظیفہ

حضرت ابن مسعود رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ آقا و مولیٰ نے فرمایا:

مَنْ قَرَأَ الْوَاقِعَةَ كُلَّ لَيْلَةٍ لَمْ يَفْتَقِرْ

جو ہر رات سورہ واقعہ پڑھے گا وہ فقر و فاقہ اور محتاجی سے محفوظ رہے گا۔

(دیکھیے: شعب الایمان،حدیث:2267)

 

حدیث: (194) سورۃ فاتحہ، ہر مرض کی دوا

حضرت عبد الملک ابن عمیر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نے فرمایا:

فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ شِفَاءٌ مِنْ كُلِّ دَاءٍ

سورہ فاتحہ میں ہر بیماری کی دوا ہے۔

(سنن دارمی،حدیث: 3413)

 

حدیث: (195) اللّٰہ تعالیٰ کا ذکر کثرت سے کرو

حضرت ابو سعید خدری رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول معظم نے فرمایا:

أَكْثِرُوا ذِكْرَ اللهِ حَتَّى يَقُولُوا: مَجْنُونٌ

اللّٰہ تعالیٰ کو خوب یاد کیا کرو یہاں تک کہ لوگ تمہیں دیوانہ کہیں۔

(مسند احمد، حدیث: 11653)

 

حدیث: (196) اللّٰہ تعالیٰ کو تکبر نا پسند ہے

حضرت ابن عمر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رحمت دو عالم نے فرمایا:

مَنْ جَرَّ ثَوْبَهُ خُيَلاَءَ، لَمْ يَنْظُرِ اللّٰهُ إِلَيْهِ يَوْمَ القِيَامَةِ

جو کوئی اپنا کپڑا تکبر کی وجہ سے ٹخنوں سے نیچے رکھے اللّٰہ تعالیٰ قیامت کے دن اس پر نظر رحمت نہ فرمائے گا

ابو بکر صدیق رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ نے عرض کی: یارسول اللّٰہ میرا تہبند نیچے ہوجاتا ہے سوائے اس کے کہ میں اس کا بہت زیادہ خیال رکھوں؟

حضور نے فرمایا:

إِنَّكَ لَسْتَ تَصْنَعُ ذَلِكَ خُيَلاَءَ

تم ان لوگوں میں سے نہیں ہو جو یہ کام غرورو تکبر کی وجہ سے کرتے ہیں۔

(صحیح بخاری، حدیث: 3665)

 

حدیث: (197) سیاہ خضاب حرام ہے

حضرت ابن عباس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ غیب بتانے والے آقا نے فرمایا:

آخری زمانہ میں ایک قوم ہوگی جو کالے رنگ سے خضاب کیا کرے گی کبوتروں کے پوٹوں کی طرح سیاہ

لَا يَرِيحُونَ رَائِحَةَ الْجَنَّةِ

وہ لوگ جنت کی خوشبو بھی نہ پائیں گے۔

(سنن ابی داؤد، حدیث:4212)

 

حدیث: (198) بیس رکعت تراویح سنت ہے

حضرت یزید بن رومان رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ

كَانَ النَّاسُ يَقُومُونَ فِي زَمَانِ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ فِي رَمَضَانَ بِثَلَاثٍ وَعِشْرِينَ رَكْعَةً

صحابۂ کرام حضرت عمر فاروق رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کے دور میں ، ماہ رمضان میں تئیس رکعت (بیس رکعت تراویح اور تین وتر) پڑھا کرتے تھے۔

(موطا امام مالک، حدیث:5)

 

حدیث: ( 199) طواف کا اجرو ثواب

حضرت ابن عمر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نور مجسم نے فرمایا:

إِنَّ مَسْحَهُمَا كَفَّارَةٌ لِلْخَطَايَا وَسَمِعْتُهُ، يَقُولُ: مَنْ طَافَ بِهَذَا البَيْتِ أُسْبُوعًا فَأَحْصَاهُ كَانَ كَعِتْقِ رَقَبَةٍ وَسَمِعْتُهُ يَقُولُ:لَا يَضَعُ قَدَمًا وَلَا يَرْفَعُ أُخْرَى إِلَّا حَطَّ اللّٰهُ عَنْهُ خَطِيئَةً وَكَتَبَ لَهُ بِهَا حَسَنَةً

حجر اسود اور رکن یمانی دونوں پر ہاتھ پھیرنا گناہوں کی مغفرت کا ذریعہ ہے ، اور میں نے حضور علیہ السلام کو فرماتے ہوئے سنا: جس نے اللّٰہ تعالیٰ کے اس گھر کا سات بار خلوصِ نیت سے طواف کیا تو اسے ایک غلام آزاد کرانے کے برابر ثواب ہوگا،

نیز بندہ طواف کے دوران جب ایک قدم رکھے گا اور دوسرا قدم اٹھائے گا تو اللّٰہ تعالیٰ اس کے ہر قدم کے بدلے ایک گناہ معاف فرمائے گا اور ایک نیکی کا ثواب عطا فرمائے گا۔

(سنن الترمذی، حدیث:959)

Share:
keyboard_arrow_up