حدیث: (187) قبروں کی زیارت
حضرت ابن مسعود رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:
كُنْتُ نَهَيْتُكُمْ عَنْ زِيَارَةِ الْقُبُورِ، فَزُورُوهَا؛ فَإِنَّهَا تُزَهِّدُ فِي الدُّنْيَا، وَتُذَكِّرُ الْآخِرَةَ
میں نے تم لوگوں کو قبروں کی زیارت سے منع کیا تھا تو اب میں تمہیں اجازت دیتا ہوں کہ ان کی زیارت کرو کیونکہ قبروں کی زیارت کرنا دنیا سے بے رغبتی پیدا کرتا ہے اور آخرت کی یاد دلاتا ہے۔
(ابن ماجہ،حدیث:1571)
حدیث: (188) شب برأت کی فضیلت
حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
إِذَا كَانَتْ لَيْلَةُ النِّصْفِ مِنْ شَعْبَانَ، فَقُومُوا لَيْلَهَا وَصُومُوا نَهَارَهَا، فَإِنَّ اللّٰهَ يَنْزِلُ فِيهَا لِغُرُوبِ الشَّمْسِ إِلَى سَمَاءِ الدُّنْيَا، فَيَقُولُ: أَلَا مِنْ مُسْتَغْفِرٍ لِي فَأَغْفِرَ لَهُ أَلَا مُسْتَرْزِقٌ فَأَرْزُقَهُ أَلَا مُبْتَلًى فَأُعَافِيَهُ أَلَا كَذَا أَلَا كَذَا، حَتَّى يَطْلُعَ الْفَجْرُ
جب شعبان کی پندرہویں رات ہو تو رات کو قیام کرو اور دن کو روزہ رکھو کیونکہ غروب آفتاب کے وقت سے اللہ تعالیٰ کی رحمت آسمان دنیا پر نازل ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے کہ ہے کوئی مغفرت طلب کرنے والا تاکہ میں اسے بخش دوں، ہے کوئی رزق مانگنے والا تاکہ میں اس کو رزق دوں، ہے کوئی مصیبت زدہ تاکہ میں اس کو مصیبت سے نجات دوں یہ اعلان طلوع فجر تک ہوتا رہتا ہے۔
( سنن ابن ماجہ، حدیث:1388)
حدیث: (189) اللّٰہ تعالیٰ سے حیا کا حق
حضرت عبداللّٰہ ابن مسعود رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے صحابہ کرام سے فرمایا:
اسْتَحْيُوا مِنَ اللّٰهِ حَقَّ الحَيَاءِ
اللّٰہ تعالیٰ سے حیا کرو جیسے حیا کرنے کا حق ہے۔
انہوں نے عرض کی: یا نبی اللّٰہ ! خدا کا شکر ہے کہ ہم اس سے غیرت و حیا کرتے ہیں،
حضورﷺ نے فرمایا:
وَلَكِنَّ الِاسْتِحْيَاءَ مِنَ اللّٰهِ حَقَّ الحَيَاءِ أَنْ تَحْفَظَ الرَّأْسَ وَمَا وَعَى، وَالبَطْنَ وَمَا حَوَى، وَلْتَذْكُرِ المَوْتَ وَالبِلَى، وَمَنْ أَرَادَ الآخِرَةَ تَرَكَ زِينَةَ الدُّنْيَا، فَمَنْ فَعَلَ ذَلِكَ فَقَدْ اسْتَحْيَا مِنَ اللّٰهِ حَقَّ الحَيَاء
لیکن اللّٰہ تعالیٰ سے پوری غیرت یہ ہے کہ وہ سر اور اس میں محفوظ چیزوں اور پیٹ اور اس میں موجود چیزوں کی حفاظت کرے (یعنی انہیں تمام گناہوں سے بچائے) اور موت اور گل جانے کو یاد رکھے ، جو آخرت چاہتا ہے وہ دنیا کی زینت چھوڑ دیتا ہے ، جس نے اِن باتوں پر عمل کیا اس نے اللّٰہ تعالیٰ سے غیرت و حیا کا حق ادا کیا۔
(سنن الترمذی، حدیث: 2458)
حدیث: (190) سورہ یٰسن کی فضیلت
حضرت انس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا:
إِنَّ لِكُلِّ شَيْءٍ قَلْبًا، وَقَلْبُ القُرْآنِ يس، وَمَنْ قَرَأَ يس كَتَبَ اللّٰهُ لَهُ بِقِرَاءَتِهَا قِرَاءَةَ القُرْآنِ عَشْرَ مَرَّاتٍ
ہر چیز کا ایک دل ہے اور قرآن کا دل سورہ ٔ یٰس ہے ، سورہ ٔ یٰس پڑھنے والے کو دس بار قرآن پاک کی تلاوت کا ثواب دیا جاتا ہے۔ (سنن الترمذی، حدیث:2887)

