حدیث:( 132) تحیۃ المسجد کی فضیلت
حضرت ابو قتادہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
إِذَا دَخَلَ أَحَدُكُمُ المَسْجِدَ فَلْيَرْكَعْ رَكْعَتَيْنِ قَبْلَ أَنْ يَجْلِسَ
جب تم میں سے کوئی مسجد میں داخل ہو تو دو رکعت پڑھے بغیر نہ بیٹھے۔
(صحیح بخاری ، حدیث: 444)
حدیث: (133) صلاۃ الاشراق، کفارۂ سیآت
حضرت معاذ بن انس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ نور مجسم ﷺ نے فرمایا:
جو شخص نماز فجر سے فارغ ہو تو نماز کی جگہ بیٹھا رہے یہاں تک کہ اشراق کے نفل پڑھ لے، صرف خیر ہی بولے
غُفِرَ لَهُ خَطَايَاهُ، وَإِنْ كَانَتْ أَكْثَرَ مِنْ زَبَدِ الْبَحْرِ
تو اس کے (صغیرہ) گناہ بخش دئیے جائیں گے اگرچہ سمندر کی جھاگ سے زیادہ ہوں۔
(سنن ابی داؤد،حدیث: 1287)
حدیث: (134) نمازِ چاشت اور حضور ﷺ کی وصیت
حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ مجھے میرے محبوب ﷺ نے تین باتوں کی وصیت کی:
صَوْمِ ثَلاَثَةِ أَيَّامٍ مِنْ كُلِّ شَهْرٍ، وَصَلاَةِ الضُّحَى، وَنَوْمٍ عَلَى وِتْرٍ
ہر ماہ تین روزے رکھنے کی ، چاشت کی دو رکعتوں کی اور سونے سے پہلے وتر پڑھنے کی۔
(صحیح بخاری ، حدیث: 1178)
حدیث: (135) مشکل کشائی کے لیے نماز کا وسیلہ اختیار کرنا
حضرت حذیفہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ:
كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا حَزَبَهُ أَمْرٌ، صَلَّى
نبی اکرم ﷺ کو جب کوئی مشکل معاملہ پیش آتا تو آپ نماز پڑھتے۔
(سنن ابی داؤد، حدیث:1319)
حدیث: (136) عمر بھر میں ایک بار تو پڑھ ہی لو!
حضور ﷺ نے حضرت عباس بن عبد المطلب رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے فرمایا:
اے چچا! کیا میں تمہیں کچھ عطا نہ کروں کہ
إِذَا أَنْتَ فَعَلْتَ ذَٰلِكَ، غَفَرَ ٱللّٰهُ لَكَ ذَنْبَكَ أَوَّلَهُ وَآخِرَهُ، وَقَدِيمَهُ وَحَدِيثَهُ، وَخَطَأَهُ وَعَمْدَهُ، وَصَغِيرَهُ وَكَبِيرَهُ، وَسِرَّهُ وَعَلَانِيَتَهُ
جب تم وہ کرلو تو اللّٰہ تعالیٰ تمہارے اگلے پچھلے، نئے پرانے ، دانستہ و نادانستہ ، چھوٹے بڑے، ظاہرہ پوشیدہ (صغیرہ گناہ) معاف فرمادے۔
تم چار رکعت اس طرح پڑھو کہ ہر رکعت میں ثناء کے بعد پندرہ بار یہ پڑھو ’’سبحان اللّٰہ والحمد للّٰہ ولا الہ الا اللّٰہ واللّٰہ اکبر‘‘ پھر سورۃ فاتحہ اور کوئی سورہ پڑھ کر یہی دس بار پڑھو ،رکوع میں دس بار ،پھر رکوع سے کھڑے ہو کر دس بار ، پھر سجدہ میں دس بار ، پھر سجدہ سے سر اٹھا کر دس بار اور پھر دوسرے سجدہ میں دس بار یہ کلمہ پڑھو ، ایسا ہی چاروں رکعتوں میں کرو۔ اگر ہو سکے تو ہر دن میں یہ نماز ایک بار پڑھ لو اگر یہ نہ کرسکو تو ہفتے میں ایک بار ،اگر یہ بھی نہ کرسکو تو ہر سال میں ایک بار اور اگر یہ بھی نہ کرسکو تو عمر میں ایک بار یہ نماز پڑھ لو ۔
(دیکھیے: غنیۃ الممتلی، ص431)

