Zia ul Hadees

Total Pages: 116

Page 26 of 116

حدیث:( 117) نماز کی اہمیت

حضرت جابر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ  سے روایت ہے کہ نبی کریم  نے فرمایا:

بَيْنَ العَبْدِ وَبَيْنَ الكُفْرِ تَرْكُ الصَّلَاةِ

بندے (کے اسلام) اور کفر کے درمیان فرق نماز چھوڑنا ہے۔

(سنن الترمذی، حدیث: 2620)

 

حدیث: (118) پانچوں نمازوں کی پابندی

حضرت عبادہ بن صامت رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ آقا و مولیٰ کا ارشاد ہے:

خَمْسُ صَلَوَاتٍ افْتَرَضَهُنَّ اللّٰهُ تَعَالَى مَنْ أَحْسَنَ وُضُوءَهُنَّ وَصَلَّاهُنَّ لِوَقْتِهِنَّ وَأَتَمَّ رُكُوعَهُنَّ وَخُشُوعَهُنَّ كَانَ لَهُ عَلَى اللّٰهِ عَهْدٌ أَنْ يَغْفِرَ لَهُ

اللّٰہ تعالیٰ نے پانچ نمازیں فرض کی ہیں جو ان کے لیے اچھی طرح وضو کرے اور انہیں صحیح وقت پر ادا کرے اور ان کا رکوع و خشوع بھی پورا کرے تو اس کے لیے اللّٰہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ اس کی مغفرت فرمادے۔

اور جو ایسا نہ کرے تو اس کے لیے اللّٰہ تعالیٰ کا وعدہ نہیں چاہے تو اسے بخش دے، چاہے تو عذاب دے۔ (سنن ابی داؤد ، حدیث: 425)

 

حدیث:( 119) باجماعت نماز کی اہمیت

حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہےکہ محبوب کبریا  نے فرمایا:

لَقَدْ هَمَمْتُ أَنْ آمُرَ فِتْيَانِي أَنْ يَسْتَعِدُّوا لِي بِحُزَمٍ مِنْ حَطَبٍ، ثُمَّ آمُرَ رَجُلًا يُصَلِّي بِالنَّاسِ، ثُمَّ تُحَرَّقُ بُيُوتٌ عَلَى مَنْ فِيهَا

میرا دل چاہتا ہے کہ چند جوانوں سے کہوں کہ بہت سا ایندھن جمع کرکے لائیں پھر میں کسی کو نماز پڑھانے کا حکم دوں پھر ان گھروں کو جلا دو جن میں لوگ بلاعذر نمازیں پڑھتے ہیں۔

(دیکھیے: صحیح مسلم، حدیث: 253(651))

 

حدیث:( 120) مقبول دعا کون سی ہے؟

حضرت ابو امامہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ صحابہ کرام نے عرض کی:

یارسول اللّٰہ کون سی دعا زیادہ قبول ہوتی ہے؟

فرمایا:

جَوْفَ اللَّيْلِ الآخِرِ، وَدُبُرَ الصَّلَوَاتِ المَكْتُوبَاتِ

پچھلی رات کے درمیان کی دعا اور فرض نمازوں کے بعد کی دعا۔(دیکھیے: سنن الترمذی ، حدیث: 3499)

 

حدیث: (121) نماز میں خشوع و خضوع ضروری ہے

حضرت انس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللّٰہ نے فرمایا:

أَتِمُّوا الرُّكُوعَ وَالسُّجُودَ، فَوَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ، إِنِّي لَأَرَاكُمْ مِنْ بَعْدِ ظَهْرِي

رکوع اور سجدے پورے کرو، خدا کی قسم میں تم کو اپنے پیچھے سے بھی دیکھتا ہوں۔

(صحیح بخاری ، حدیث: 6644)

 

حدیث: (122) ناف کے نیچے ہاتھ باندھنا

حضرت ابو جحیفہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ نے فرمایا:

مِنَ السُّنَّةِ وَضْعُ الْكَفِّ عَلَى الْكَفِّ فِي الصَّلَاةِ تَحْتَ السُّرَّةِ

سنت یہ ہے کہ نماز میں ناف کے نیچے ہاتھ پر ہاتھ رکھا جائے۔

(سنن ابی داؤد،حدیث:756)

 

حدیث: (123) امام کے پیچھے قرأت نہ کی جائے

حضرت جابر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول معظم نے فرمایا:

مَنْ كَانَ لَهُ إِمَامٌ، فَقِرَاءَةُ الْإِمَامِ لَهُ قِرَاءَةٌ

جو شخص امام کے پیچھے نماز پڑھے، امام کی قرأت اسی شخص کی قرأت ہے۔

(سنن ابن ماجہ، حدیث: 850)

 

حدیث:( 124) نماز میں رفع یدین نہ کیا جائے

حضرت عبد اللّٰہ بن مسعود رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا:

کیا میں تمہیں رسول مکرم کی نماز پڑھ کر نہ دکھاؤں:

فَصَلَّى، فَلَمْ يَرْفَعْ يَدَيْهِ إِلَّا فِي أَوَّلِ مَرَّةٍ

پھر آپ نے نماز ادا کی تو پہلی بار تکبیر تحریمہ کے سوا رفع یدین نہ کیا۔

(سنن الترمذی ، حدیث: 257)

Share:
keyboard_arrow_up