حدیث:( 112) اذان کی فضیلت
حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
لَوْ يَعْلَمُ النَّاسُ مَا فِي النِّدَاءِ وَالصَّفِّ الأَوَّلِ، ثُمَّ لَمْ يَجِدُوا إِلَّا أَنْ يَسْتَهِمُوا عَلَيْهِ لاَسْتَهَمُوا
اگر لوگوں کو معلو م ہوتا کہ اذان کہنے اور پہلی صف میں کھڑا ہونے کا کتنا ثواب ہے تو وہ (قرعہ اندازی کے بغیر اسے پانہ سکتے اور) ضرور قرعہ اندازی کرتے ۔
اور اگر جانتے کہ نماز کے لیے جلدی آنے کا کیا ثواب ہے تو اس کی طرف دوڑ کر آتے۔
اور اگرجانتے کہ عشاء اور فجر میں کیا ثواب ہے تو ان میں گھسٹتے ہوئے بھی پہنچتے۔(صحیح بخاری ، حدیث: 615)
حدیث:( 113) اذان کا جواب
حضرت عبد اللّٰہ بن عمرو بن عاص رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ آقا و مولیٰ ﷺ نے فرمایا:
جب تم اذان سنو تو اسی طرح کہو جس طرح موذن کہتا ہے ، مجھ پر درود بھیجو بے شک جو مجھ پر ایک بار درود بھیجتا ہے اللّٰہ تعالیٰ اس کے بدلے میں اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے پھر اللّٰہ تعالیٰ سے میرے لیے وسیلہ طلب کرو کیونکہ وہ جنت کی ایک منزل ہے وہ اللّٰہ تعالیٰ کے بندوں میں سے صرف ایک بندے کے لائق ہے
وَأَرْجُو أَنْ أَكُونَ أَنَا هُوَ، فَمَنْ سَأَلَ لِي الْوَسِيلَةَ حَلَّتْ لَهُ الشَّفَاعَةُ
اور مجھے امید ہے کہ وہ میں ہی ہوں، پس جس نے میرے لیے وسیلہ طلب کیا اس کے لیے میری شفاعت واجب ہوگئی۔
(صحیح مسلم ،حدیث: 11(384))
حدیث:( 114) انگوٹھے چومنا مستحب ہے
حضرت امام ابو طالب محمد بن علی مکی رحمۃ اللّٰہ علیہ حضرت ابن عیینہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ:
نبی کریم ﷺ مسجد میں تشریف لائے اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ نے (اذان میں کلمہ شہادت سن کر) اپنے دونوں ہاتھ کے انگوٹھوں کو چوم کر آنکھوں پر لگایا اورکہا:
قرۃ عینی بک یارسول اللّٰہ،
جب حضرت بلال رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ اذان سے فارغ ہوئے۔
تو نبی کریم ﷺنے فرمایا:
اے ابو بکر جو تم نے میری ملاقات کے شوق پر پڑھا اور جو تم نے عمل کیا اسی طرح جو شخص بھی پڑھے گا اور ایسا ہی عمل کرے گا اس کے نئے اور پرانے، خطاً اور عمداً ظاہر و باطن گناہ اللّٰہ تعالیٰ معاف فرمائے گا۔ (تفسیر روح البیان ،229/7، الاحزاب، تحت الآیۃ: 56)
حدیث:( 115) مسجد بنانے والے کا اجر
حضرت عثمان بن عفان رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نور مجسم ﷺ نے فرمایا:
مَنْ بَنَى مَسْجِدًا لِلَّهِ تَعَالَى بَنَى اللهُ لَهُ بَيْتًا فِي الْجَنَّةِ
جو اللّٰہ تعالیٰ کے لیے مسجد بنائے گا اللّٰہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں گھر بنائے گا۔
(دیکھیے: صحیح مسلم، حدیث: 24(533))
حدیث:( 116) مساجد آباد کرنا
حضرت ابو سعید خدری رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول معظم ﷺ نے فرمایا :
إِذَا رَأَيْتُمُ الرَّجُلَ يَتَعَاهَدُ المَسْجِدَ فَاشْهَدُوا لَهُ بِالإِيمَانِ
جب تم کسی کو مسجدوں میں (نماز باجماعت کے لیے) آتے جاتے دیکھو توا س کے مومن ہونے کی گواہی دو۔
(سنن الترمذی، حدیث: 2617)

