حدیث: (102) علم دین سیکھنا فرض ہے
حضرت انس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول معظم ﷺ نے فرمایا:
طَلَبُ الْعِلْمِ فَرِيضَةٌ عَلَى كُلِّ مُسْلِمٍ
علم دین سیکھنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔
(سنن ابن ماجہ،حدیث: 224)
حدیث:( 103) طالب علم اور عالم دین کی فضیلت
حضرت قیس بن کثیر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ:
میں حضرت ابو درداء رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ دمشق کی مسجد میں بیٹھا ہوا تھا کہ ان کے پاس ایک آدمی آیا اور بولا:
اے ابو درداء! میں رسول ﷺ کے مدینہ سے آپ کے پاس صرف ایک حدیث سننے آیا ہوں، جسے آپ حضور ﷺ سے روایت کرتے ہیں، اس کے علاوہ مجھے کوئی کام نہیں،
آپ رضی اللّٰہ عنہ نے فرمایا:میں نے رسول اللّٰہ ﷺ کو فرماتے سنا کہ:
مَنْ سَلَكَ طَرِيقًا يَبْتَغِي فِيهِ عِلْمًا سَلَكَ اللّٰهُ بِهِ طَرِيقًا إِلَى الجَنَّةِ، وَإِنَّ المَلَائِكَةَ لَتَضَعُ أَجْنِحَتَهَا رِضَاءً لِطَالِبِ العِلْمِ، وَإِنَّ العَالِمَ لَيَسْتَغْفِرُ لَهُ مَنْ فِي السَّمَوَاتِ وَمَنْ فِي الأَرْضِ حَتَّى الحِيتَانُ فِي المَاءِ، وَفَضْلُ العَالِمِ عَلَى العَابِدِ، كَفَضْلِ القَمَرِ عَلَى سَائِرِ الكَوَاكِبِ، إِنَّ العُلَمَاءَ وَرَثَةُ الأَنْبِيَاءِ، إِنَّ الأَنْبِيَاءَ لَمْ يُوَرِّثُوا دِينَارًا وَلَا دِرْهَمًا إِنَّمَا وَرَّثُوا العِلْمَ، فَمَنْ أَخَذَ بِهِ أَخَذَ بِحَظٍّ وَافِرٍ
جو شخص علم دین طلب کرنے کے لیے کسی راستے پر چلے گا، اللّٰہ تعالیٰ اسے جنت کے راستوں میں سے کسی راستہ پر چلائے گا اور بے شک فرشتے طالب علم کی خوشنودی کے لیے اپنے پر بچھادیتے ہیں اور بے شک آسمان و زمین کی تمام مخلوق اور پانی میں مچھلیاں اس کے لیے دعائے مغفرت کرتی رہتی ہیں اور یقیناً عالم کی فضیلت عابد پر وہی ہے جو چودھویں رات کے چاند کی تمام ستاروں پر اور بیشک علماء انبیاء علیہم السلام کے وارث ہیں اور انبیاء علیہم السلام نے کسی کو دینار و درہم کا وارث نہیں بنایا ہے بلکہ ان کی میراث صرف علم ہے تو جس نے علم حاصل کیا اس نے بہت بڑا حصہ پایا۔ ( سنن الترمذی ،حدیث: 2682)
حدیث:(104) دو افراد قابل فخر ہیں
حضرت ابن مسعود رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سرور عالم ﷺ نے فرمایا:
صرف دو اشخاص قابل رشک ہیں: ایک وہ جسے اللّٰہ تعالیٰ نے مال دیا اور وہ اسے اپنے اہل و عیال پر حق طریقے سے خرچ کرتا ہے۔
اور دوسرا وہ جسے اللّٰہ تعالیٰ نے علم دین دیا تو وہ اس کے مطابق فیصلے کرتا ہے اور دوسروں کو علم دین سکھاتا ہے۔
(صحیح بخاری ، حدیث:1409)

