حدیث: (90) انبیاء کرام کی میراث نہیں ہوتی
حضرت ابو بکر صدیق رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا:
لاَ نُوَرَّثُ، مَا تَرَكْنَا صَدَقَةٌ
ہماری (یعنی انبیاء کرام کی) میراث (ہمارے وصال کے بعد) تقسیم نہیں ہوتی بلکہ جو کچھ ہم چھوڑیں وہ صدقہ ہے۔
(دیکھیے: صحیح بخاری ، حدیث: 3093)
حدیث: (91) سیدنا صدیق اکبر کو حضور ﷺ نے خلیفہ بنایا
حضرت جبیر بن مطعم رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ:
ایک عورت بارگاہ نبوی میں حاضر ہوئی اور کسی معاملے میں گفتگو کرتی رہی آپ ﷺ نے اسے دوبارہ آنے کے لیے فرمایا:
وہ عرض گزار ہوئی: یارسول اللّٰہ ﷺ!اگر میں آؤں اور آپ کو نہ پاؤں تو؟ گویا وہ آپ کی وفات کے بارے میں کہہ رہی تھی،
آپ ﷺ نے فرمایا:
إِنْ لَمْ تَجِدِينِي فَأْتِي أَبَا بَكْرٍ
اگر تم مجھے نہ پاؤ تو ابو بکر (رضی اللّٰہ عنہ) کے پاس آجانا۔
(صحیح بخاری ، حدیث: 3659)
حدیث: (92) سیدنا عمر رضی اللّٰہ عنہ کی فضیلت
حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سرکار دو عالم ﷺ نے حضرت عمر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کو فرمایا:
وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ، مَا لَقِيَكَ الشَّيْطَانُ قَطُّ سَالِكًا فَجًّا إِلَّا سَلَكَ فَجًّا غَيْرَ فَجِّكَ
اس کی قسم جس کے قبضہ میں میری جان ہے، شیطان جس راستے پر تمہیں چلتا ہوا دیکھ لیتا ہے وہ تم سے ڈر کر وہ راستہ ہی چھوڑدیتا ہے۔
(دیکھئے:صحیح بخاری ، حدیث: 3294)
حدیث: (93) سیدنا عثمان رضی اللّٰہ عنہ کی فضیلت
سیدتنا عائشہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہا سے طویل روایت میں ہے کہ:
رسول معظم ﷺ گھر میں پنڈلیاں کھولے آرام فرما تھے کہ حضرات ابو بکر و عمر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما تشریف لائے آپ اسی حالت میں آرام فرما رہے مگر جب حضرت عثمان غنی رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ تشریف لائے تو آپ بیٹھ گئے اور اپنے کپڑے درست کیے میرے پوچھنے پر ارشاد فرمایا:
أَلَا أَسْتَحِي مِنْ رَجُلٍ تَسْتَحِي مِنْهُ الْمَلَائِكَةُ
میں اس شخص سے کیوں نہ حیا کروں جس سے فرشتے بھی حیا کرتے ہیں۔ (دیکھیے: صحیح مسلم ، حدیث: 36(2401))
حدیث: (94) سیدنا علی رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ کی فضیلت
حضرت زید بن ارقم رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ آقا و مولیٰ ﷺ نے فرمایا:
مَنْ كُنْتُ مَوْلَاهُ فَعَلِيٌّ مَوْلَاهُ
جس کا میں مولیٰ ہوں اس کے علی (رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ) بھی مولیٰ ہیں۔ (دیکھیے: سنن الترمذی ، حدیث: 3713)
حدیث: (95) صحابہ کرام کی توہین کا مرتکب لعنتی ہے
حضرت ابن عمر رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:
إِذَا رَأَيْتُمُ الَّذِينَ يَسُبُّونَ أَصْحَابِي فَقُولُوا: لَعْنَةُ اللّٰهِ عَلَى شَرِّكُمْ
جب تم ان کو دیکھو جو میرے صحابہ کو برا کہتے ہیں تو کہو: اللّٰہ تعالیٰ کی لعنت ہو تمہارے شر پر۔ (سنن الترمذی ، حدیث: 3866)
حدیث: (96) امام حسن و امام حسین رضی اللّٰہُ عنہما کی فضیلت
حضرت ابو سعید خدری رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا:
الحَسَنُ وَالحُسَيْنُ سَيِّدَا شَبَابِ أَهْلِ الجَنَّةِ
حسن اور حسین (رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما) جنتی جوانوں کے سردار ہیں۔
(سنن الترمذی ، حدیث: 3768)
حدیث: (97) اہل بیت سے محبت
حضرت ابن عباس رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نور مجسم ﷺ نے فرمایا:
أَحِبُّوا اللّٰهَ لِمَا يَغْذُوكُمْ مِنْ نِعَمِهِ وَأَحِبُّونِي بِحُبِّ اللّٰهِ وَأَحِبُّوا أَهْلَ بَيْتِي لِحُبِّي
اللّٰہ تعالیٰ سے محبت کرو کہ وہ تمہیں اپنی نعمت سے رزق دیتا ہے اور اللّٰہ تعالیٰ کی محبت کے لیے مجھ سے محبت کرو اور میری محبت کے لیے میرے اہل بیت سے محبت کرو۔
(سنن الترمذی ، حدیث: 3789)

