Zia ul Hadees

Total Pages: 116

Page 16 of 116

حدیث:( 63) شرعی احکام میں رسول اللّٰہ کے اختیارات

حضرت نصر بن عاصم لیثی رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ اپنے خاندان کے ایک شخص کے واسطہ سے روایت کرتے ہیں کہ:وہ آپ ﷺ  کی خدمت میں حاضر ہوئے اور

فَأَسْلَمَ عَلَى أَنْ يُصَلِّيَ صَلَاتَيْنِ فَقَبِلَ مِنْهُ

اس شرط پر اسلام لائے کہ صرف دو نمازیں پڑھا کریں گے

تو حضور ﷺ  نے ان کی اس شرط کو قبول فرما لیا۔

(مسند احمد،حدیث: 23079)

 

حدیث:( 64) حضور مالک شریعت ہیں۔

حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ الکریم سے روایت ہے کہ صحابہ نے عرض کی:

یارسول اللّٰہ !کیا ہر سال حج فرض ہے؟

فرمایا :

لَا، وَلَوْ قُلْتُ: نَعَمْ، لَوَجَبَتْ

نہیں اور اگر میں ہاں کہہ دیتا تو ہر سال حج فرض ہوجاتا ہے۔ (دیکھیے: سنن ابن ماجہ، حدیث: 2884)

 

حدیث:( 65) اختیار مصطفی

حضرت ابو ہریرہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی بارگاہ نبوی میں حاضر ہوا اور عرض کی میں ہلاک ہوگیا میں نے روزے کی حالت میں بیوی سے صحبت کی آپ نے فرمایا:

ایک غلام آزاد کردو ،اس نے عرض کی میرے پاس غلام نہیں ہے

فرمایا: متواتر دو ماہ کے روزے رکھو ،عرض کی: اس کی بھی طاقت نہیں ہے ،

فرمایا: تو پھر ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلادو، عرض کی اتنی مالی استطاعت نہیں ہے۔

اتنے میں حضور کی بارگاہ میں ایک ٹوکرا پیش کیا گیا جس میں کچھ کھجوریں تھیں آپ نے اس سے فرمایا: یہ کھجوریں خیرات کردو ، اس نے عرض کی: یارسول اللّٰہ ! اللّٰہ تعالیٰ کی قسم ان دونوں وادیوں کے درمیان کوئی گھر ہم سے زیادہ غریب نہیں ،

فَضَحِكَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَتَّى بَدَتْ نَوَاجِذُهُ، قَالَ:أَطْعِمْهُ عِيَالَكَ

رحمت عالم نے تبسم فرمایا یہاں تک کہ آپ کی مبارک ڈاڑھیں نظر آنے لگیں پھر آپ نے فرمایا : یہ کھجوریں تم خود ہی رکھ لو (تمہارے گناہ کا کفارہ ہوجائے گا)۔

(دیکھیے: صحیح بخاری، حدیث: 6709)

حدیث:( 66) اللّٰہ تعالیٰ حضور کی رضا چاہتا ہے۔

قَالَ: يَا جِبْرِيلُ، اذْهَبْ إِلَى مُحَمَّدٍ، فَقُلْ: إِنَّا سَنُرْضِيكَ فِي أُمَّتِكَ، وَلَا نَسُوءُكَ

حضرت عبد اللّٰہ بن عمرو بن عاص رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ:

حضور نے اپنی امت کے لیے مغفرت کی دعا کی، اس دعا میں حضور رو دیے تو اللّٰہ تعالیٰ نے جبریل امین کو حکم دیا:

تم حضرت محمد کے پاس جاؤ اور رونے کا سبب پوچھو، حضورنے فرمایا:

میرے رونے کا سبب میری امت کی فکر ہے ،

اس پر اللّٰہ تعالیٰ نے حضرت جبریل امین سے فرمایا: ہماری طرف سے ہمارے حبیب حضرت محمدسے کہو :

تمہاری امت کے بارے میں ہم تمہیں راضی کردیں گے اور رنجیدہ نہیں کریں گے۔ (دیکھیے :صحیح مسلم ،حدیث: 346(202))

 

حدیث: (67) حضور ساری کائنات کے مالک و مختار ہیں

حضرت ربیعہ بن کعب اسلمی رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ:

میں حضور کی خدمت میں رات کو حاضر رہتا۔ ایک شب حضورکے لیے آبِ وضو وغیرہ ضروریات حاضر کیں رحمت عالم کا دریائے رحمت جوش میں آیا

ارشاد فرمایا: مانگ کیا مانگتا ہے؟ میں نے عرض کی:

أَسْأَلُكَ مُرَافَقَتَكَ فِي الْجَنَّةِ

میں جنت میں آپ کی رفاقت کا طالب ہوں

فرمایا: کچھ اور؟

میں نے عرض کی: بس میری مراد صرف یہی ہے،

سید عالم نے فرمایا: تو اپنے نفس پر کثرت سجود سے میری اعانت کر۔ (صحیح مسلم ، حدیث: 226(489))

Share:
keyboard_arrow_up