Khatm e Nubuwat

Total Pages: 115

Page 86 of 115

اب چند احادیثِ مبارکہ تحریر کی جاتی ہیں جن میں حضرت عیسیٰ بن مریم علیہما لسلام کے نازل ہونے اور آپ کی بعض صفات کا بیان ہے۔

1۔حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ آقا ومولیٰ  نے فرمایا،

’’اُس ذات کی قسم جس کے قبضے میں میری جان ہے! عنقریب تم میں ابنِ مریم اتریں گے جو انصاف سے فیصلے کریں گے، صلیب کو توڑ دیں گے، خنزیر کو قتل کریں گے، جزیہ موقوف کردیں گے اور اُس وقت مال اتنا زیادہ ہوجائے گا کہ کوئی بھی اسے قبول نہ کرے گا(کیونکہ ہر شخص خوشحال ہوگا)‘‘۔

2۔حضرت نواس بن سمعان سے ایک طویل روایت میں ہے کہ غیب بتانے والے آقا کریم  نے فرمایا،

’’جب اللّٰہ تعالیٰ حضرت مسیح بن مریم کو بھیجے گا تو وہ دمشق کے مشرق میں سفید مینار کے پاس زرد رنگ کی چادریں پہنے، دو فرشتوں کے کندھوں پر ہاتھ رکھے ہوئے نازل ہونگے۔ جب حضرت عیسیٰ اپنا سر جھکائیں گے تومحسوس ہوگا کہ قطرے ٹپک رہے ہیں اور جب وہ سر اُٹھائیں گے تو موتیوں کی طرح قطرے ڈھلکتے نظر آئیں گے۔ جس کافر تک بھی ان کی خوشبو پہنچے گی ، وہ زندہ نہ رہے گا اور ان کی خوشبو حدِّ نظر تک پہنچے گی۔ وہ دجال کو تلاش کریں گے اور بابِ لُدّ پر اس کو قتل کردیں گے ‘‘۔

3۔حضرت عبداللّٰہ بن عمرو سے روایت ہے کہ نبی کریم کا ارشاد ہے،

’’دجال کے نکلنے کے بعد اللّٰہ تعالیٰ حضرت عیسیٰ بن مریم کو مبعوث فرمائے گا جو عروہ بن مسعود کے مشابہ ہونگے۔ وہ دجال کو تلاش کر کے ہلاک کر دیں گے‘‘۔

4۔حضرت جابر سے روایت ہے کہ غیب بتانے والے آقا کریم  نے فرمایا،

’’میری امت کا ایک گروہ ہمیشہ حق کے لئے لڑتا رہے گا اور قیامت تک حق پر قائم رہے گا۔ جب عیسیٰ بن مریم نازل ہونگے تو مسلمانوں کا امیر کہے گا، آئیے ہمیں نماز پڑھائیے۔ تو وہ فرمائیں گے ، نہیں تم ہی آپس میں ایک دوسرے کے امام ہو۔ آقا و مولیٰ نے فرمایا، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یہ ارشاد اِس امت کی فضیلت ظاہر کرنے کے لئے ہوگا۔

5۔حضرت ابوامامہ باہلی سے طویل روایت میں ہے کہ حضور نے فرمایا،

’’جس وقت مسلمانوں کا امام نمازِ فجر پڑھانے کے لئے آگے بڑھے گا،اُسی وقت عیسیٰ علیہ السلام آسمان سے اتریں گے۔ وہ امام آپ کو دیکھ کر پیچھے ہٹنا چاہے گا تو آپ اس کے کندھوں پر ہاتھ رکھ کر فرمائیں گے، تم نماز پڑھاؤ کیونکہ تمہارے لئے اقامت کہی گئی ہے۔ پس وہ امام (مہدی) لوگوں کو نماز پڑھائیں گے‘‘۔

6۔حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ رسولِ معظم نورِ مجسم  نے فرمایا،

’’اُس وقت تمہاری کیا شان ہوگی جب عیسیٰ بن مریم علیہما السلام نازل ہوں گے اور تمہارا ایک فرد ہو کر امامت فرمائیں گے‘‘۔بقول راوی: یعنی تمہارے رب کی کتاب اور تمہارے نبی کی سنت کے مطابق امامت فرمائیں گے۔

7۔حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ غیب بتانے والے آقا نے فرمایا،

’’میرے اور عیسیٰ علیہ السلام کے درمیان کوئی نبی نہیں ہے اور بیشک وہ نازل ہونگے۔ جب تم انہیں دیکھو تو پہچان لینا کہ درمیانے قد کے ہیں، ان کا رنگ سرخ وسفیدی مائل ہے۔دو زرد رنگ کے کپڑے پہنے ہونگے۔ دیکھنے والے کو یوں محسوس ہوگا کہ ان کے سر سے پانی ٹپکنے والا ہے حالانکہ وہ بھیگے ہوئے نہ ہونگے۔ وہ اسلام کے لئے لوگوں سے جنگ کریں گے، صلیب کو توڑ دیں گے ، خنزیر کو قتل کریں گے اور جزیہ موقوف کر دیں گے۔ ان کے زمانے میں دین اسلام کے سوا باقی دین ختم ہوجائیں گے۔ وہ دجال کو قتل کریں گے اور چالیس سال تک زمین پر رہنے کے بعد وصال فرمائیں گے، پھر مسلمان ان کی نمازِ جنازہ پڑھیں گے‘‘۔

8۔آپ ہی سے مروی ہے کہ آقا ومولیٰ نے یہ بھی فرمایا،

’’خبردار! میرے اور عیسیٰ بن مریم کے درمیان نہ کوئی نبی ہے اور نہ کوئی رسول۔ آگاہ ہوجاؤ! وہ میرے بعد میری امت میں میرے خلیفہ ہونگے‘‘۔

Share:
keyboard_arrow_up