Imam e Azam

Author: Allama Syed Shah Turab ul Haq Qadri

Total Pages: 168

Page 10 of 168
جہا ں تک سواد اعظم کا تعلق ہے … ہم اعلان کرتے ہیں کہ … ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک میں … نظامِ مصطفیٰ ﷺ من کل الوجوہ نافذ نہیں ہوتا۔()
پیر طریقت حضرت علامہ سید شاہ تراب الحق قادری مدظلہ العالی… خطیب میمن مسجد، قاری مصلح الدین گارڈن کراچی …اور ناظم اعلیٰ دارالعلوم امجدیہ ، کراچی و ناظم اعلیٰ جماعتِ اہل سنت کراچی… گوناں گوں اوصافِ عالیہ کے حامل ہیں … ان کی مصروفیات کو دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ کس طرح ایک آدمی اتنے کام سر انجام دیتا ہے … عصر سے مغرب تک وہ حاجت مندوں کی بھیڑ میں گھرے ہوئے ہوتے ہیں … کوئی بیماری یا گھریلو ناچاقی کے لیے دعایا تعویذ کا طلب گار ہے … کوئی کسی محکمے میں سفارش کروانا چاہتاہے…کوئی مسئلہ پوچھنا چاہتا ہے… شاہ صاحب کی عالی ہمتی دیکھیے کہ وہ ہر کسی کو خندہ پیشانی کے ساتھ مطمئن کرتے ہیں ۔
فقیر ایک دفعہ سید محسن شاہ صاحب…مالک فرید بک سٹال لاہور …کے ساتھ کسی ضروری کام کے لیے کراچی…ان کی خدمت میں حاضر ہوا… شاہ صاحب نے مجھ سے فرمایا :
تھوڑی دیر ٹھہریں …میں ان احباب کوفارغ کرلوں ،…اور واقعی تھوڑی دیر کے بعد فارغ ہو کر فرمانے لگے… ویسے تو آپ کا اپنا گھر ہے ، لیکن آپ نے اتنا طویل سفر کرنے کی زحمت کیوں اٹھائی ؟ …مجھے پرچہ لکھ دیتے یا فون کر دیتے ۔
اس کے بعد جو ہمارا کام تھا اس سلسلے میں جو کچھ کرسکتے تھے وہ کیا… اور یوں مجھ ایسے فقیر بے نوا کو خرید لیا… اﷲ تعالیٰ انہیں سلامت رکھے …اور ان کے صاحبزادوں کو ان کا صحیح جانشین بنائے۔
آپ جلسوں میں تقاریر کرتے ہیں … انٹرنیٹ پر دنیا بھر سے آنے والے سوالوں کے جوابات دیتے ہیں … تبلیغ کے لئے امریکہ ، افریقہ، برطانیہ اور دیگر ممالک کا سفر کرتے ہیں … اس کے باوجود تصنیف و تالیف کے لیے بھی وقت نکال لیتے ہیں …اﷲ تعالیٰ کرے کہ… ہمارے نوجوان علماء بھی ان کے انداز میں وقت کی قدر کرنا سیکھیں …اور اسلام و سنیّت کا پیغام اﷲ تعالیٰ کے بندوں تک پہنچانا اپنا فرض ِ منصبی یقین کریں … تو بہت سی بیماریوں اور مفاسد کا ازالہ ہو سکتا ہے۔
پیش نظر کتاب… ’’ سیدنا امامِ اعظم ‘‘ رضی اﷲ عنہ کے چند صفحات دیکھنے کا موقع ملا… جن میں امامِ اعظم رضی اﷲ عنہ کے سوانح حیات بیان کیے گئے ہیں …ان کے مطالعہ سے اندازہ ہوا کہ… شاہ صاحب نے بڑی دیدہ ریزی اور دماغ سوزی سے کتاب مرتب کی ہے …حقیقت یہ ہے کہ… آج کے دور ِبے راہ روی میں ایسی کتابوں کی اشد ضرورت ہے …ورنہ ہر شخص اٹھ کر ائمۂ دین مجتہدین کے منہ آنے کی کوشش کرتا ہے۔
لوگوں کو بتانے کی ضرورت ہے کہ… کلامِ اقبال اور دیوانِ غالب ایسی کتابیں شارحین اور اساتذہ کے بغیر ہمیں سمجھ نہیں آتیں …توقرآن پاک اور حدیث شریف سمجھنے کے لیے ہمیں کسی شارح اور استاذ کی ضرورت کیوں نہیں ہے؟…جو آدمی قرآن و حدیث کا اردو ترجمہ پڑھ لیتاہے …وہ سمجھ لیتا ہے کہ میں ائمۂ مجتہدین کا ہم پلہ ہوں … یہ رویہ نہ صرف احسان ناشناسی کے زمرہ میں آتا ہے… بلکہ امت مسلمہ میں فساد برپا کرنے کا باعث ہے ۔
مولائے کریم جل مجدہٗ …حضرت علامہ سید شاہ تراب الحق قادری مدظلہ العالی کو … اس کتاب کے مرتب کرنے پر…اور اراکینِ افکارِ اسلامی ،اسلام آباد کو… اس کی اشاعت پر اجرِ جمیل عطا فرمائے آمین۔
محمد عبدالحکیم شرف قادری
۳ ذوالحجہ ۱۴۲۳ھ؍۵ فروری ۲۰۰۳ء

تقریظ جلیل
شیخ التفسیر والحدیث ،استاذُ العلماء مفتی عبدالرزاق بھترالوی
Share:
keyboard_arrow_up