Hajj Book

Total Pages: 10

Page 5 of 10

حج قراٰن:

قراٰن کے لغوی معنی دو چیزوں کو باہم ملانے کے ہیں۔ شرعی اصطلاح میں عمرہ اور حج دونوں کے لئے ایک ہی مرتبہ احرام باندھنا اور اسی احرام سے عمرہ اور حج ادا کرنا قرآن کہلاتا ہے۔

 

حج تمتع :

تَمَتُّع کے لغوی معنی ہیں نفع اٹھانا۔ شرعاً اس کا مفہوم یہ ہے کہ حج کرنے والا پہلے عمرہ کی نیت سے احرام باندھے اور عمرہ ادا کر کے احرام کھول دے۔

 

پھر 8 ذی الحجہ کو حج کی نیت سے دوبارہ احرام باندھے اور مناسک حج ادا کرے ، اس حج کو تمتع اس لئے کہتے ہیں کہ اس میں حج کرنے والا عمرہ کر کے احرام کھول دیتا ہے اور حج سے پہلے کے درمیانی ایام میں ان چیزوں سے جو احرام کی وجہ سے منع ہوتی ہیں، فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

مذکورہ اقسام میں سے حجِ قراٰن افضل ہے البتہ اکثر لوگ آسانی کی وجہ سے حج تمتع کرتے ہیں۔

 

حج کے فرائض:

۱۔ حج کی نیت سے احرام باندھنا اور تلبیہ پڑھنا۔

 

۲۔ وقوف عرفات :

اس کا وقت 9 ذی الحجہ زوالِ آفتاب سے لے کر 10 ذی الحجہ کی طلوعِ فجر تک ہے۔

 

۳۔ طوافِ زیارت:

اس کا وقت 10 ذی الحجہ کی صبح صادق سے شروع ہوتا ہے اور یہ 12 ذی الحجہ تک کیا جا سکتا ہے۔

 

حج کے واجبات:

۱۔ مزدلفہ میں 10 ذی الحجہ کی صبح نماز فجر کے بعد کچھ دیر ٹھہرنا۔

۲۔ شیطانوں کو کنکریاں مارنا۔

۳۔ قربانی۔

۴۔ بال منڈوانا یا کتروانا۔

۵۔ طواف زیارت کے بعد حج کی سعی کرنا۔

۶۔ مکہ سے رخصت ہوتے ہوئے طوافِ وداع کرنا۔ ( یہ حائضہ عورت پر واجب نہیں )

 

حج کی سنتیں :

طواف قدوم کرنا،

میقات کے باہر سے آنے والا جو پہلا طواف کرے،

اسے طوافِ قدوم کہتے ہیں ہر وہ طواف جس کے بعد سعی کرنی ہو اس میں رمل اور اضطباع کرنا 9 ذی الحجہ سے پہلی رات کو مِنٰی میں فجر تک رہنا 9 ذی الحجہ کو طلوع آفتاب کے بعد عرفات کو جانا عرفات سے غروب کے بعد مزدلفہ کو روانہ ہونا عرفات سے واپسی پر مزدلفہ میں رات کو ٹھہرنا مزدلفہ سے طلوع آفتاب سے قبل مِنٰی کو روانہ ہونا مِنٰی میں قیام کے دوران راتوں کو مِنٰی میں رہنا اب ہم ترتیب وار ایام حج کے اعمال بیان کرتے ہیں۔

 

حج کا پہلا دن

8 ذی الحجہ احرام کی حالت میں مکہ سے مِنٰی روانگی۔ مِنٰی میں ظہر، عصر، مغرب، عشاء کی ادائیگی۔ رات مِنٰی میں قیام کرنا ہے۔

 

حج کا دوسرا دن

9ذی الحجہ مِنٰی میں نماز فجر ادا کر کے عرفات کو روانگی۔

عرفات میں ظہر اور عصر کی اپنے اپنے اوقات میں ادائیگی ، چونکہ حاجی خیموں میں ہوتے ہیں اسلئے بھی ظہر اور عصر جمع نہیں کرینگے۔زوال کے بعد عرفات میں وقوف ( یعنی ٹھہرنا )۔ یہاں قبلہ رو کھڑے ہو کر رب تعالیٰ سے دعائیں مانگیں۔ غروب آفتاب کے بعد مغرب پڑھے بغیر مزدلفہ روانگی۔

 

مزدلفہ میں عشاء کے وقت میں مغرب اور عشاء کی ایک ساتھ ادائیگی ۔( مغرب کی سنتیں عشاء کے بعد پڑھی جائیں) رات مزدلفہ میں قیام کرنا ہے۔مزدلفہ میں وقوف کا وقت طلوع فجر سے اُجالا ہونے تک ہے۔ (مزدلفہ سے موٹے چنے کے برابر ستّر سے زائد کنکریاں چن لیں )

 

حج کا تیسرا دن

10 ذی الحجہ مزدلفہ میں نماز فجر اور وقوف کے بعد مِنٰی روانگی ۔ پہلے بڑے شیطان کو 7 کنکریاں مارنا ۔  پھر متمتع اور قارن کا قربانی کرنا ، مفرد چاہے تو شکرانے کے طور پر جانور کی قربانی کرے۔ پھر سر کے بال منڈوانا یا کتروانا۔ پھر طوافِ زیارت وسعی کے لئے مکہ جانا۔ مکہ سے واپس آکر رات مِنٰی میں قیام کرنا ہے۔

 

حج کا چوتھا دن

11 ذی الحجہ اگر طواف زیارت کل نہیں کیا تھا تو آج کر لیں۔ مِنٰی میں زوال کے بعد چھوٹے شیطان کو 7 کنکریاں مارنا۔

Share:
keyboard_arrow_up