Hajj Book

Total Pages: 10

Page 3 of 10

۱۳۔ پھر ملتزم یعنی باب کعبہ کے پاس آکر خوب رو رو کر دعا مانگیں کہ قبولیت کا موقع ہے۔ احرام کی حالت میں خانہ کعبہ کو ہاتھ نہ لگائیں کیونکہ لوگ اس پر خوشبو لگا دیتے ہیں ۔ جس طواف کے بعد سعی نہیں کرنی ہو ( مثلاً نفل طواف ) اس میں نماز طواف سے قبل ملتزم کے پاس آکر دعا مانگنی چاہیے ۔

 

۱۴۔ نمازِ طواف کے بعد آبِ زم زم کھڑے ہو کر پئیں اور یہ دعا مانگیں \"الٰہی ! میں تجھ سے نفع بخش علم، وسیع رزق اور ہر بیماری سے شفا مانگتا ہوں۔ پھر حجر اسود کی سیدھ میں آکر استلام کریں۔

 

۱۵۔ پھر سعی کیلئے صفا پر آئیں اور

اِنَّ الصَّفَا وَ الْمَرْوَةَ مِنْ شَعَآىٕرِ اللّٰهِۚ

پڑھ کر قبلہ رخ ہو کر سعی کی نیت کریں۔ الہی ! میں تیری رضا کی خاطر صفا و مروہ کی سعی کی نیت کرتا ہوں، اسے میرے لئے آسان کر دے اور قبول فرما۔ جب بھی صفا و مروہ پر چڑھیں تو تین بار اللّٰہ اکبر کہ کر چوتھا کلمہ پڑھیں، پھر درود شریف پڑھ کر دعا مانگیں۔ اب صفا سے چلنا شروع کریں، مروہ تک ایک چکر ہوگا، اس طرح ساتواں چکر مروہ پر ختم ہو گا۔

سعی کے دوران اضطباع نہ کریں۔

 

۱۶۔ ہر چکر میں سبز ستونوں کے درمیان صرف مرد مناسب انداز میں دوڑیں۔ وہاں یہ دعا پڑھیں ۔

 

رَّبِّ اغْفِرْ وَ ارْحَمْ وَأَنْتَ الْأَعَزُّ الْأَكْرَمُ ۔

اے رب بخش دے اور رحم فرما، بیشک تو ہی سب سے زیادہ عزت اور بزرگی والا ہے۔

 

۱۷۔ سعی سے فارغ ہو کر اگر مکروہ وقت نہ ہو تو مسجد حرام میں آکر دورکعت نفل ادا کریں۔

 

۱۸۔ پھر سر کے (حلق ) بال منڈوائیں یا چوتھائی ( قصر ) مقدار میں بال کٹوائیں۔ عورتوں کو چاہئے کہ اپنی چٹیا کے بال اپنی انگلی کے ایک پور سے کچھ زائد کاٹ لیں ۔ یہ احتیاط رکھیں کہ کم از کم چوتھائی سر کے بال ایک پور کے برابر کٹ جائیں اب عمرہ مکمل ہو گیا۔

 

احرام میں یہ باتیں حرام ہیں:

مرد کو سِلا ہوا کپڑا پہننا۔

مرد کو سر ڈھانکنا۔

مرد کو ایسا جوتا پہننا جس سے پاؤں کی اُبھری ہوئی ہڈی چھپ جائے۔

خشکی کے جانور کا شکار کرنا۔

چہرے کو کپڑے سے ایسے ڈھانکنا کہ وہ چہرے کو مس کرے۔

خوشبودار صابن استعمال کرنا۔

خوشبو لگانا،

خوشبودار چیز الائچی لونگ وغیرہ کھانا۔

جس جگہ خوشبو لگی ہو اسے چھونا،

پھولوں کا ہار پہننا۔

جسم کے کسی حصہ سے بال دور کرنا،

ناخن کاٹنا۔

شہوت کے ساتھ عورت سے جسم مَس کرنا۔

جوں مارنا۔

فحش گوئی۔

لڑائی جھگڑا کرنا۔

 

احرام میں یہ باتیں مکروہ ہیں:

جسم کا میل چھڑانا۔

جان بوجھ کر خوشبو سونگھنا۔

سر یا داڑھی کے بالوں میں کنگھی کرنا۔

اس طرح بال کھجانا کہ ٹوٹنے کا اندیشہ ہو۔

ہاتھ پونچھنے کے لئے خوشبودار ٹشو پیپر استعمال کرنا۔

منہ کا کوئی بھی حصہ کپڑے سے چھپانا،۔

اگر نزلہ ہو جائے تو بھی رومال سے ناک نہ پونچھیں۔

بغیر خوشبو کے صابن سے بال یا جسم دھونا۔

 

طواف کے دوران یہ باتیں نا جائز ہیں:

حجر اسود کے مقابل آئے بغیر ہاتھ اٹھانا،

استلام کے بعد دائیں مڑے بغیر طواف شروع کرنا،

حجر اسود تک پہنچنے کی کوشش میں کسی کو دھکا دینا،

فضول گفتگو یا دنیاوی باتیں یا موبائل فون پر بات کرنا،

طواف کے دوران خانہ کعبہ کی طرف دیکھنا،

دوران طواف کسی جگہ دعا کے لئے ٹھہرنا،

پیشاب پاخانے کے تقاضے کے وقت طواف کرنا،

بلا عذر نمازِ طواف ادا کئے بغیر اگلا طواف شروع کرنا،

اگر نماز کا مکروہ وقت ہو تو اگلا طواف کرنا جائز ہے

واجب طواف میں بلا عذر اضطباع اور رمل نہ کرنا،

دورانِ طواف کعبہ کی طرف منہ یا پیٹھ ہونا،

 

احتیاط:

احرام کے علاوہ بھی ناف سے لیکر گھٹنوں کے نیچے تک کا جسم چھپانا فرض اور اسکا دیکھنا حرام ہے،مرد احتیاط کریں کہ ان کا تہبند ناف سے نیچے نہ ہونے پائے۔

Share:
keyboard_arrow_up