Deeni Taleem

Deeni Taleem

Total Pages: 48

Page 44 of 48
سوال نمبر:336 ۔اعلیٰ حضرت امام احمد رضا محدث بریلوی رحمۃ اﷲ علیہ کے چند علمی کارنامے بتائیے۔
جواب : آپ سچے عاشقِ رسول، عالم وفقیہ اور چودھویں صدی ہجری کے مجدد تھے۔ آپ 55 علوم وفنون کے ماہر تھے اور آپ نے ایک ہزار سے زائد کتب تصنیف کیں۔ تیس (30) ضخیم جلدوں پر مشتمل فقہ حنفی کا انسائیکلوپیڈیا ’’فتاویٰ رضویہ‘‘ آپ کا عظیم کارنامہ ہے۔ آپ نے عشقِ رسول ﷺ سے لبریز ترجمۂ قرآن بھی کیا اور نعتوں کی صورت حدائق بخشش ہمیں عطا فرمائی۔ آپ ہی کی کوششوں سے اہلسنت اپنے مرکز پر قائم رہے اور بے دینی سے بچ گئے۔
سوال نمبر: 337۔اعلیٰ حضرت امام ِ اہلسنت کو مجدد کا لقب کب اور کس نے دیا؟
جواب : 1900 ء میں پٹنہ (بھارت) میں علماء و مشائخ کے عظیم الشان اجتماع میں انہیں ’’مجدد‘‘ کا لقب دیا گیا۔ عرب کے علماء شیخ سید اسماعیل بن خلیل (حرم مکہ) اور شیخ موسیٰ علی شامی ازہری نے بھی آپ کو مجدد کالقب دیا۔
سوال نمبر: 338۔اعلیٰ حضرت کی تاریخِ پیدائش اور تاریخِ وصال بتائیے۔
جواب : پیدائش:10 شوال 1272 ھ / 14 جون 1856 ء -
وصال:25 صفر 1340 ھ /28 اکتوبر 1921 ء
سوال نمبر: 339۔اعلیٰ حضرت محدث بریلوی رحمۃ اﷲ علیہ کے ترجمۂ قرآن کا نام اور اس کے معنی بتائیے۔
جواب : کنزُ الایمان یعنی ایمان کا خزانہ۔
سوال نمبر: 340۔اعلیٰ حضرت محدث بریلوی رحمۃ اﷲ علیہ کے نعتیہ دیوان کا نام کیا ہے؟ نیز آپ کے مقبولِ عام سلام کا ایک شعر سنائیے۔
جواب : آپ کے نعتیہ دیوان کا نام حدائقِ بخشش ہے:
ہم غریبوں کے آقا پہ بیحد درود
ہم فقیروں کی ثروت پہ لاکھوں سلام
سوال نمبر: 341۔اعلیٰ حضرت اور ان کے خلفاء کی اصلاحِ عقائد کی کوششوں کا دوسرے فرقوں پر کیا اثر پڑا؟
جواب : اول: جو حضور ﷺ کے خصائص وکمالات کے منکر ہیں، وہ اب بعض کمالات بیان کر لیتے ہیں۔
دوم: جو عشقِ رسول ﷺ کا ذکر پسند نہیں کرتے اب محبتِ مصطفی ﷺ کی باتیں کرنے لگے ہیں۔
سوم: جو میلادُ النبی ﷺ کو بدعت وحرام کہتے ہیں اب سیرۃُ النبی کے نام سے مجالس منعقد کرتے ہیں۔
چہارم: جو پیری مریدی اور اولیاء کرام کے عرس کے مخالف ہیں اب خود پیری مریدی کرتے ہیں اور سالانہ اجتماع کے نام سے اپنے اکابر کی برسی مناتے ہیں۔
پنجم: جو ایصالِ ثواب اور قرآن خوانی کو بدعت کہتے ہیں اب وہ خود قرآن خوانی کرنے لگے ہیں۔
سوال نمبر: 342۔اعلیٰ حضرت نے کن بری بدعات کے خلاف تحریری وتقریری جہاد کیا؟
جواب : داڑھی منڈانا، طریقت کو شریعت سے الگ سمجھنا، عورتوں کا زیارتِ قبور کے لیے جانا، پیروں کے سامنے عورتوں کا بے پردہ آنا، کفار ومشرکین سے مشابہت کرنا، تعزیہ بنانا اور دیکھنا، سینہ کوبی اور ماتم کی مجلس میں جانا، قبر کو سجدہ یا اس کا طواف کرنا، آلاتِ موسیقی کے ساتھ قوالی سننا، میت کے گھر کھانا پینا، قرآن خوانی اور وعظ پر اُجرت مانگنا، قبروں کے درمیان جوتے پہن کر چلنا، لڑکی والوں سے جہیز مانگنا وغیرہ۔
سوال نمبر: 343۔اعلیٰ حضرت بریلوی رحمۃ اﷲ علیہ کے چند خلفاء کے نام اور ان کی ایک ایک کتاب کا نام بھی بتائیے۔
جواب : (۱)صدرُ الشریعہ مولانا امجد علی اعظمی قادری مصنف بہارِ شریعت … (۲)صدرُ الافاضل مولانا سید نعیم الدین مرادآبادی صاحب تفسیر خزائن العرفان … (۳)مفتیٔ اعظم ہندمولانا مصطفی رضا خاں قادری مصنف فتاویٰ مصطفویہ … (۴)مبلغِ اسلام مولانا عبدالعلیم صدیقی مصنف بہارِ شباب۔(۵) ملک العلماء حضرت علامہ مولانا ظفر الدین بہاری ،حیات اعلیٰ حضرت۔ رحمۃ اﷲ علیہم اجمعین
Share:
keyboard_arrow_up