Deeni Taleem

Deeni Taleem

Total Pages: 48

Page 43 of 48
سوال نمبر:327۔مزار پر حاضری کے بعد الٹے پاؤں آنا کیسا ہے؟
جواب : ہاتھ باندھے الٹے پاؤں آنا ایک طرزِ ادب ہے اور جس ادب سے شرع نے منع نہ فرمایا اس میں حرج نہیں۔ ہاں اگر اپنی یا دوسروں کی ایذا کا اندیشہ ہو تو اس سے احتراز کیا جائے۔ ()
سوال نمبر:328۔کسی ولی کے مزار پر نذرونیاز دینے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟
جواب : نذرِحقیقی صرف اللہ تعالیٰ ہی کے لیے ہے جبکہ نذرِ مجازی یہ ہے کہ کوئی شے بطور ہدیہ ونذرانہ کسی ولی کے ایصالِ ثواب کے لیے اس کے مزار پر صدقہ کی جائے اور اس سے اللہ تعالیٰ کی رضا مقصود ہو۔ مثلاً یہ نذر ماننا کہ میرا فلاں کام ہو گیا تو میں داتا دربار پر کھانا تقسیم کروں گا یا گیارھویں شریف کروں گا، یہ بلاشبہ جائز ومستحب ہے۔ ()
سوال نمبر:329۔’’میری قبر کو عید نہ بناؤ‘‘۔ بعض لوگ اس حدیث سے مزارات پر اجتماع کے ناجائز ہونے پر استدلال کرتے ہیں۔ اس کا کیا جواب ہے؟
جواب : حاجی امداد اللہ مہاجر مکی لکھتے ہیں،’’ اس کا صحیح معنی یہ ہے کہ قبر پر میلہ لگانا اور خوشیاں اور زینت وآراستگی و دھوم دھام کا اہتمام کرنا یہ ممنوع ہے اور یہ معنی قطعاً نہیں کہ کسی قبر پر جمع ہونا منع ہے ورنہ روضَۂ اقدس کی زیارت کے لیے قافلوں کا جانا بھی منع ہوتا‘‘۔ ()
سوال نمبر:330۔کسی ولی کے مزار پر دعا مانگنے کا کیا طریقہ ہے؟
جواب : پہلے فاتحہ پڑھ کر اس ولی کی روح کو ثواب پہنچائے پھر جو جائز شرعی حاجت ہو اس کے لیے یوں دعا کرے، ’’الٰہی ! اس نیک بندے کی برکت سے میری یہ حاجت پوری فرما۔ یا اس ولی کو پکارے کہ اے اللہ کے ولی! میرے لیے شفاعت کیجیے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کیجیے کہ وہ میرے مقصد کو پورا فرمائے‘‘۔ ()

باب پنجم:
اکابرینِ اہلسنت
سوال نمبر:331۔ائمہ اربعہ سے کون سے امام مراد ہیں ؟
جواب : امام اعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابت ، امام مالک بن انس، امام محمد بن ادریس شافعی، امام احمد بن حنبل۔رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین
سوال نمبر:332۔امام اعظم کی فضیلت میں نبی کریم ﷺ کی دو حدیثیں سنائیے۔
جواب : حدیث نبوی ہے،’’ قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضے میں میری جان ہے، اگر دین وایمان آسمان کے ساتھ بھی معلق ہوا تو فارس کا ایک شخص اسے حاصل کر لے گا‘‘۔() امام سیوطی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں، یہ حدیث امام اعظم کی فضیلت کی دلیل ہے۔
دوسرا ارشادِنبوی ہے:’’ ایک سو پچاس ہجری میں دنیا کی زینت کو اٹھا لیا جائے گا‘‘۔شمس الائمہ امام کردی فرماتے ہیں ، یہ حدیث امام اعظم رحمۃ اﷲ علیہ کی شان میں ہے کیونکہ آپ ہی کا وصال 150 ھ میں ہوا۔ ()
سوال نمبر:333۔گیارھویں صدی ہجری کے اس مجدد کا نام بتائیے جو محفلِ میلاد منعقد کرتے، اس میں کھڑے ہوکر سلام پڑھتے اور غوث پاک کی گیارھویں شریف بھی کرتے تھے؟
جواب : امام المحدثین شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اﷲ علیہ(958 ھ تا 1052 ھ)
سوال نمبر:334۔ چند محدثین کرام کے نام بتائیے جو محافلِ میلادُ النبی ﷺ مناتے تھے اور انہوں نے اس پر تحریری کام بھی کیا۔
جواب : (1)امام ابن جَوزی (و: 597 ھ) کتاب:المیلادُ النبوی (2)امام ابن حجر شافعی (و:852 ھ) کتاب :فتاویٰ حدیثیہ (3)امام جلال الدین سیوطی (و:911 ھ) کتاب :حسن المقصد فی عمل المولد (4)امام قسطلانی (و:923 ھ) کتاب:مواہبُ اللدنیہ۔رحمۃ اﷲ علیہم اجمعین
سوال نمبر:335۔آقا ومولیٰ ﷺ کی شان و عظمت اور کمالات پر جن اکابر محدثین نے کتب لکھیں ، ان میں سے کسی پانچ کے نام بتائیں۔
جواب :(1)قاضی عیاض مالکی کی ’’کتابُ الشفاء‘‘، (2)امام قسطلانی کی ’’مواہبُ اللدنیہ‘‘، (3)امام سیوطی کی ’’خصائصِ کبریٰ، (4)شیخ عبدالحق محدث دہلوی کی ’’مدارجُ النبوۃ‘‘ اور (5)اعلیٰ حضرت محدث بریلوی کی ’’الامن والعلی اور ’’الدولۃُ المکیۃ‘‘۔رحمۃ اﷲ علیہم اجمعین
Share:
keyboard_arrow_up