Deeni Taleem

Deeni Taleem

Total Pages: 48

Page 42 of 48
سوال نمبر:317۔سوئم کے کھانے کے متعلق اعلیٰ حضرت رحمۃ اﷲ علیہ نے کن باتوں کو برا بتایا ہے؟
جواب : وہ فرماتے ہیں کہ میت کا کھانا صرف فقراء میں تقسیم کیا جائے، غنی لوگ اس میں سے نہ لیں۔ نیز اس میں شادی کے سے تکلف کرنابیہودہ بات ہے ۔()
سوال نمبر:318۔کیا ایصالِ ثواب کرنے سے ثواب پہنچانے والے کے ثواب میں کمی ہو جاتی ہے؟
جواب : مالی و بدنی عبادات کا ثواب مُردوں کو پہنچا دینے سے ایصالِ ثواب کرنے والے کے ثواب میں کوئی کمی نہیں ہوتی بلکہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے امید ہے کہ سب کو پورا پورا ثواب ملے گا اور اس ثواب پہنچانے والے کو ان سب کے مجموعہ کے برابر ثواب ملے گا۔()
سوال نمبر:319۔اہلسنت مستحب کاموں کو بھی اہتمام سے کرتے ہیں اس پر دلیل کیا ہے؟
جواب : سورۃ الحدید کی آیت 27میں مذکور ہے کہ جن لوگوں نے رہبانیت کی نیکی کو نہ نباہا یعنی اس کی پابندی نہ کی انہوں نے بر ا کیا ۔ () پس نتیجہ یہ نکلا کہ مستحب کاموں کو پابندی سے کرنا رب تعالیٰ کو پسند ہے۔ آقا و مولیٰ ﷺ کا فرمانِ عالیشان ہے، ’’ اﷲ تعالیٰ کو وہ عمل محبوب ہے جو ہمیشہ کیا جائے اگر چہ تھوڑا ہو‘‘۔ ()
سوال نمبر:320۔اولیاء کرام کے عرس میں کیا کرنا چاہیے؟
جواب : عرس مبارک میں تلاوتِ قرآن اور نعت خوانی کی جائے اور ان اولیاء کرام کے اوصاف اور تعلیمات لوگوں کے سامنے بیان کی جائیں۔ چونکہ عرس کا مقصد ایصالِ ثواب ہے اس لیے قرآن خوانی بھی کی جائے اور اہتمام ہوسکے توشیرینی پر فاتحہ پڑھ کر زائرین میں تقسیم کر دیں۔
سوال نمبر:321۔قبر کو پختہ کرنا کیسا ہے؟
جواب : قبر کا اندرونی حصہ پختہ نہ ہو البتہ اوپر کا حصہ پختہ کردیں تو حرج نہیں۔ ()
سوال نمبر:322۔قبر کی اونچائی کتنی ہونی چاہیے؟
جواب : عام مسلمانوں کی قبروں کا ایک بالشت یا اس سے کچھ زائد اونچا کرنا مسنون ہے جبکہ مزارات کے اردگرد چبوترہ اونچا کر کے اس پر تعویذ ایک ہاتھ کے برابر اونچا کرنا جائز ہے۔ ()
سوال نمبر:323۔مزارات پر چادر ڈالنا اور عمارت بنانا کیسا ہے؟
جواب : اولیاء کرام اور صالحین کے مزارات پر عمارت بنانا اور ان پر غلاف وعمامہ اور چادر ڈالنا جائز ہے جبکہ اس سے یہ مقصود ہو کہ عوام کی نگاہ میں ان بزرگانِ دین کی عظمت ظاہر ہو اور لوگ ان کو حقیر نہ سمجھیں۔مزار پر صرف ایک چادر کافی ہے، زائد چادریں صدقہ کر نا بہتر ہے۔
سوال نمبر:324۔قبروں پر پھول ڈالنا کیسا ہے؟
جواب : ہر مومن کی قبر پر پھول ڈالنا جائز ومستحب ہے۔رسول کریم ﷺ نے کھجور کی سبز شاخ چیر کر دو قبروں پر گاڑ دی اور فرمایا، جب تک یہ تر رہیں گی، ان کے عذاب میں کمی رہے گی۔ ()جو عمل گناہگار کے عذاب میں کمی کا باعث ہے وہ نیکوں کے درجات کی بلندی کا ذریعہ ہے۔ اس لیے مزارات پر پھول ڈالنا بھی جائز ہے۔
سوال نمبر:325۔قبر پر اگربتی یا چراغ جلانا کیسا ہے؟
جواب : اگربتی یا چراغ قبر کے اوپر رکھ کر ہرگز نہ جلائیں کہ قبر کے قریب آگ رکھنا اچھا نہیں البتہ قبر سے ذرا ہٹ کر خالی زمین پر رکھیں تو حرج نہیں جبکہ وہاں کوئی ذاکر یا زائر ہو۔ اولیاء کی تعظیم کے لیے مزارات کے پاس روشنی کرنا جائز ہے البتہ وہاں بجلی کی روشنی کا مناسب انتظام ہونے کے باوجود چراغ جلانا اسراف وناجائز ہے۔
سوال نمبر:326۔مزار کا طواف، اس کا سجدہ اور اسے بوسہ دینا کیسا ہے؟
جواب : مزار کا طوافِ تعظیمی ناجائز ہے۔ مزار کو سجدۂ عبادت کفر وشرک اور سجدۂ تعظیمی حرام ہے۔ مزار کو بوسہ نہیں دینا چاہیے۔ بعض علماء نے اسے جائز کہا ہے مگر بچنا بہتر ہے۔ ()
Share:
keyboard_arrow_up