Deeni Taleem

Deeni Taleem

Total Pages: 48

Page 41 of 48
سوال نمبر:310۔کیافاتحہ یا دعائے برکت کے لیے کھانے پینے کی اشیاء کا سامنے ہونا ضروری ہے؟
جواب : ضروری نہیں البتہ جائز اور بہتر ہے۔ حضور ﷺ نے جانور کی قربانی کر کے اس کے سامنے یہ دعا فرمائی، ’’اے اللہ ! اسے میری امت کی طرف سے قبول فرما‘‘۔() کھانا سامنے رکھ کر کچھ پڑھنا اور دعائے برکت کرنا متعدد صحیح احادیث سے ثابت ہے۔ غزوہ تبوک کے دن نبی کریم ﷺ نے کھانے پر برکت کی دعا فرمائی۔ ()
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آقا ومولیٰ ﷺ نے کھانا سامنے رکھ کر کچھ پڑھا اور دعا فرمائی۔ ()
سوال نمبر:311۔کھانے پر فاتحہ دینے کا طریقہ بتا دیجیے۔
جواب : پہلے چاروں قُل تلاوت کیے جائیں پھر سورہ فاتحہ تلاوت کی جائے، پھر سورہ بقرہ کی ابتدائی آیات تلاوت کر کے درود شریف پڑھ کر یوں دعا مانگی جائے۔’’اے اللہ ! ان آیات اور اس طعام کو قبول فرما۔ان عبادات کا ثواب ہمارے آقا ومولیٰ ﷺ کی بارگاہ میں مرحمت فرما۔ اپنے حبیب ﷺ کے صدقے میں تمام انبیاء کرام، صحابہ کرام، اہلبیت عظام، تابعین، اولیائے کاملین اور حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر اب تک جتنے مسلمان انتقال کر گئے یا موجود ہیں یا قیامت تک ہوں گے، سب کو اس کا ثواب پہنچا‘‘۔پھر جو چاہیں دعامانگیں۔
سوال نمبر:312۔حدیث شریف میں مُردوں کے لیے زندوں کا تحفہ کس چیز کو فرمایا گیا؟
جواب :حضور ﷺ نے فرمایا: مُردوں کے لیے زندوں کا تحفہ دعائے مغفرت ہے۔ ()
سوال نمبر:313۔مسلمان کسی کے انتقال کے بعد اس کے ایصالِ ثواب کے لیے جمعرات کو فاتحہ کرتے ہیں اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟
جواب : جب کوئی مسلمان وفات پاتا ہے تو اسے شروع کے دنوں میں ایصالِ ثواب کی زیادہ حاجت ہوتی ہے اسی لیے شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں، میّت کے انتقال کے بعد سات روز تک صدقہ کیا جائے۔ جمعہ کی رات کو میت کی روح اپنے گھر آتی ہے اور دیکھتی ہے کہ اس کی طرف سے اس کے گھر والے صدقہ کرتے ہیں یا نہیں۔() ہر جمعرات کو فاتحہ کرنے کی اصل یہی ہے۔
سوال نمبر:314۔کسی مسلمان کے انتقال پر سوئم یا قل وغیرہ کیے جاتے ہیں اس کے متعلق شرعی حکم کیا ہے؟
جواب : قرآن مجید کی تلاوت اور خیرات وغیرہ کا سلسلہ تو میت کے انتقال کے وقت سے ہی شروع ہو جاتا ہے ۔لیکن چونکہ شرعاًتعزیت کا وقت تین دن تک ہے اس لیے تعزیت کے آخری دن لوگ زیادہ تعداد میں جمع ہو کر تلاوتِ قرآن اور کلمہ طیبہ پڑھ کر میّت کو ایصالِ ثواب کرتے ہیں۔دن کا تعین کرنے میں ایک مصلحت یہ بھی ہے کہ مقررہ تاریخ اور وقت پر لوگوں کو جمع ہونے میں آسانی ہوتی ہے اس طرح سب اجتماعی دعا میں شریک ہو جاتے ہیں لہٰذا سوئم چہلم وغیرہ جائز ہیں۔
سوال نمبر:315۔بعض لوگ سوئم وغیرہ کو اعلیٰ حضرت محدث بریلوی رحمۃ اﷲ علیہ کی ایجاد کہتے ہیں کیا ان سے قبل اس کا ذکر ملتا ہے؟
جواب : یہ سراسر الزام ہے۔شاہ ولی اللہ محدث دہلوی کے سوئم کے متعلق شاہ عبدا لعزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ اپنے ملفوظات میں صفحہ 80 () پر لکھتے ہیں: ’’تیسرے دن لوگوں کا اس قدر ہجوم تھا کہ شمار نہیں ہو سکتا۔ اکیاسی(81) قرآن کریم تلاوت کیے گئے اور زیادہ بھی ہوئے ہوں گے، کلمہ طیبہ کا تو اندازہ ہی نہیں‘‘۔معلوم ہوا کہ تیجہ اور چالیسواں وغیرہ مسلمانوں میں صدیوں سے رائج ہیں۔
سوال نمبر:316۔کیا اہلسنت کے نزدیک ایصالِ ثواب کے لیے تیسرے یا چالیسویں دن کو مخصوص کرنا شرعی طور پر ہے؟
جواب : ان دنوں کی تخصیص کو کوئی شرعی نہیں سمجھتا اور نہ ہی کوئی یہ کہتا ہے کہ بس اسی دن اور تاریخ کو ایصالِ ثواب کیا جائے تو پہنچے گا ورنہ نہیں۔اعلیٰ حضرت محدث بریلوی علیہ رحمۃ القوی فرماتے ہیں، تیسرے دن کی خصوصیت بھی شرعی اور عرفی مصلحتوں کی بنا پر ہے۔ شریعت میں تو ثواب پہنچانا ہے، دوسرے دن ہو خواہ تیسرے دن، جب چاہیں ایصالِ ثواب کریں۔
Share:
keyboard_arrow_up