سوال نمبر:293۔اذان سے قبل درود و سلام کے جواز کے لیے قرآن کی آیت کون سی ہے؟
جواب :سورۃ الاحزاب کی آیت 56 میں حکم ہے ، ’’ ان پر درود اور خوب سلام بھیجو‘‘۔() اس آیت میں کسی خاص وقت یا خاص حالت کا ذکر نہیں بلکہ یہ حکم مطلق ہے اس لیے شرعاً ممنوع مواقع کے علاوہ کسی بھی وقت درودوسلام کا پڑھنا اس حکم ِ الہٰی کی تعمیل ہے۔
سوال نمبر:294۔اذان کے ساتھ درودوسلام کے جواز کے لیے حدیث پیش کیجیے۔
جواب : فرمانِ نبوی ہے،جب تم اذان سنو تو اسی طرح کہو جیسے مؤذن کہتا ہے پھر مجھ پر درود پڑھو۔() اس حدیث میں درود پڑھنے کا حکم مطلق ہے خواہ آہستہ پڑھا جائے یا بلند آواز سے، نیز یہ حکم مؤذن اور سامعین دونوں کے لیے ہے۔
سوال نمبر:295۔ابوداؤد شریف میں ہے کہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ صبح صادق کے وقت ایک بلند مکان پر چڑھ جاتے اور اذان سے قبل دعائیہ کلمات کہہ کر پھر اذان دیتے۔ وہ کلمات مع ترجمہ بتائیں۔
جواب :وہ کلمات یہ ہیں۔ اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَحْمَدُکَ وَاسْتَعِیْنُکَ عَلٰی قُرَیْشٍ اَنْ یُّقِیْمُوْا دِیْنَکَ۔ ’’اے اللہ ! میں تیری حمد کرتا ہوں اور تجھ سے مدد چاہتا ہوں اس بات پر کہ قریش تیرے دین کو قائم کریں‘‘۔
سوال نمبر:296۔اس حدیث پاک سے کیا ثابت ہوتا ہے؟
جواب : ثابت ہوا کہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ اذان سے قبل بلند آواز سے قریش کے لیے دعا پڑھتے تھے۔ درود وسلام بھی رحمت کی دعا ہے تو جب اذان سے قبل قریش کے لیے دعا جائز ہے تو قریش کے سردار ،آقائے دوجہاں ﷺ کے لیے دعا کرنا کیونکر ناجائز ہو گا؟
سوال نمبر:297۔اذان کے ساتھ درودوسلام کو کس متقی بادشاہ نے اپنے حکم کے ذریعے رائج کیا؟
جواب : سلطان ناصر صلاح الدین ایوبی رحمۃ اﷲعلیہ کے حکم سے 781 ھ میں اس کی ابتدا ہوئی۔
سوال نمبر:298۔اذان کے ساتھ درودوسلام کن الفاظ سے پڑھا جاتا تھا؟ حوالہ بھی دیجیے۔
جواب : امام سخاوی نے لکھا ہے کہ مؤذن اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلاَمُ عَلَیْکَ یَا رَسُوْلَ اللّٰہ پڑھتے تھے۔ ()
سوال نمبر:299۔جن محدثین نے اسے بدعتِ حسنہ قرار دے کر تعریف کی، ان میں سے کسی تین محدثین کرام کے نام مع کتب بتائیے۔
جواب : (1)امام شعرانی رحمۃ اﷲ علیہ…کشفُ الغمَّہ ،
(2)امام ابن حجر شافعی رحمۃ اﷲ علیہ…فتاویٰ کبریٰ ،
(3)محدث علی قاری حنفی رحمۃ اﷲ علیہ… مرقاۃ شرح مشکوٰۃ۔
سوال نمبر:300۔حضور ﷺ کا نام مبارک سن کر انگوٹھے چومنا مستحب ہے، حدیث بتائیے۔
جواب : حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اذان میں آپ کا نام سن کر اپنے انگوٹھوں کو (چوم کر) اپنی آنکھوں پر پھیرااور کہا، قُرَّۃُ عَیْنِیْ بِکَ یَا رَسُوْلَ اللّٰہ۔ یارسول اللہﷺ آپ میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہیں۔ جب اذان ختم ہوئی تو حضور ﷺ نے فرمایا، اے ابوبکر! جو تمہاری طرح میرا نام سن کر انگوٹھے آنکھوں پر پھیرے اور جو تم نے کہا وہ کہے، اللہ تعالیٰ اس کے تمام نئے پرانے، ظاہر وباطن گناہ معاف فرمائے گا۔ ()
سوال نمبر:301۔انگوٹھے چومنے کے متعلق فقہاء کرام کا کیا فتویٰ ہے؟
جواب : فقہ کی مشہور کتاب ردالمحتار جلد اول صفحہ 370() پر ہے، مستحب ہے کہ اذان میں پہلی بار شہادت سن کر’’ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْکَ یَا رَسُوْلَ اللّٰہ‘‘ اور دوسری بار شہادت سن کر قُرَّۃُ عَیْنِیْ بِکَ یَا رَسُوْلَ اللّٰہ کہے،پھر اپنے انگوٹھے چوم کر اپنی آنکھوں پر پھیرے اور یہ کہے: اَللّٰھُمَّ مَتِّعْنِیْ بِالسَّمْعِ وَالْبَصَرِ تو حضور ﷺ اسے اپنے ساتھ جنت میں لے جائیں گے۔
Page 39 of 48

