Deeni Taleem

Deeni Taleem

Total Pages: 48

Page 37 of 48
سوال نمبر:271۔ اس آیت سے عید میلادُ النبی منانے کا جواز کیسے ثابت ہے؟
جواب : تفسیر خزائن العرفان میں ہے، جس روز اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت نازل ہو، اس دن کو عید بنانا اور خوشیاں منانا، عبادتیں کرنااور شکر بجا لانا صالحین کا طریقہ ہے… اس لیے حضور ﷺ کی ولادتِ مبارکہ کے دن عید منانا اور میلاد شریف پڑھ کر شکرِ الٰہی بجا لانا اور اظہارِ فرح اور سُرور کرنا مستحسن و محمود اور اللہ کے مقبول بندوں کا طریقہ ہے۔
سوال نمبر:272۔ترمذی شریف میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے عیدالفطر و عیدالاضحیٰ کے علاوہ کن د و عیدوں کا ذکر کیا ؟
جواب : آپ نے فرمایا ، ’’ یہ آیت جس دن نازل ہوئی اس دن مسلمانوں کی دو عیدیں تھیں، عیدِ جمعہ اور عیدِ عرفہ‘‘ ۔
سوال نمبر:273۔کس صحابی نے بارگاہِ نبوی میں منبر پر بیٹھ کر نعت پڑھی؟
جواب : آپ ﷺ نے حضرت حسان رضی اللہ عنہ کے لیے منبر پر چادر بچھائی اور انہوں نے منبر پر بیٹھ کر نعت شریف پڑھی، پھر آپ نے ان کے لیے دعا فرمائی۔ ()
سوال نمبر:274۔کیا اور صحابہ بھی بارگاہِ نبوی میں نعتیں پڑھا کرتے تھے؟
جواب : جی ہاں ! شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کے بقول نعت گو صحابہ کی تعداد ایک سو ساٹھ اور نعت گو صحابیات کی تعداد بارہ ہے۔
سوال نمبر:275۔ابو لہب نے حضور ﷺ کی پیدائش کی خوشی میں کس لونڈی کو آزاد کیا تھا؟
جواب : اس نے اپنے بھتیجے کی پیدائش کی خوشی میں اپنی لونڈی ثُوَیْبَہ کو آزاد کیا تھا۔
سوال نمبر:276۔بخاری میں ہے کہ ابولہب کے مرنے کے بعد اسے حضرت عباس رضی اللہ عنہ نے خواب میں دیکھااور اس کا حال پوچھا تو ابولہب نے کیا جواب دیا؟
جواب : اس نے کہا، میں نے تم سے جدا ہو کر کوئی آرام نہیں پایا سوائے اس کے کہ میں تھوڑا سا سیراب کیا جاتا ہوں کیونکہ میں نے محمد (ﷺ) کی پیدائش کی خوشی میں اپنی لونڈی کو آزاد کیا تھا۔
سوال نمبر:277۔حدیث : ’’میری والدہ ماجدہ نے میری پیدائش کے وقت دیکھا کہ اُن سے ایسا نور نکلا جس سے ملک شام کے محلات روشن ہو گئے‘‘ کس کتاب میں ہے؟
جواب : مشکوٰۃ باب فضائلِ سیدُ المرسلین ۔
سوال نمبر:278۔حضور ﷺ کی ولادت کے وقت چراغاں ہونے کی ایک اور حدیث سنائیے ؟
جواب : حضرت عثمان بن ابی العاص رضی اللہ عنہ کی والدہ فرماتی ہیں، ’’جب آپ ﷺ کی ولادت ہوئی میں خانہ کعبہ کے پاس تھی، میں نے دیکھا کہ خانہ کعبہ نور سے روشن ہو گیا اور ستارے زمین کے اتنے قریب آ گئے کہ مجھے یہ گمان ہوا کہ کہیں وہ مجھ پر گر نہ پڑیں‘‘۔
سوال نمبر:279۔یہ حدیث کن کتابوں میں ہے؟ جلد اور صفحہ بھی بتائیے۔
جواب : سیرتِ حلبیہ ج1 ص 94()، خصائصِ کبریٰ ج1 ص 40()، زرقانی علی المواہب ج1 ص116۔()
سوال نمبر:280۔سیرتِ حلبیہ میں ہے کہ سیدہ آمنہ رضی اللہ عنہا نے آپ کی ولادت کے وقت تین جھنڈے دیکھے،حدیث بتائیے؟
جواب :حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: ’’میں نے تین جھنڈے دیکھے، ایک مشرق میں گاڑا گیا تھا دوسرا مغرب میں اور تیسرا جھنڈا خانہ کعبہ کی چھت پر لہرا رہا تھا‘‘۔ یہ حدیث ’’الوَفا بِاحوالِ المصطفیٰ ‘‘ میں محدث ابن جوزی نے بھی روایت کی ہے۔
سوال نمبر:281۔ ہجرت کے موقع پر اہلیانِ مدینہ نے جلوس کی صورت میں استقبال کیا، ان کا نعرہ کیا تھا؟
جواب : حدیث شریف میں ہے کہ مرد اور عورتیں گھروں کی چھتوں پر چڑھ گئے اور بچے اور خُدام گلیوں میں پھیل گئے،یہ سب با آوازِ بلند کہہ رہے تھے، یا محمد یارسول اللہ ، یامحمد یارسول اللہ(ﷺ)
Share:
keyboard_arrow_up