Deeni Taleem

Deeni Taleem

Total Pages: 48

Page 36 of 48
محدث علی قاری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں، ’’بدعت یاتو واجب ہے جیسے کہ علمِ نحو کا سیکھنا اور اصولِ فقہ کا جمع کرنا؛ اور یا حرام ہے جیسے کہ جبریہ مذہب؛ اور یا مستحب ہے جیسے کہ مسجدوں کو فخریہ زینت دینا؛ اور یا جائز ہے جیسے فجر کی نماز کے بعد مصافحہ کرنا اور عمدہ عمدہ کھانوں اور شربتوں میں وسعت کرنا‘‘۔()
سوال نمبر:264۔اگر بدعاتِ حسنہ اور سیئہ کا فرق نہ کیا جائے تو کیا فتنہ پیدا ہو گا؟
جواب : توموجودہ دور کے بیشتر کام جو ثواب سمجھ کر کیے جاتے ہیں معاذاللہ حرام قرار پائیں گے حالانکہ محفلِ میلادکو بدعت و حرام کہنے والے خود ان کاموں کو ثواب کا باعث سمجھتے ہیں۔ مثلاً قرآن کریم کے الفاظ پر اعراب ڈالنا، تیس پاروں میں تقسیم کرنا، اس کے مختلف زبانوں میں ترجمے کرنا، گاڑیوں اور ہوائی جہازوں کے ذریعے حج کا سفر کرنا ،فقہ کی کتابیں، دارالعلوم کا نصاب، نماز یادینی علوم پڑھانے کی تنخواہ لینا، تقسیمِ اسناد کا جلسہ، مساجد میں محراب و گنبد اور مینار بنانا،ان میں ماربل کے فرش اور قالین بچھانا،بجلی کے پنکھے، لائٹیں اور گیزر لگانا وغیرہ۔
سوال نمبر:265۔گمراہ فرقوں کے باطل نظریات بُری بدعات ہیں ان کے علاوہ موجودہ دور کی چند بُری بدعات بتائیں۔
جواب : جو بری بدعات رائج ہو گئی ہیں ان میں سے چند یہ ہیں، داڑھی منڈانا، عورتوں کا بے پردہ بن سنور کر نکلنا، مردوعورت کا باہم مشابہت کرنا، گانے بجانے کی مجلسیں، کیبل، تصویر سازی، کھڑے ہو کر کھانا پینا، یہود ونصاریٰ کی مشابہت اختیار کرنا اور علماءِ حق کی توہین و تحقیروغیرہ ۔
سوال نمبر:266۔موجودہ دور کی چند بدعاتِ حسنہ بتائیں۔
جواب : عید میلادُ النبی ﷺ منانا،کھڑے ہو کر درودوسلام پڑھنا، اولیائے کرام کا عرس کرنا، گیارھویں شریف کرنا، مزارات پر چادر ڈالنا، فوت شدہ مسلمانوں کے ایصالِ ثواب کے لیے تیجہ، دسواں، چالیسواں کرنا وغیرہ۔
سوال نمبر:267۔ارشادِ باری تعالیٰ،’’ انہیں اللہ کے دن یاد دلاؤ‘‘۔ (ابراہیم:5) اللہ کے دنوں سے کیا مراد ہے؟
جواب : امام المفسرین سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کے نزدیک’’ ایامُ اللہ سے مراد وہ دن ہیں جن میں رب تعالیٰ کی کسی نعمت کانزول ہوا ہو‘‘۔ان ایام میں میلاد النبی ﷺ کا دن سب سے بڑی نعمت کے نزول کا دن ہے۔
سوال نمبر:268۔ میلادالنبی ﷺ کی خوشی منانے پر اہلسنت کس آیتِ مبارکہ سے استدلال کرتے ہیں؟ ترجمہ بتائیے۔
جواب : ارشاد ہوا ، ’’(اے حبیب!) تم فرماؤ (یہ) اللہ ہی کے فضل اور اسی کی رحمت (سے ہے) اور اسی پر چاہیے کہ خوشی کریں، وہ (خوشی منانا) ان کے سب دھن دولت سے بہتر ہے ‘‘۔()بلاشبہ حضور ﷺ اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا فضل اور تمام جہانوں کے لیے رحمت ہیں اس لیے ان کے میلاد کی خوشی منانا اس حکم کی تعمیل ہے۔
سوال نمبر:269۔حدیث شریف میں مذکور ،رسولِ معظم نورِ مجسم ﷺ کے مبارک زمانہ کی محافلِ میلاد کا ذکر کیجئے؟
جواب :آقا ومولیٰ ﷺ نے خود مسجد نبوی میں منبر شریف پر اپنا ذکرِ ولادت فرمایا۔() ایک جگہ ذکرِ میلاد میں فرمایا، میری والدہ نے میری پیدائش کے وقت دیکھا کہ ان سے ایسا نور نکلا جس سے شام کے محلات روشن ہو گئے۔()
سوال نمبر:270۔کس پیغمبر نے آسمان سے کھانا نازل ہونے پر اس دن کو عید قرار دیا تھا؟
جواب : ’’عیسیٰ بن مریم نے عرض کی، اے اللہ ! اے ہمارے رب ! ہم پر آسمان سے ایک (کھانے کا) خوان اتار کہ وہ ہمارے لیے عید ہو ہمارے اگلوں پچھلوں کی‘‘۔ ()
Share:
keyboard_arrow_up