Deeni Taleem

Deeni Taleem

Total Pages: 48

Page 35 of 48
سوال نمبر:258۔حدیث میں ہے کہ بدترین امور وہ ہیں جو نئے ایجاد ہوں اور ہر نیا کام گمراہی ہے۔اس سے کیا مراد ہے؟
جواب : اس سے وہ نئے کام مراد ہیں جو سنت کے خلاف ایجاد ہوں جیسا کہ ایک اور حدیث میں ہے، جب کوئی قوم بدعت ایجاد کرتی ہے تو اس کے مطابق سنت اٹھا لی جاتی ہے ۔() یہی بدعتِ سیئہ ہے ورنہ بدعتِ حسنہ تو کئی احادیث سے ثابت ہے۔
سوال نمبر:259۔کیا بدعت کے بُری ہونے کے لیے دورِ صحابہ کے بعد ہونا شرط ہے؟
جواب : بدعت کے بُری ہونے کے لیے دورِ صحابہ کے بعد ہونا شرط نہیں چنانچہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے تقدیر کے منکر کو بدعتی قرار دیا اور اسے سلام کرنے سے منع فرما دیا۔ ()اسی طرح ایک صحابی نے اپنے بیٹے کو نماز میں بلندآواز سے بسم اللہ پڑھتے سن کرفرمایا، یہ بدعت ہے، اس سے بچو۔()
سوال نمبر:260۔ اسلامی تاریخ کی پہلی اچھی بدعت قرآن مجید کا کتابی صورت میں جمع کرناہے۔ حدیث شریف کا خلاصہ سنائیے۔
جواب : صحیح بخاری جلد دوم میں ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے دورِ خلافت میں ان سے عرض کی، جنگ یمامہ میں کثیر حفاظ صحابہ شہید ہو گئے، اگر یونہی جنگوں میں حافظ شہید ہوتے رہے تو قرآن کی حفاظت مسئلہ بن جائے گی اس لیے میری رائے یہ ہے کہ آپ قرآن کو کتابی صورت میں جمع کرنے کا حکم دیں۔
حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے فرمایا، میں وہ کام کس طرح کروں جو رسولُ اللہ ﷺ نے نہیں کیا؟ آپ نے عرض کی، اگرچہ یہ کام حضور ﷺ نے نہیں کیا مگر خدا کی قسم یہ کام بہتر ہے۔
حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ عمر رضی اللہ عنہ زور دیتے رہے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے اس کام کے لیے میرا سینہ کھول دیا اور میں ان کی رائے سے متفق ہو گیا۔ پھر آپ نے زید بن ثابت رضی اللہ عنہ کو بلا کر اس کام کا حکم دیا تو انہوں نے بھی یہی عرض کی، آپ وہ کام کیوں کرتے ہیں جو آقا ﷺ نے نہیں کیا؟ اس پر سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے فرمایا، خدا کی قسم یہ کام بھلائی کا ہے۔ یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے ان کا سینہ بھی کھول دیا اور انہوں نے قرآن عظیم جمع کیا۔
سوال نمبر:261۔اس حدیث پاک سے بدعت کے متعلق کیا اصول واضح ہوتا ہے؟
جواب : اعلیٰ حضرت امام احمد رضا محدث بریلوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں، جب زید بن ثابت نے صدیق اکبر اور صدیق اکبر نے فاروق اعظم (رضی اللہ عنہم) پر اعتراض کیا تو ان حضرات نے یہ جواب نہ دیا کہ دین میں نئی بات نکالنے کی ممانعت تو پچھلے زمانہ میں ہوگی۔ ہم صحابہ ہیں اس لیے ہمارے زمانے میں ممانعت نہیں بلکہ یہی جواب دیا کہ یہ کام اگرچہ حضور ﷺ نے نہ کیا مگر یہ بھلائی کا کام ہے اس لیے ناجائز نہیں ہو سکتا ۔
سوال نمبر:262۔ اچھی بدعت پر ثواب اور بری بدعت پر گناہ کا ذکر کس حدیث میں ہے؟
جواب : حضور کاارشاد ہے،’’ جس نے اسلام میں اچھا طریقہ ایجاد کیا تو اس کے لیے اس کا ثواب ہے اور اس کے بعد اس پر عمل کرنے والوں کی مثل بھی اسے ثواب ہوگا اور ان بعد والوں کے ثواب میں کوئی کمی نہیں ہو گی۔ اور جس نے اسلام میں برا طریقہ ایجاد کیا اس پر اس کا گناہ ہے اور اس کے بعد اس پر عمل کرنے والوں کا بھی اسےگناہ ہوگا جبکہ ان بعد والوں کے گناہ میں کوئی کمی نہیں ہو گی‘‘۔()
سوال نمبر:263۔بدعت کے متعلق دو محدثین کرام کے اقوال بتائیے۔
جواب : امام عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں، بدعت اگر کسی ایسی اصل کے تحت ہے جس کی خوبی شرع سے ثابت ہے تو وہ اچھی ہے اور اگر کسی ایسی چیز کے تحت ہے جس کی برائی شرع سے ثابت ہے تو وہ بُری ہے اور جو دونوں سے متعلق نہ ہو وہ مباح ہے۔()
Share:
keyboard_arrow_up