Deeni Taleem

Deeni Taleem

Total Pages: 48

Page 32 of 48
جواب : کسی کے پاس کچھ سونا اور کچھ چاندی ہے اور دونوں کی مقدار نصاب سے کم ہے تو دونوں کی مالیت کا حساب کریں ، اگر کل رقم ملا کر کم مالیت والے نصاب یعنی ساڑھے باون تولے چاندی کی قیمت کے برابر ہو تو زکوٰۃ واجب ہے۔ اسی طرح اگر نصاب سے کم سونا اور کچھ روپے ہیں تو سونے کی مالیت نکالیں، اگر مالیت اور نقد رقم ملا کر ساڑھے باون تولے چاندی کی مالیت کے برابر ہو تب بھی زکوٰۃ واجب ہے۔
سوال نمبر:234۔اگر کسی پر حق مہر یا میعادی قرض ہو تو کیا وہ زکوٰۃ دے گا؟
جواب : جو قرض میعادی ہو وہ زکوٰۃ سے نہیں روکتا۔چونکہ عادۃً مہر کی رقم کا مطالبہ نہیں ہوتا اس لیے شوہر کے ذمہ کتنا ہی مہر کیوں نہ ہو ، اس پر زکوٰۃ واجب ہے۔ البتہ اگر کسی پر قرض ہو اور وہ قرض ادا کرنے کے بعد مالکِ نصاب نہیں رہتا تو اس پر زکوٰۃ نہیں۔
سوال نمبر:235۔کیا مالِ تجارت پر بھی زکوٰۃ ہے؟
جواب : جی ہاں !مالِ تجارت پر بھی زکوٰۃ ہے جبکہ اس کی قیمت کم از کم نصاب کے برابرہو۔ اگر سامانِ تجارت کی قیمت نصاب کو نہیں پہنچتی مگر اس کے پاس مالِ تجارت کے علاوہ سونا اور چاندی بھی ہے تو ان تینوں کی مالیت جمع کریں اگر مجموعہ نصاب کو پہنچے تو زکوٰۃ واجب ہے۔اگر کسی کے چار بیٹے ہیں اور اس نے انہیں دینے کی ضرورت سے چار مکان خریدے تو ان پر زکوٰۃ نہیں۔ اگر کوئی مکان یا پلاٹ بیچنے کی نیت سے لیا تو اس پر زکوٰۃ ہے۔
سوال نمبر:236۔عورت جو زیور پہنتی ہے اس کی زکوٰۃ کس کے ذمہ ہے؟
جواب : وہ زیور جو عورت کی ملکیت ہے یا اس کے شوہر نے اس کی ملکیت کردیا، اس کی زکوٰۃ عورت کے ذمہ ہے،شوہر کے ذمہ نہیں اگرچہ وہ مالدار ہو اور نہ اس کی زکوٰۃ نہ دینے کا شوہر پر کوئی گناہ۔ اور وہ زیور جو شوہر نے صرف پہننے کو دیا اور اپنی ہی ملکیت میں رکھا جیسا کہ بعض گھرانوں میں رواج ہے تو اس کی زکوٰۃ بیشک مرد کے ذمہ ہے جبکہ وہ زیور خود یا دوسرے مال سے مل کر نصاب کو پہنچے ۔
سوال نمبر:237۔زکوٰۃ کے سال کا حساب کس طرح کیا جائے؟
جواب : چاند کی تاریخ کے حساب سے جس تاریخ اور جس وقت کوئی صاحب نصاب ہوا، جب سال گزر کر وہی تاریخ اور وقت آئے گا اس پر فوراً زکوٰۃ ادا کرنا واجب ہو گا۔ اب وہ جتنی دیر کرے گناہگار ہوگا۔ اس لیے زکوٰۃ سال پورا ہونے سے پہلے پیشگی ادا کرنی چاہیے۔ سال پورا ہونے پر اس رقم کا حساب کر لیا جائے، جو رقم کم ہو فوراً دے دی جائے اور اگر زیادہ دے دی ہو تو اسے آئندہ سال کے حساب میں شمار کر لیا جائے۔
سوال نمبر:238۔زکوٰۃ کن رشتہ داروں کو نہیں دی جاسکتی ؟
جواب : مرد یا عورت جن کی اولاد میں خود ہے یعنی ماں باپ، دادا دادی، نانانانی وغیرہ اور جو ان کی اولاد میں ہے یعنی بیٹا بیٹی، پوتا پوتی، نواسہ نواسی وغیرہ اور شوہریا بیوی؛ان کو زکوٰۃ اور صدقۂ فطر دینا جائز نہیں البتہ انہیں نفلی صدقہ دینا بہتر ہے۔
سوال نمبر:239۔کن رشتہ داروں کو زکوٰۃ دی جا سکتی ہے؟
جواب : جو عزیز شرعاًحاجت مند ہوں جیسے بہن بھائی، بھتیجا بھتیجی، بھانجا بھانجی، ماموں خالہ، چچا پھوپھی وغیرہ زکوٰۃکا بہترین مصرف ہیں کہ اس میں صلہ رحمی کا ثواب بھی ہو گا۔نیز نفس پر بار بھی نہیں ہوگا کیونکہ آدمی اپنے سگے بہن بھائی یا ان کی اولاد کو دینا گویا اپنے ہی کام میں استعمال کرنا سمجھتا ہے۔
سوال نمبر:240۔کن لوگوں کو زکوٰۃ دینا جائز ہے؟
جواب : جس کے پاس مال ہو مگر نصاب سے کم ہو یا وہ اتنا مقروض ہو کہ قرض نکالنے کے بعد صاحبِ نصاب نہ رہے، وہ فقیر ہے۔ اسے اور مسکین کو زکوٰۃ دینا جائز ہے۔ مسکین وہ ہے جس کے پاس کچھ نہ ہو اور وہ کھانے اور پہننے کے لیے مانگنے کا محتاج ہو۔ فقیر کو مانگنا ناجائز ہے جبکہ مسکین کو جائز ہے۔
Share:
keyboard_arrow_up