سوال نمبر:202۔ شرعاً مسافر کون ہے جسے نماز قصر کرنے کا حکم ہے؟
جواب : مسافر وہ شخص ہے جو 57.375 میل یا 92.33 کلومیٹر کے سفر کے ارادے سے اپنی بستی سے باہر نکل چکا ہو۔مسافر اس وقت تک نمازیں قصر کرتا رہے گا جب تک اپنی بستی واپس نہ پہنچ جائے یا کسی مقام پر وہ پندرہ دن یا زائد قیام کا ارادہ نہ کر لے۔ وہ وہاں پوری نماز پڑھے گا چاہے بعد میں کسی وجہ سے وہاں پندرہ دن سے کم قیام کرسکے۔ اسی طرح اگر کسی جگہ پندرہ دن سے کم قیام کی نیت ہو مگر کسی وجہ سے وہاں پندرہ دن سے زائد ٹھہرنا پڑے پھر بھی وہ قصر کرے گا۔
سوال نمبر:203۔ مسافر کن نمازوں میں قصر کرے گا؟ اگر قصر نہ کرے تو کیا حکم ہے؟
جواب : مسافر پر واجب ہے کہ وہ چار رکعت والے فرض کی دو رکعت پڑھے۔ فجر، مغرب اور سنتوں میں کوئی قصر نہیں۔ اگر مسافر قصر نہ کرے گا تو گناہگار ہو گا۔
سوال نمبر:204۔ اگر امام مسافر ہو تو مقیم اس کے پیچھے نماز کیسے پڑھیں ؟
جواب : اگر مسافر مقیم امام کے پیچھے نماز پڑھے تو چار رکعت ہی ادا کرے اور اگر مقیم لوگ مسافر امام کی اقتداء میں نماز ادا کریں تو امام کو چاہیے کہ وہ پہلے لوگوں کو اپنا مسافر ہونا بتا دے پھر دو رکعت کے بعد سلام پھیر لے اور مقیم مقتدی کھڑے ہو کر بقیہ دو رکعتیں پڑھیں مگر قیام میں سورہ فاتحہ پڑھنے کی مقدار خاموش کھڑے رہیں۔
سوال نمبر:205۔ چلتی ٹرین میں نماز پڑھنے کا کیا حکم ہے ؟
جواب : چلتی ٹرین پر نماز نہیں ہوتی اس لیے جب اسٹیشن پر گاڑی رکے، اس وقت نماز ادا کرے اور اگر نماز کاوقت جارہا ہو تو جس طرح بھی ممکن ہو پڑھ لے پھر جب موقع ملے تو نمازکا اعادہ کرے۔ جو نماز سفرمیں قضا ہوئی یا ناقص پڑھی گئی اسے لوٹانے میں ضروری ہے کہ اسے قصر ہی پڑھا جائے۔
سوال نمبر:206۔ قران میں آیاتِ سجدہ کتنی ہیں؟ سجدۂ تلاوت کیسے کیا جائے؟
جواب : قرآن کریم میں چودہ آیات ایسی ہیں جنہیں پڑھنے یا سننے سے سجدہ واجب ہو جاتا ہے۔ اس کا مسنون طریقہ یہ ہے کہ کھڑے ہو کر یا بیٹھے ہوئے اللہ اکبر کہتے ہوئے سجدہ میں جائیں اور کم ازکم تین بار ’’سبحان ربی الاعلیٰ‘‘ کہیں پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے اٹھ جائیں۔ سجدہ تلاوت کے لیے اللہ اکبر کہتے وقت نہ ہاتھ اٹھائیں اور نہ بعد میں سلام پھیریں۔
سوال نمبر:207۔ تکبیرِ اولیٰ کہتے وقت ہاتھ کانوں تک اٹھائے جائیں، حدیث سنائیے۔
جواب: حضرت مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ جب تکبیر کہتے تو اپنے ہاتھوں کو بلند کرتے یہاں تک کہ وہ کانوں کے برابر ہوجاتے۔()
سوال نمبر:208۔نماز میں ہاتھ ناف کے نیچے باندھنے چاہئیں، حدیث سنائیں۔
جواب : حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، سنت یہ ہے کہ نماز میں ایک ہتھیلی کو دوسری ہتھیلی پر ناف کے نیچے رکھا جائے۔()
سوال نمبر:209۔ جب امام قرأت کرے تو مقتدی خاموش رہیں، حدیث سنائیں۔
جواب : حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آقا کریم ﷺ نے فرمایا: جب امام قرأت کرے تو تم خاموش رہو۔ امام مسلم نے فرمایا، یہ حدیث صحیح ہے۔()
سوال نمبر:210۔ جہری نماز ہو یا سِری، مقتدی قرأت نہ کرے، کیوں؟
جواب : حضور ﷺ نے فرمایا، جو امام کے پیچھے نماز پڑھے تو امام کی قرأت ہی اس کی قرأت ہے۔() یہ حدیث صحیح ہے اور اس کے راوی بخاری ومسلم کی شرط کے موافق ہیں۔()
سوال نمبر:211۔امام اور مقتدی دونوں کو آمین آہستہ کہنی چاہیے، احادیث سنائیں۔
جواب : حضرت علقمہ بن وائل رضی اللہ عنہمااپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ سرکارِ دوعالم ﷺ نے جب نماز میں” ولاالضالین“ پڑھا تو آہستہ آواز میں آمین کہی۔()
Page 29 of 48

