سوال نمبر:192۔ اگرکوئی وتر میں دعائے قنوت پڑھنا بھول کر رکوع میں چلا گیا تو کیا کرے؟
جواب : دعائے قنوت پڑھنا اور اس کے لیے تکبیر کہنا بھی واجب ہے۔ اگر کوئی دعائے قنوت پڑھنا بھول کر رکوع میں چلا جائے تو وہ قیام کی طرف نہ لوٹے بلکہ آخر میں سجدہ سہو کرلے۔
سوال نمبر:193۔ نمازِ جمعہ چھوڑنے والے کے لیے کیا وعیدیں ہیں؟
جواب : آقا و مولیٰ ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے: ’’جو تین جمعے سستی کی وجہ سے چھوڑ دے گا اللہ تعالیٰ اس کے دل پر مہر کر دے گا (اور وہ غافلوں میں ہوجائے گا)‘‘۔ () ایک اورروایت میں ہے کہ ’’جو تین جمعے بلاعذر چھوڑے وہ منافق ہے‘‘۔()
سوال نمبر:194۔ ہر نماز کے بعد بلند آواز سے ذکر کن ایام میں مخالفین بھی کرتے ہیں؟
جواب : نویں ذی الحجہ کی فجر سے لے کر تیرہ تاریخ کی عصر تک ہر فرض نماز کے بعد جو جماعتِ مستحبہ کے ساتھ ادا کی گئی، ایک بار بلند آواز سے ’’تکبیر تشریق‘‘ کہنا واجب اور تین بار افضل ہے۔وہ تکبیر یہ ہے:
اَللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ لاَاِلٰہ َاِلاَّاللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْد۔
سوال نمبر:195۔ نمازِ جنازہ پڑھنے کا کیا طریقہ ہے؟
جواب : نماز جنازہ کا طریقہ یہ ہے کہ نیت کرکے اللہ اکبر کہہ کر ناف کے نیچے ہاتھ باندھ لیں اور ثناء پڑھیں ، پھر ہاتھ اٹھائے بغیر اللہ اکبر کہیں اور درود شریف پڑھیں۔ بہتر ہے کہ وہی درود پڑھیں جو نماز میں پڑھا جاتا ہے اور اگر کوئی دوسرا درود پڑھا تب بھی حرج نہیں۔ پھربغیر ہاتھ اٹھائے اللہ اکبر کہیں اور دعا پڑھیں۔ پھر چوتھی بار اللہ اکبر کہہ کر ہاتھ چھوڑ دیں اور دونوں طرف سلام پھیر لیں۔
سوال نمبر:196۔ نمازِ جنازہ کے بعد دعا مانگنے کا ذکر کس حدیث میں ہے؟
جواب : آقا ومولیٰ ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے،’’جب تم میت کی نماز جنازہ پڑھ لو تو اب خاص اس کے لیے دعا کرو‘‘۔()
سوال نمبر:197۔ تراویح کی بیس رکعتیں ہیں ، اس پرحدیث شریف سنائیے۔
جواب : امام بیہقی نے صحیح سند کے ساتھ حضرت سائب بن یزید رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ لوگ حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے زمانے میں بیس رکعت تراویح پڑھا کرتے تھے۔()
سوال نمبر:198۔ تراویح میں قرآن مجید ختم کرنا سنت مؤکدہ ہے ۔اس کی اجرت دینا کیسا ہے؟
جواب : امام وحافظ کے لیے ضروری ہے کہ قرآن کریم صحیح مخارج کے ساتھ اخلاصِ نیت سے پڑھے۔ اُجرت دے کر تراویح پڑھوانا، ناجائز ہے۔ دینے والا اور لینے والا دونوں گناہگار ہیں البتہ اُجرت طے کیے بغیر کچھ دینے میں حرج نہیں۔
سوال نمبر:199۔ کیا توبہ کرنے سے قضا نمازیں معاف ہو جاتی ہیں؟
جواب : سچی توبہ سے قضا کرنے کا گناہ معاف ہو جاتا ہے البتہ توبہ اسی وقت صحیح ہوگی جب کہ چھوٹی ہوئی نماز کی قضا پڑھ لی جائے، اگر نماز کی قضا نہ پڑھی تو یہ توبہ قبول نہ ہو گی۔
سوال نمبر:200۔ قضا نمازیں ادا کرنے کا کیا طریقہ ہے؟
جواب : جس کے ذمہ کئی سال کی قضا نمازیں ہوں اسے چاہیے کہ اپنے بالغ ہونے کی عمر (اندازاً 12 سال)سے اس وقت تک کی نمازوں کا حساب لگائے اور پھر جب جب فرصت ملے انہیں ادا کرے۔ چونکہ قضا نمازیں نوافل سے اہم ہیں اس لیے نوافل اور غیر مؤکدہ سنتوں کی بجائے قضا پڑھتا رہے، البتہ تراویح اور بارہ رکعتیں سنت مؤکدہ نہ چھوڑے۔
سوال نمبر:201۔ قضا نمازوں کی نیت کیسے کی جائے ؟
جواب : قضا نمازکی نیت یوں کی جائے مثلاً ’’سب سے پہلی نمازِ فجر جو قضا ہوئی اسے ادا کرتا ہوں‘‘۔ پھر جب دوسری نمازِ فجر کی قضا پڑھے تو یہی نیت کرے کیونکہ پہلی قضا نمازِ فجرتو ادا ہو چکی اس لیے اب دوسری نماز قضا نمازوں میں پہلی ہوگی،اسی طرح دیگر نمازوں کے لیے بھی یوں ہی نیت کرے۔
Page 28 of 48

