Deeni Taleem

Deeni Taleem

Total Pages: 48

Page 27 of 48
جواب : نمازی کے آگے سے گزرنا سخت گناہ ہے۔ آقا و مولیٰ ﷺ نے فرمایا، اگر نمازی کے آگے سے گزرنے والا جانتا کہ اس کا کیا گناہ ہے تو وہ سو برس کھڑا رہنا اس ایک قدم چلنے سے بہترسمجھتا۔
سوال نمبر:182۔ نمازی کے آگے سے گزرنا کب جائز ہے؟
جواب : اگرنمازی کے آگے سُترہ ہو یعنی کوئی ایسی چیز جس سے آڑہو جائے تو سُترہ کے بعد سے گزرنے میں کوئی حرج نہیں۔سُترہ کم از کم ایک ہاتھ اونچا اور ایک انگلی کے برابر موٹا ہو۔
سوال نمبر:183۔ مسجد میں دنیاوی باتیں کرنے سے متعلق کیا حکم ہے؟
جواب : مسجد میں دنیاوی باتیں کرنا یا اونچی آواز سے گفتگو کرنا منع ہے۔ حدیث میں ہے کہ مسجد میں دنیاوی باتیں کرنا نیکیوں کو اس طرح ختم کردیتا ہے جیسے آگ خشک لکڑیوں کو جلا دیتی ہے۔
سوال نمبر:184۔ مسجد میں کھانا پینا اور سونا کیسا ہے؟
جواب : مسجد میں کھانا پینا اور سونا معتکف کے سوا کسی کو جائز نہیں لہٰذا غیر معتکف اعتکاف کی نیت کر کے مسجد جائے اور کچھ ذکرِالٰہی کرے یانمازپڑھے، اب اس کے لیے ضرورتاً کھانا پینا جائز ہوگا۔
سوال نمبر:185۔امامت کے لائق ہونے کے لیے کن صفات کا ہونا ضروری ہے؟
جواب : امامت کا مستحق وہ ہے جو صحیح العقیدہ اہلِ سنت وجماعت ہو، پرہیزگار ہو، طہارت ونماز کے احکام کو سب سے زیادہ جانتا ہو ، اسے اتنا قرآن یاد ہو جو مسنون طور پر پڑھ سکے نیزقرآن کریم کے حروف مخارج سے ادا کر سکتا ہو۔
سوال نمبر:186۔ کن لوگوں کے پیچھے نماز مکروہِ تحریمی اور واجبُ الاعادہ ہے؟
جواب : وہ بدمذہب جن کی بدمذہبی کفر کی حد کو نہ پہنچی اور وہ فاسق جو اعلانیہ کبیرہ گناہ کرتے ہیں جیسے بدکار، شرابی،جواری،سود خور، داڑھی منڈوانے یا ایک مشت سے کم رکھنے والے ،ان کو امام بنانا گناہ ہے اوران کے پیچھے نماز، مکروہ تحریمی اور واجبُ الاعادہ ہے۔
سوال نمبر:187۔ پہلی صف میں نماز پڑھنے کا کیا ثواب ہے؟
جواب : حضور ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے: ’’اگر لوگ جانتے کہ اذان اور پہلی صف کا کیا اجرو ثواب ہے تو ہر کوئی ان کا طلبگار ہوتا یہاں تک کہ وہ اس پر قرعہ اندازی کرتے‘‘۔()
سوال نمبر:188۔ اگر امام رکوع میں ہو تو رکعت کیسے ملے گی؟
جواب : اگر کسی نے امام کو رکوع کی حالت میں پایاتو یہ نیت کرکے سیدھے کھڑے رہنے کی حالت میں تکبیر تحریمہ کہے پھر دوسری تکبیر کہتا ہوا رکوع میں جائے۔ اگر پہلی تکبیر کہتا ہوا رکوع کی حد تک جھک گیا تو نماز نہ ہوگی ۔اگر امام کو رکوع میں پا لیا تواسے رکعت مل گئی اور اگر امام نے رکوع سے سر اٹھا لیا تو یہ رکعت بعد میں ادا کرے۔
سوال نمبر:189۔ اگر پہلی رکعت رہ جائے تو اسے کیسے ادا کیا جائے گا؟
جواب : اگرکوئی پہلی رکعت کے رکوع کے بعد یا دوسری رکعت میں جماعت میں شریک ہوا تو امام کے سلام پھیرنے کے بعد کھڑے ہو کر ثناء، تعوذ، تسمیہ، سورہ فاتحہ اور چھوٹی سورت پڑھ کر پہلی رکعت مکمل کر کے قعدہ کرے اور نماز پوری کرے۔چُھوٹی ہوئی رکعت ادا ہوجائے گی۔
سوال نمبر:190۔ اگر دو رکعتیں رہ جائیں تو انہیں کیسے ادا کیا جائے گا؟
جواب : اگر چار رکعت نماز کی تیسری رکعت میں شریک ہوا تو بعد میں دو رکعتیں مکمل طور پر پڑھے یعنی دونوں رکعتوں میں سورہ فاتحہ کے بعد چھوٹی سورت بھی پڑھے۔
سوال نمبر:191۔ اگر چوتھی رکعت کے رکوع سے پہلے شامل ہوا تو تین رکعتیں کیسے ادا کرے؟
جواب : بعد میں کھڑا ہو کر ثناء، تعوذ، تسمیہ، سورہ فاتحہ اور سورت پڑھ کر پہلی رکعت مکمل کرے جو دراصل اس کی دوسری رکعت ہے اس لیے اس رکعت کے بعد قعدہ کرے اور صرف تشہد پڑھ کر کھڑا ہو جائے۔ اب چھوٹی ہوئی دوسری رکعت میں جو دراصل اس کی تیسری رکعت ہے، سورہ فاتحہ کے بعد سورت بھی پڑھے اوریہ رکعت پوری کرکے کھڑا ہو جائے پھر اپنی چھوٹی ہوئی تیسری رکعت پڑھے جس میں صرف تسمیہ اور سورہ فاتحہ پڑھے، آخر میں قعدہ کر کے سلام پھیر لے۔
Share:
keyboard_arrow_up