Deeni Taleem

Deeni Taleem

Total Pages: 48

Page 25 of 48
سوال نمبر:166۔سنتِ مؤکدہ اور سنتِ غیر مؤکدہ کے طریقے میں کیا فرق ہے؟
جواب : سنتِ مؤکدہ کے پہلے قعدہ میں صرف تشھد تک پڑھیں اور کھڑے ہو کر سورہ فاتحہ سے شروع کریں جبکہ سنت ِ غیر مؤکدہ اور نفل نماز کے پہلے قعدہ میں تشھد کے بعد درود شریف اور دعا بھی پڑھیں اور تیسری رکعت کے شروع میں ثناء بھی پڑھیں۔
سوال نمبر:167۔ باجماعت نماز میں مقتدی قیام میں کیا کیا پڑھے ؟
جواب : جماعت سے نماز پڑھے تو پہلی رکعت کے قیام میں صرف ثناء پڑھے اور خاموش کھڑا رہے یونہی دیگر رکعتوں کے قیام میں بھی مقتدی کو قرأت نہیں کرنی چاہیے۔ رکوع سے اٹھتے وقت سَمِعَ اللہُ لِمَنْ حَمِدَہ صرف امام کہے اور مقتدی ربنا لک الحمد کہے۔
سوال نمبر:168۔ نماز کے فرائض کون کون سے ہیں؟
جواب : 1۔ تکبیر تحریمہ دراصل نماز کی شرائط میں سے ہے مگر اسے فرائض میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔اگر مقتدی نے لفظ ’’اللہ‘‘ امام کے ساتھ کہا لیکن ’’اکبر‘‘ کو امام سے پہلے ختم کر لیا تو نماز نہ ہوئی۔
2۔ قیام یعنی سیدھا کھڑا ہونا نمازمیں فرض ہے، قیام اتنی دیر ہے جتنی دیر تک قرأت کی جائے ۔
3۔ قرأت یعنی تمام حروف کا مخارج سے ادا کرنا نیز ایسے پڑھنا کہ اسے خود سن سکے، فرض ہے۔
4۔رکوع بھی فرض ہے۔ بہتر ہے کہ کمر سیدھی ہو نیز سر اور پیٹھ یکساں اونچے ہوں۔
5۔سجود یعنی ہر رکعت میں دو بار سجدہ کرنا فرض ہے۔ پیشانی اور ناک کی ہڈی کا زمین پر جمنا سجدہ کی حقیقت ہے اور ہر پاؤں کی ایک انگلی کا پیٹ لگنا شرط۔
6۔قعدہ اخیرہ یعنی تمام رکعتیں پڑھ کر اتنی دیر بیٹھنا کہ پوری تشھد پڑھ لی جائے، فرض ہے۔
7۔خروج بِصُنْعِہٖ یعنی آخری قعدہ کے بعد سلام پھیرنا فرض ہے۔
سوال نمبر:169۔ نماز کے واجبات کون کون سے ہیں؟
جواب : 1۔تکبیر تحریمہ کے لیے’’ اللہ اکبر‘‘ کہنا،2۔ فرض نماز کی پہلی دو رکعتوں اور دیگر نمازوں کی ہر رکعت میں ایک بارپوری سورت فاتحہ پڑھنا، 3۔فرض کی پہلی دو اور باقی نمازوں کی ہر رکعت میں سورت فاتحہ کے بعد چھوٹی سورت یا ایک یا دو آیتیں تین چھوٹی آیات کے برابر پڑھنا،4۔قومہ یعنی رکوع کے بعد سیدھا کھڑا ہونا، 5 ۔جلسہ یعنی دو سجدوں کے درمیان سیدھا بیٹھنا،6۔ سجدے میں پیشانی اور ناک دونوں کو زمین پر لگانا، 7۔ سجدے میں دونوں پاؤں کی تین تین انگلیوں کا پیٹ زمین پر لگانا،8۔رکوع وسجدہ و قومہ و
جلسہ میں کم ازکم ایک بار سبحان اللہ کہنے کی مقدار ٹھہرنا، 9۔قعدہ اولیٰ یعنی تین یا چار رکعت والی نماز میں دو رکعت کے بعد بیٹھنا، 10۔دونوں قعدوں میں التحیات و تشھد پڑھنا،11۔پہلے قعدہ میں تشھد کے بعد کچھ نہ پڑھنا، 12۔دو فرض یا دو واجب یا واجب وفرض کے درمیان تین تسبیح کے برابر وقفہ نہ ہونا، 13۔دونوں طرف سلام پھیرتے وقت لفظ السلام کہنا۔
سوال نمبر:170۔ جماعت کی صورت میں مزید واجبات کون سے ہیں؟
جواب : جہری نماز یعنی فجر و مغرب و عشاء میں امام کو آواز سے قرأت کرنا، سری نماز یعنی ظہر وعصر میں امام کو آہستہ قرأت کرنا، امام بلند آواز سے تلاوت کرے یا آہستہ اس وقت مقتدیوں کا خاموش رہنا، سوائے قرأت کے تمام واجبات میں امام کی پیروی کرنا۔
سوال نمبر:171۔ نمازِ وتر میں دو اضافی واجبات کون سے ہیں؟
جواب : وتر میں دعائے قنوت پڑھنا اوردعائے قنوت سے قبل تکبیر کہنا۔
سوال نمبر:172۔ سجدہ سہو کب واجب ہوتا ہے؟ اس کا طریقہ کیا ہے؟
جواب : جب کوئی واجب بھولے سے رہ جائے یا مکررادا کر لیا جائے یا کسی فرض کی ادائیگی میں تاخیر ہو جائے تو سجدہ سہو واجب ہو جاتا ہے۔سجدہ سہو کا طریقہ یہ ہے کہ آخری قعدے میں تشھد پڑھ کر دائیں طرف سلام پھیریں اور دو سجدے کر کے پھر تشھد، درود شریف اور دعا پڑھ کر سلام پھیر لیں۔
Share:
keyboard_arrow_up