اول : طہارت یعنی نمازی کا جسم ،لباس اور جگہ کا پاک ہونا ۔
دوم: سترِ عورت یعنی بدن کا وہ حصہ جس کا چھپانا فرض ہے اس کا چھپا ہونا۔
سوم: استقبالِ قبلہ یعنی کعبہ شریف کی طرف منہ کرنا ہے۔
چہارم: نماز کا وقت پایا جانا۔
پنجم:نماز کی نیت ہونا۔
ششم: تکبیر تحریمہ یعنی اللہ اکبر کہہ کر نماز شروع کرنا۔
سوال نمبر:157۔ کیانماز کی نیت زبان سے کرنا ضروری ہے؟
جواب : نیت دل کے پکے ارادے کو کہتے ہیں اس کا ادنیٰ درجہ یہ ہے کہ اگر اس وقت کوئی پوچھے کہ کون سی نماز پڑھ رہے ہو تو فوراً بتا دے، اگر سوچ کر بتائے گا تو نماز نہ ہو گی۔ زبان سے نیت کہہ لینا مستحب ہے اور اس کے لیے کسی زبان کی قید نہیں۔
سوال نمبر:158۔ کن اوقات میں نماز پڑھنا منع ہے ؟
جواب : جن اوقات میں نماز پڑھنا مکروہ ہے ان میں طلوعِ آفتاب سے بیس منٹ بعد تک، غروبِ آفتاب سے بیس منٹ قبل سے غروب تک اور ضحوہ کبریٰ یعنی نصفُ النہار شرعی سے نصفُ النہار حقیقی یعنی زوال تک کا وقت شامل ہیں۔
ان اوقات میں کوئی نماز یا سجدہ تلاوت جائز نہیں، ان اوقات کے علاوہ ہر وقت قضا نمازیں اور نوافل پڑھے جا سکتے ہیں، البتہ صبحِ صادق سے طلوعِ آفتاب تک ،اور نماز عصر سے آفتاب غروب ہونے تک کوئی نفل نماز، اور امام کے خطبَۂ جمعہ کے لیے کھڑے ہونے سے لے کر فرض جمعہ ختم ہونے تک نفل اور سنت دونوں جائز نہیں۔
سوال نمبر:159۔ ثناء ، تعوذ اور تسمیہ کا ترجمہ سنائیے۔
جواب:’’پاک ہے تو اے اللہ ! اور میں تیری حمد کرتا ہوں، تیرا نام برکت والا ہے اور تیری عظمت بلند ہے اور تیرے سوا کوئی معبود نہیں‘‘۔’’میں پناہ مانگتا ہوں اللہ کی، شیطان مردود سے‘‘۔’’اللہ کے نام سے شروع جو بہت مہربان رحمت والا ہے‘‘۔
سوال نمبر:160۔ کنزالایمان سے سورۃ فاتحہ کا ترجمہ سنائیے۔
جواب : ’’سب خوبیاں اللہ کو جو مالک سارے جہان والوں کا، بہت مہربان رحمت والا، روزِ جزا کا مالک، ہم تجھی کو پوجیں اور تجھی سے مدد چاہیں، ہم کو سیدھا راستہ چلا، راستہ ان کا جن پر تو نے احسان کیا ، نہ ان کا جن پر غضب ہوا، اور نہ بہکے ہوؤں کا‘‘۔
سوال نمبر:161۔ رکوع اور سجدے کی تسبیح کا ترجمہ سنائیے۔
جواب : ’’پاک ہے میرا پروردگار عظمت والا‘‘۔
’’ پاک ہے میرا پروردگار بہت بلند‘‘۔
سوال نمبر:162۔ تسمیع اور تحمید کا ترجمہ سنائیے۔
جواب : ’’اللہ نے اس کی سن لی جس نے اس کی تعریف کی‘‘۔
’’اے ہمارے مالک! سب تعریف تیرے ہی لیے ہے‘‘۔
سوال نمبر:163۔ التحیات اور تشھد کا ترجمہ سنائیے۔
جواب : ’’تمام قولی عبادتیں اور تمام فعلی عبادتیں اورتمام مالی عبادتیں اللہ ہی کے لیے ہیں، سلام ہو آپ پر اے نبی! اوراللہ کی رحمتیں اور برکتیں۔ ہم پر اور اللہ کے نیک بندوں پر سلام ہو۔میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور گواہی دیتا ہوں کہ محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں‘‘۔
سوال نمبر:164۔ تشھد پڑھتے وقت انگلی سے اشارہ کرنے کا کیا طریقہ ہے؟
جواب : تشھد پڑھتے وقت جب’’ اَشْھَدُ اَنْ لَّا‘‘ کے قریب پہنچیں تو دائیں ہاتھ کی بیچ کی انگلی اور انگوٹھے کو ملا کر حلقہ بنائیں اور چھوٹی انگلی اور اس کے ساتھ والی انگلی کو ہتھیلی سے ملا دیں اور لفظ ’’لَا‘‘ پرشہادت کی انگلی اٹھائیں اور ’’اِلَّا‘‘ پر نیچے کر لیں اور پھر سب انگلیاں فوراً سیدھی کر لیں۔
سوال نمبر:165۔ نماز کی تیسری یا چوتھی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد کیا پڑھا جائے؟
جواب : اگر فرض نماز ہوتو تیسری اور چوتھی رکعتوں کے قیام میں سورہ فاتحہ کے بعد چھوٹی سورت نہ ملائیں۔ اگر چار رکعت سنت یا نفل نماز پڑھیں تو تیسری اور چوتھی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد کوئی چھوٹی سورت یا اس کے برابر آیات بھی پڑھیں۔
Page 24 of 48

