سوال نمبر:137۔ بیماری یا زخم کی کن صورتوں میں تیمم جائز نہیں ۔
جواب : بیماری میں اگر ٹھنڈا پانی نقصان کرتا ہے تو گرم پانی استعمال کرنا چاہیے اگر گرم پانی نہ ملے تو تیمم کیا جائے۔ یونہی اگر سر پر پانی ڈالنا نقصان کرتا ہے تو گلے سے نہائے اورگیلا ہاتھ پھیر کر پورے سر کا مسح کرے۔ اگر کسی عضو پر زخم کے باعث پٹی بندھی ہو یا پلاستر چڑھا ہو تو ہاتھ گیلا کر کے اس پر پھیر دیا جائے اور باقی جسم کو پانی سے دھویا جائے۔
سوال نمبر:138۔ تیمم کن چیزوں سے ختم ہو جاتا ہے؟
جواب : جس عذر کے باعث تیمم کیا گیا اگر وہ ختم ہو جائے یا جن چیزوں سے وضو ٹوٹتا ہے ان سے وضو کا اور جن باتوں سے غسل واجب ہوتا ہے ان سے غسل کا تیمم ٹوٹ جاتا ہے۔
سوال نمبر:139۔ ناپاک کپڑے پاک کرنے کا کیا طریقہ ہے؟
جواب : انہیں اچھی طرح دھو کر پوری قوت سے نچوڑا جائے یہاں تک کہ مزید قوت لگانے پر کوئی قطرہ نہ ٹپکے۔ پھر ہاتھ دھو کر کپڑے دھوئیں اور انہیں اسی طرح پوری طاقت سے نچوڑیں، پھر تیسری بار ہاتھ دھو کر اسی طرح کر یں کہ مزید نچوڑنے پر کوئی قطرہ نہ ٹپکے، اب کپڑے پاک ہو گئے۔
سوال نمبر:140۔ بہتے پانی میں کپڑے پاک کرنے کا کیا طریقہ ہے؟
جواب : اس کا طریقہ یہ ہے کہ کپڑے اچھی طرح دھو کر کسی برتن میں ڈال دیں اور پھر اتنا پانی ڈالیں کہ کپڑے پانی میں مکمل ڈوب جائیں اور پانی اس برتن کے کناروں سے بہنے لگے،جب پانی بہہ رہا ہو تو اس بہتے پانی سے کپڑوں کو نکال لیں ،یہ بہتے پانی کی وجہ سے پاک ہو گئے۔
سوال نمبر:141۔ جو چیزیں نچوڑی نہیں جا سکتیں انہیں کیسے پاک کیا جائے؟
جواب :ایسے نازک کپڑے جو نچوڑنے کے قابل نہیں ،اسی طرح چٹائی، قالین اور جوتا وغیرہ بھی پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ انہیں دھو کر لٹکا دیا جائے یہاں تک کہ ان سے پانی ٹپکنا بند ہو جائے۔ پھر دوبارہ دھو کر لٹکا دیں ، جب پانی ٹپکنا بند ہو جائے پھر تیسری بار دھو کر سکھا لیں، یہ پاک ہو گئے۔
سوال نمبر:142۔ اذان کہنے کی فضیلت پر احادیث سنائیے۔
جواب : سرکارِ دوعالم ﷺ کا فرمانِ عالیشان ہے، ’’اذان دینے والوں کی گردنیں قیامت کے دن سب سے زیادہ بلند ہوں گی‘‘۔()’’جو سات برس ثواب کے لیے اذان کہے، اللہ تعالیٰ اسے جہنم کی آگ سے محفوظ رکھتا ہے‘‘۔ ()
سوال نمبر:143۔ اذان کہنے کا شرعی حکم کیا ہے؟
جواب : مسجد میں باجماعت پانچوں فرض نمازوں کی وقت پر ادائیگی کے لیے اذان سنتِ مؤکدہ ہے اور اس کا حکم واجب کی مثل ہے کہ اگر اذان نہ کہی تو وہاں کے سب لوگ گناہگار ہوں گے۔
سوال نمبر:144۔ بے وضو اذان کہنا اور نماز کاوقت شروع ہونے سے قبل اذان کہنا کیسا ہے؟
جواب : بے وضو اذان کہنا مکروہ ہے۔ جو اذان وقت سے قبل کہی گئی اسے وقت پر لوٹاناچاہیے۔
سوال نمبر:145۔ اذان کے الفاظ کا اردو ترجمہ بیان کیجیے۔
جواب : ’’ اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے،اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے ۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ حضرت محمدﷺ اللہ کے رسول ہیں۔میں گواہی دیتا ہوں کہ حضرت محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں۔
آؤ نماز کی طرف، آؤ نماز کی طرف ، آؤ کامیابی کی طرف، آؤ کامیابی کی طرف۔ اللہ سب سے بڑا ہے ، اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں‘‘۔
سوال نمبر:146۔اذان اور اقامت کہنے والا اپنا منہ دائیں بائیں کس وقت کرے؟
جواب : اذان اور اقامت دونوں میں حی علی الصلوٰۃ کہتے وقت دائیں اور حی علی الفلاح کہتے وقت بائیں طرف منہ کرنا چاہیے۔
Page 22 of 48

