سوال نمبر:127۔ وضو کے بعد کلمَۂ شہادت پڑھنے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب : وضو کے بعد کلمَۂ شہادت پڑھنے والے کے لیے حدیث میں جنت کی بشارت آئی ہے۔
سوال نمبر:128۔ کن چیزوں سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : مندرجہ ذیل چیزوں سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔پیشاب یا پاخانہ کے مقام سے کسی چیز کا نکلنا، منہ بھر کر قے کرنا، خون یا پیپ یا زرد پا نی کا نکل کر جسم پر بہہ جانا،کسی چیز سے سہارا لگا کر سو جانا، دکھتی آنکھ سے پانی کا بہنا، نماز میں آواز سے ہنسنا، بے ہوشی یا جنون طاری ہونا۔
سوال نمبر:129۔ مسواک کر نے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب:آقا و مولیٰ ﷺ کا فرمانِ عالیشان ہے ،مسواک لازم کر لو کیونکہ اس سے منہ کی صفائی ہوتی ہے اور رب تعالیٰ بھی راضی ہوتا ہے۔ ()علماء فرماتے ہیں کہ مسواک کرنے کے ستّر (70) فائدے ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ مرتے وقت کلمہ طیبہ نصیب ہوتا ہے اور نزع کی تکلیف آسان ہو جاتی ہے۔
سوال نمبر:130۔ غسل کے فرائض بیان کریں۔
جواب : 1۔ غرغرہ کرنا یعنی منہ بھر کر اس طرح کُلی کرنا کہ ہونٹ سے حلق کی جڑ تک پانی پہنچ جائے۔
2۔ ناک میں ہڈی تک پانی پہنچاناتاکہ دونوں نتھنوں میں ہڈی تک کوئی جگہ خشک نہ رہے۔
3۔ سارے بدن پر اس طرح پانی بہانا کہ بال برابر جگہ بھی خشک نہ رہے۔
سوال نمبر:131۔ غسل کا مسنون طریقہ بیان کیجیے۔
جواب : غسل کی نیت کر کے پہلے دونوں ہاتھ گٹوں تک دھوئیں پھر استنجے کی جگہ دھوئیں۔ پھر بدن پر جہاں نجاست ہو اسے دور کر کے وضو کریں۔ پھر بدن پر تیل کی طرح پانی مل لیں پھر تین بار دائیں کندھے پر اور تین بار بائیں کندھے پر پانی بہائیں۔ پھر تین بار سر پر اور پھر سارے جسم پر تین بار اچھی طرح پانی بہائیں اور ہاتھ پھیرکر ملیں تاکہ بال برابر جگہ بھی خشک نہ رہے۔
سوال نمبر:132۔ غسل کن چیزوں سے فرض ہوتا ہے؟
جواب : شہْوَت کے ساتھ منی کا نکلنا، نیند میں احتلام ہونا،مباشرت کرنا خواہ انزال ہو یا نہیں، عورت کا حیض سے فارغ ہونا، عورت کا نفاس ختم ہونا۔
سوال نمبر:133۔ تیمم کن صورتوں میں کیا جا تا ہے؟
جواب : جسے وضو یا غسل کی حاجت ہو مگر اسے پانی استعمال کرنے پر قدرت نہ ہو اسے تیمم کرنا چاہیے۔ اس کی چند اہم صورتیں یہ ہیں: چاروں طرف ایک ایک میل تک پانی کا پتا نہ ہو، یا ایسی بیماری ہو کہ پانی کے باعث شدید بیمار ہونے یا دیر میں اچھا ہونے کا صحیح اندیشہ ہو ، یا اتنی سخت سردی ہو کہ نہانے سے مر جانے یا بیمار ہو جانے کا قوی اندیشہ ہو، یا ٹرین یا بس سے اتر کر پانی استعمال کرنے میں گاڑی چھوٹ جانے کا خدشہ ہو۔
سوال نمبر:134۔ تیمم کے فرائض بیان کیجیے۔
جواب : اول: نیت کرنا کہ یہ تیمم وضو یا غسل یا دونوں کی پاکی کے لیے ہے،
دوم: سارے منہ پر اس طرح ہاتھ پھیرنا کہ بال برابر جگہ بھی باقی نہ رہے،
سوم: دونوں ہاتھوں کا کہنیوں سمیت مسح کرنا کہ کوئی حصہ باقی نہ رہے۔
سوال نمبر:135۔ تیمم کا طریقہ کیا ہے؟
جواب : وضو یا غسل یا دونوں کی پاکی کی نیت کر کے پاک مٹی یا پتھر پر دونوں ہاتھ ماریں پھر پورے چہرے کا مسح کریں۔ پھر دوبارہ دونوں ہاتھ مٹی پر مار کر بائیں ہاتھ سے دائیں کا اور دائیں سے بائیں ہاتھ کا کہنیوں سمیت مسح کریں۔
سوال نمبر:136۔ تیمم کن چیزوں سے کیا جاتا ہے؟
جواب : زمین کی جنس سے تعلق رکھنے والی کسی بھی چیز مثلاً مٹی، پتھر، ماربل ، چونا وغیرہ سے تیمم جائز ہے یا لکڑی کپڑا وغیرہ ایسی چیز جس پر اتنی گرد وغبار ہو کہ ہاتھ مارنے سے انگلیوں کا نشان بن جائے، اس سے بھی تیمم جائز ہے۔
Page 21 of 48

