سوال نمبر:118۔باجماعت نماز پڑھنے کی فضیلت و اہمیت پر احادیث سنائیے۔
جواب : آقا و مولیٰ ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے:’’ باجماعت نماز پڑھنا اکیلے نماز پڑھنے سے ستائیس(27) درجے زیادہ افضل ہے‘‘۔ ()محبوبِ کبریا ﷺ نے فرمایا:’’میرا دل چاہتا ہے کہ چند جوانوں سے کہوں کہ بہت سا ایندھن جمع کر کے لائیں پھر میں ان کے پاس جاؤں جو بلا عذر گھروں میں نمازیں پڑھتے ہیں اور ان کے گھروں کو جلا دوں‘‘۔()
سوال نمبر:119۔ نماز میں خشوع وخضوع کی کیا اہمیت ہے؟
جواب : ایک حدیث پاک میں پابندی سے سب نمازیں خشوع و خضوع سے ادا کرنے والوں کو مغفرت کی خوشخبری دی گئی۔ حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما کا ارشاد ہے کہ ’’خشوع کرنے والے وہ ہیں جو اللہ تعالیٰ سے ڈرتے ہیں اور نماز سکون سے پڑھتے ہیں‘‘۔ ()
سوال نمبر:120۔’’بیشک نماز منع کرتی ہے بے حیائی اور بری بات سے‘‘۔ اس کا کیا مطلب ہے؟
جواب : اس آیت سے معلوم ہوا کہ نماز بے حیائی اور برے کاموں سے روکتی ہے یعنی جو شخص پابندی سے نماز کو اس کے حقوق و آداب کا لحاظ رکھتے ہوئے ادا کرتا ہے ، رفتہ رفتہ وہ تمام برے کاموں کو چھوڑ دیتا ہے اور متقی بن جاتا ہے۔حضرت اَنَس رضی اللہ عنہ نے فرمایا: جس کی نماز اسے بے حیائی اور برے کاموں سے نہ روکے وہ نماز ہی نہیں۔
سوال نمبر:121۔ نماز کے دوران مختلف وسوسے آتے ہیں ان کا کیا علاج ہے؟
جواب : نماز کے دوران جو دنیاوی خیالات آئیں، ان کی طرف توجہ نہ کریں بلکہ ان کی پرواہ کیے بغیر اپنے ذہن کو نماز میں پڑھے جانے والے الفاظ اور ان کے معانی کی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کرتے رہیں۔
سوال نمبر:122۔ غسل یا وضو کیسے پانی سے کرنا چاہیے؟
جواب : پانی بے رنگ، بے بو اور بے ذائقہ یعنی قدرتی حالت میں ہو نیز پانی استعمال شدہ نہ ہو۔
سوال نمبر:123۔ مستعمل پانی سے کیا مراد ہے؟
جواب : اگر بے وضو شخص کا ہاتھ یا انگلی یا ناخن یا بدن کا وہ حصہ جو دُھلا نہ ہو، یا جس پر غسل فرض ہے اس کے جسم کا بے دُھلا حصہ پانی میں پڑ جائے یا پانی سے چھو جائے تو وہ پانی مستعمل ہو گیا، اب اس سے وضو یا غسل نہیں ہو سکتا۔
سوال نمبر:124۔ مستعل پانی کو استعمال کے قابل بنانے کا کیا طریقہ ہے؟
جواب : مستعمل پانی کو وضو یا غسل کے لیے استعمال کے قابل بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ اچھا پانی اس سے زیادہ اس میں ملا دیں یا اس میں اتنا پانی ڈالیں کہ برتن کے کناروں سے بہنے لگے، اب اس پانی سے وضو یا غسل جائز ہے۔
سوال نمبر:125۔ وضو کے فرائض بیان کیجیے۔
جواب : وضو کے چار فرائض ہیں: 1۔ پورا منہ دھونا : یعنی پیشانی کے شروع سے لے کر ٹھوڑی تک اور ایک کان سے دوسرے کان تک پانی بہانا ۔
2۔ دونوں ہاتھ کہنیوں سمیت دھونا: ہر قسم کے چَھلے، نتھ،انگوٹھیاں،چوڑیاں وغیرہ اگر اتنے تنگ ہوں کہ ان کے نیچے پانی نہ بہے تو انہیں اتار کر جلد کے ہر حصہ پر پانی پہنچانا ضروری ہے۔
3۔ چوتھائی سر کا مسح کرنا: مسح کرنے کے لیے ہاتھ تر ہونا چاہیے ۔ کسی عضو کے مسح کے بعد ہاتھ میں جو تری باقی رہ جائے گی وہ دوسرے عضو کے مسح کے لیے کافی نہ ہو گی۔4۔دونوں پاؤں دھونا:انگلیوں کی کروٹیں، گھائیاں، گِٹّے،تلوے اور ایڑیاں سب کا دھونا فرض ہے۔ اگر خلال کیے بغیر انگلیوں کے درمیان پانی نہ بہتا ہو تو خلال بھی فرض ہے۔
سوال نمبر:126۔ وضو کی سنتیں بیان کیجیے۔
جواب : وضو کی سنتیں مندرجہ ذیل ہیں: وضو شروع کرنے سے قبل بسم اللہ پڑھنا، دونوں ہاتھ گٹوں تک دھونا، مسواک کرنا،تین بار چُلو بھر پانی سے کُلی کرنا، تین بار ناک میں ہڈی تک پانی چڑھانا، پانی دائیں ہاتھ سے چڑھانا، بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے ناک صاف کرنا، انگلیوں کا خلال کرنا، داڑھی کاخلال کرنا، پورے سر کا مسح کرنا،کانوں کا مسح کرنا، اعضاء دھونے کی ترتیب قائم رکھنا، ہردھونے والے عضو کو تین بار دھونا، اعضاء کو پے در پے اس طرح دھونا کہ پہلا عضو سوکھنے نہ پائے۔
Page 20 of 48

