سوال نمبر:87۔ تقلید سے کیا مراد ہے؟ اس کا اصطلاحی مفہوم بیان کریں۔
جواب :تقلید کے لغوی معنی ہیں’’گردن میں پٹا ڈالنا‘‘ اور اصطلاحی معنی ہیں ’’دلیل جانے بغیر کسی کے قول و فعل کو صحیح سمجھتے ہوئے اس کی پیروی کرنا‘‘۔ہر انسان زندگی کے ہر شعبے میں کسی نہ کسی کی تقلید کر رہا ہے تو دین کے معاملے میں یہ زیادہ ضروری ہے تاکہ انسان گمراہی سے بچے۔
سوال نمبر:88۔ تقلید کا شرعی حکم کیاہے اور یہ کیوں ضروری ہے؟
جواب :مطلق تقلید کا فرض ہونا اس آیت سے ثابت ہے۔ارشاد ہوا،’’اور مسلمانوں سے یہ تو ہو نہیں سکتا کہ سب کے سب نکلیں تو کیوں نہ ہو کہ ان کے ہر گروہ میں سے ایک جماعت نکلے کہ دین کی سمجھ حاصل کریں اور واپس آ کر اپنی قوم کو ڈر سنائیں اس امید پر کہ وہ بچیں‘‘۔ ()
اس آیت سے معلوم ہوا کہ ہرشخص پر عالم وفقیہ بننا ضروری نہیں لہٰذا غیر مجتہد یا غیر عالم کو مجتہد یا عالم کی تقلید کرنی چاہیے۔
سوال نمبر:89۔ صحابَۂ کرام علیہم الرضوان کس کی تقلید کرتے تھے؟
جواب : صحابَۂ کرام براہِ راست نبی کریم ﷺ سے دین کا علم حاصل کیا کرتے تھے اس لیے انہیں کسی کی تقلید کی ضرورت نہیں تھی۔ آقا ومولیٰ ﷺ کے ظاہری وصال کے بعد صحابَۂ کرام اور تابعین بھی اپنے درمیان موجود زیادہ صاحبِ علم صحابی کی تقلید کیا کرتے۔ حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے بارے میں فرماتے تھے، ’’جب تک یہ عالم تمہارے درمیان موجود ہیں، مجھ سے مسائل نہ پوچھا کرو‘‘۔()یہی تقلیدِ شخصی ہے جو دورِ صحابہ میں بھی موجود تھی۔
سوال نمبر:90۔ بعض غیرمقلد خود کو محدثین کا پیروکار اور ہمیں مقلد ہونے کی بنا پر گمراہ کہتے ہیں۔ کیا محدثین غیر مقلد تھے؟
جواب : تمام محدثین بخاری، مسلم، ترمذی، ابوداؤد، ابن ماجہ، نسائی، دارمی، طحاوی وغیرہ رحمہم اللہ کسی نہ کسی امام کے مقلد ہیں۔ امام بخاری، امام ابوداؤد اور امام نسائی کا مقلد ہونا تو خود غیر مقلد عالم نواب صدیق حسن بھوپالی نے ’’الحطہ‘‘ میں بیان کیا ہے۔جب ایسے جلیل القدر محدثین، ائمہ اربعہ میں سے کسی نہ کسی کے مقلد ہیں تو پھر یہ نیم مولوی غیرمقلد، تقلید سے بے نیاز ہوکر کیونکر گمراہ نہ ہوں گے؟
سوال نمبر:91۔ کیا مذاہبِ اربعہ اہلسنت ہیں؟ نیزہم لوگ کس کے مقلد ہیں؟
جواب : حنفی مذہب، مالکی مذہب،شافعی مذہب اور حنبلی مذہب چاروں حق ہیں اور چاروں اہلسنت وجماعت ہیں۔ان کے عقائد یکساں ہیں البتہ صرف اعمال میں فروعی اختلاف ہے۔ ان چاروں میں سے کسی ایک کی تقلید واجب ہے۔ہم لوگ امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے مقلد ہیں۔
سوال نمبر:92۔ فقہ حنفی دراصل حدیث ہی ہے۔ وضاحت کیجیے۔
جواب : محدثین کے نزدیک صحابی کا قول، فعل اور سکوت حدیثِ موقوف ہے اور تابعی کا قول، فعل اور سکوت حدیثِ مقطوع ہے یعنی تابعی کا قول حدیثِ قولی ہے، اس کا فعل حدیثِ فعلی ہے اور اس کا کسی کے قول یا فعل پر سکوت فرمانا حدیثِ تقریری ہے، تو امامِ اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کا قول ، فعل اور سکوت بھی حدیث قرار پایا کیونکہ آپ تابعی ہیں۔ آپ نے سات صحابَۂ کرام سے بلا واسطہ احادیث سنی ہیں۔ پس آپ کی فقہ درحقیقت حدیث ہی ہے۔
سوال نمبر:93۔ بعض ناسمجھ اعتراض کرتے ہیں کہ’’ فقہ حنفی کی تائید میں جو احادیث پیش کی جاتی ہیں وہ ضعیف ہیں‘‘۔ اس کا کیا جواب ہے؟
جواب : صحابَۂ کرام کے زمانے میں کوئی حدیث بھی ضعیف وغیرہ نہیں تھی بلکہ سب صحیح کے درجے میں تھیں کیونکہ حدیث کا ضعیف ہونا راوی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ امام اعظم تابعی ہیں اس لیے آپ کو صحابی یا تابعی کے واسطوں سے یہ احادیث ملیں جبکہ بعد والوں کے پاس یہ احادیث کئی واسطوں سے پہنچی ہیں اس لیے آپ کے بعد کسی راوی کے ضعیف ہونے سے فقہ حنفی پر کوئی الزام نہیں آسکتا ۔
Page 16 of 48

