سوال نمبر:78۔ آخرت پر ایمان لانے سے کیا مراد ہے؟
جواب : ہمیں یہ یقین ہونا چاہیے کہ ایک دن ایسا آئے گا جب تمام مُردوں کو زندہ کر کے جمع کیا جائے گا اور ان سے ان کے اعمال کا حساب ہو گا۔ نیکوں کو جزا اور بُروں کو سزا ملے گی۔اس دن کو قیامت یا محشر یا جزا وسزا کا دن بھی کہتے ہیں۔
سوال نمبر:79۔ کیا مُردوں کو ہماری عبادات کا ثواب پہنچتا ہے؟ احادیث بیان کریں۔
جواب : ایک شخص نے بارگاہِ نبوی میں سوال کیا، یارسول اللہ ﷺ !میری والدہ کا اچانک انتقال ہو گیا ، اگر میں ان کے لیے صدقہ خیرات کروں تو کیا انہیں ثواب پہنچے گا؟ ارشاد فرمایا، ہاں انہیں ثواب ضرور پہنچے گا۔() حضرت انس رضی اللہ عنہ نے عرض کی، ہم اپنے مُردوں کے لیے دعائیں، صدقات وخیرات اور حج کرتے ہیں کیا یہ چیزیں انہیں پہنچتی ہیں؟ فرمایا، ہاں ضرور پہنچتی ہیں اور وہ ان سے ایسے خوش ہوتے ہیں جیسے تم ایک دوسرے کے ہدیے سے خوش ہوتے ہو۔ ()
سوال نمبر:80۔ کیا زندہ کو بھی ایصالِ ثواب کیا جا سکتا ہے؟
جواب : اہلسنت کے نزدیک عبادات کا ثواب کسی دوسرے کو بخشنا جائز ہے خواہ زندہ کو ہی ایصالِ ثواب کیا جائے۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کچھ لوگوں سے فرمایا، تم میں سے کون اس بات کی ذمہ داری لیتا ہے کہ وہ مسجد عشار میں میرے لیے دو چار رکعات نفل پڑھ دے اور کہے کہ یہ نماز ابوہریرہ کے (ایصالِ ثواب کے) لیے ہے۔()
سوال نمبر:81۔ کن چیزوں کا ثواب انسان کو مرنے کے بعد بھی ملتا رہتا ہے؟
جواب :رسولِ کریم ﷺ کا فرمانِ عالیشان ہے، جب انسان مر جاتا ہے تو اس کے اعمال کا سلسلہ بھی ختم ہوجاتا ہے سوائے تین چیزوں کے جن کا ثواب اسے ملتا رہتا ہے۔ اول صدقَۂ جاریہ، دوم وہ علم جس سے لوگوں کو نفع پہنچتا رہے، سوم وہ نیک اولاد جو اس کے لیے دعا کرتی رہے۔ ()
سوال نمبر:82۔ صحابی کسے کہتے ہیں؟ سب سے افضل صحابہ کون ہیں؟
جواب : صحابی اس مسلمان کو کہتے ہیں جس نے نبی کریم ﷺ کا دیدار کیا اور ایمان کے ساتھ دنیا سے گیا۔صحابہ کرام میں سب سے افضل سیدنا ابوبکر صدیق پھر سیدنا عمر فاروق پھر سیدنا عثمان غنی اور پھر سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہم ہیں۔
سوال نمبر:83۔صحابی کی توہین کرنے والے سے متعلق شرعی حکم کیا ہے؟
جواب : تمام صحابہ متقی اور عادل ہیں۔ ان کی توہین کرنے والا سخت گمراہ، ملعون اور مستحقِ جہنم ہے۔ حضرت ابوبکر و حضرت عمر رضی اللہ عنہما کی خلافت کا انکار کفر ہے۔صحابہ کرام کے مابین جو اختلاف ہوا، اس کی وجہ سے ان پر طعن یا ان سے بداعتقادی حرام ہے۔
سوال نمبر:84۔ اہلبیت سے کون مراد ہیں؟ امام حسین کو باغی کہنا کیسا ہے؟
جواب : اہلبیتِ اطہارسے رسول کریم ﷺ کی ازواجِ مطہرات اور اولاد مبارک مراد ہیں۔ صحابَۂ کرام اور اہلبیتِ اطہار کی محبت دراصل رسول کریم ﷺ سے محبت ہے۔ جو امام حسین رضی اللہ عنہ کو باغی کہے یا یزید پلید کو حق پر کہے وہ مردود خارجی اور مستحقِ جہنم ہے۔
سوال نمبر:85۔ تابعی کسے کہتے ہیں؟ کیا امام ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ تابعی ہیں؟
جواب : تابعی اس مسلمان کو کہتے ہیں جس نے کسی صحابی کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔ امامِ اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپ نے چھبیس (26)صحابَۂ کرام کا زمانہ پایا اور سات صحابہ کرام کی زیارت کر کے ان سے احادیث بھی سنیں۔
سوال نمبر:86۔ ولی کسے کہتے ہیں؟قرآن میں ان کی کیا علامات بیان ہوئیں ہیں؟
جواب : وہ صالح مومن جسے اللہ تعالیٰ کا قرب اور دوستی حاصل ہوتی ہے، اسے اللہ کا ولی کہتے ہیں۔ ان کی ایک علامت یہ ہے کہ وہ صحیح العقیدہ مومن ہوتے ہیں لہٰذا کوئی بدمذہب گمراہ ولی نہیں ہو سکتا۔ دوسری علامت یہ بیان ہوئی کہ وہ متقی پرہیزگار ہوتے ہیں لہٰذا کوئی بے نمازی، داڑھی منڈا، فاسق ولی نہیں ہو سکتا۔
Page 15 of 48

