سوال نمبر:38۔ صحابہ کرام حضور ﷺ کی تعظیم کس طرح کرتے تھے؟ حدیث بتائیں۔
جواب : صحابہ کرام آپ کے تھوک مبارک ، بال مبارک اور وضو کا مستعمل پانی زمین پر نہ گرنے دیتے، لعاب دہن اور اعضائے وضو کا دھوون اپنے چہروں پر مل لیتے اور بال مبارک حصولِ برکت کے لیے محفوظ کرلیتے۔()
سوال نمبر:39۔ ’’اے ایمان والو!رَاعِنا نہ کہو بلکہ اُنْظُرْنا کہا کرو‘‘ اس آیت سے کیا عقیدہ واضح ہوتا ہے؟
جواب : ایسا ذو معنی لفظ کہنا بھی گستاخی اور توہین ہے جس کا ایک مفہوم گستاخی کا ہو اور خواہ وہ لفظ توہین کی نیت سے نہ کہا جائے ۔ اس لیے ایمان والوں کے لیے راعنا کہنا حرام ہو گیا اگرچہ وہ بری نیت سے نہیں کہتے تھے۔
سوال نمبر:40۔ حضور ﷺ کی محبت ہر شے سے زائد ہونا فرض ہے۔ آیت کا ترجمہ بتائیں۔
جواب : رب تعالیٰ فرماتا ہے، ’’اے نبی ﷺ ! تم فرمادو کہ اے لوگو! اگر تمہارے باپ، تمہارے بیٹے، تمہارے بھائی، تمہاری بیویاں، تمہارا کنبہ، تمہاری کمائی کے مال اور وہ تجارت جس کے نقصان کا تمہیں اندیشہ ہے اور تمہاری پسند کے مکان، ان میں کوئی چیز بھی اگر تم کو اﷲ اور اس کے رسول ﷺ اور اس کی راہ میں کوشش کرنے سے زیادہ محبوب ہے تو انتظار رکھو یہاں تک کہ اﷲ اپنا عذاب اتارے اور اﷲ بے حکموں کو راہ نہیں دیتا‘‘۔()
سوال نمبر:41۔ حضور ﷺ کی محبت ہر شے سے زائد ہونا فرض ہے۔ حدیث شریف بتائیں؟
جواب : ہمارے آقا ومولیٰ ﷺ فرماتے ہیں، ’’ تم میں سے کوئی مومن نہ ہوگا جب تک میں اُسے اُس کے ماں باپ، اولاد اور سب انسانوں سے زیادہ پیارا نہ ہوجاؤں‘‘۔()
سوال نمبر:42۔ نبی کی زندگی بعد وصال شہداء کی زندگی سے افضل ہے، دلیل دیجئے۔
جواب : انبیاء کرام علیہم السلام دیگر تمام مخلوق سے افضل ہیں لہٰذا ان کی زندگی شہداء کی زندگی سے یقیناً بہت اعلیٰ و ارفع ہے۔ شہید کا ترکہ تقسیم ہوتا ہے اور اس کی بیوی عدت کے بعد نکاح کرسکتی ہے جبکہ انبیاء کرام سے متعلق یہ دونوں باتیں جائز نہیں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے، ’’ان کے بعد ان کی بیویوں سے نکاح نہ کرو‘‘۔()
سوال نمبر:43۔ حضور ﷺ وصال کے بعد بھی ہمارے درود سنتے ہیں۔ دو حدیثیں سنائیں؟
جواب : حضور ﷺ نے فرمایا، جمعہ کے دن مجھ پر زیادہ درود پڑھا کرو کیونکہ اس دن فرشتے حاضر ہوتے ہیں۔ کوئی بندہ جہاں بھی درود پڑھتا ہے اس کی آواز مجھ تک پہنچ جاتی ہے۔ صحابہ نے عرض کی، کیا آ پ کے وصال کے بعد بھی ؟ فرمایا،ہاں میرے وصال کے بعد بھی کیونکہ بیشک اللہ تعالیٰ نے زمین پر حرام کر دیا ہے کہ وہ انبیاء کرام کے جسموں کو کھائے۔()
ایک اور ارشاد مبارک ہے کہ ’’اہلِ محبت کا درود میں خود سنتا ہوں اور انہیں پہچانتا بھی ہوں‘‘۔()
سوال نمبر:44۔ حضور ﷺ وصال کے بعد بھی ہمارے سلام سنتے ہیں۔ حدیث بتائیں؟
جواب : ارشادِ گرامی ہے: ’’ جب کوئی مجھ پر سلام بھیجتا ہے تو اﷲ تعالیٰ میری روح مجھ پر لوٹا دیتا ہے (یعنی میری روح کی توجہ سلام بھیجنے والے کی طرف ہو جاتی ہے) یہاں تک کہ میں اس کو اس کے سلام کا جواب دیتاہوں‘‘۔()
سوال نمبر:45۔ حضور ﷺ کے ’’علمِ غیب ‘‘ کے متعلق اہلسنت کا عقیدہ بیان کریں۔
جواب : تمام انبیاء کرام علیہم السلام کو اﷲ تعالیٰ نے علم غیب عطا فرمایا اور اپنے حبیب کریم ﷺ کو ’’ علمِ مَا کَانَ وَ مَا یَکُوْن ‘‘ یعنی کائنات میں جو کچھ ہو چکا اور جو آئندہ ہوگا، ان سب کا علم عطا فرمایا۔یہ علم اللہ تعالیٰ کی عطا سے ہے اس لیے یہ علمِ غیب عطائی ہوا، اور اللہ تعالیٰ کا علم چونکہ کسی کا عطا کردہ نہیں بلکہ اُسے خود سے حاصل ہے اس لیے اس کا علمِ غیب ذاتی ہوا۔لہٰذا انبیاء کرام کے لیے عطائی علم ِ غیب ماننا شرک نہیں ہے۔
Page 10 of 48

