سيرت موجودہ سر پرست اعلیٰ مدرسہ انوار القرآن قادریہ رضویہ
ایک نظر میں پیر طریقت حضرت علامہ سید شاہ عبد الحق قادری دام ظلہ
ولادت: پیر طریقت رہبر شریعت علامہ سید شاہ عبد الحق قادری دامت برکا تہم العالیہ نے اکتوبر ۱۹۷۰ء بمطابق ۱۵ شعبان المعظم ۱۳۹۰ھ کو تاجدار اہل سنت علامہ سید شاہ تراب الحق قادری رضوی رحمۃ اللہ علیہ کے آغوش میں آنکھ کھولی۔ آپ کے نانا جان ولی کامل پیر طریقت علامہ قاری محمد مصلح الدین صدیقی رحمۃ اللہ علیہ نے نو مولود کا نام برصغیر کے عظیم محدث اور ممتاز عالم دین شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کے اسم گرامی کی نسبت سے
,,عبد الحق “ تجویز فرمایا ساتھ ہی عالم دین بننے کی اشارۃ نوید بھی سنادی۔
تعلیم : علامہ سید شاہ عبد الحق قادری صاحب نے ۱۹۸۸ء میں KMA اسکول نزد ککڑی گراؤنڈ میٹھا در کراچی سے میٹرک کیا۔ بعد ازاں ۱۹۹۰ء میں انٹر کیا۔ دینی تعلیم کے حصول کے لئے اہل سنت کے عظیم مرکز دار العلوم امجدیہ کراچی میں داخلہ لیا اور ۱۹۹۴ء میں دستار فضیلت سے نوازے گئے۔
اساتذہ: علامہ شاہ عبد الحق قادری نے اپنے عہد کے جید اساطین علم سے استفادہ کیا۔ آپ کے اساتذہ میں مفتی اعظم سکھر مفتی محمد حسین قادری رحمۃ اللہ علیہ (انہی سے آپ کو اجازت و سند حدیث حاصل ہے) حضرت علامہ مختار احمد قادری شہید رحمۃ اللہ علیہ ، حضرت علامہ افتخار احمد ضیائی رحمۃ اللہ علیہ علامہ مفتی عبد العزیز حنفی مدظلہ العالی، علامہ مفتی محمد اسماعیل قادری ضیائی دامت برکا تہم العالیہ کے نام شامل ہیں۔
شرف بیعت: آپ کے والد ماجد نے آپ کو اپنے پیر خانہ بریلی شریف میں اپنے پیر و مر شد شہزادہ اعلی حضرت مفتی اعظم ہند علامہ مصطفی رضا خان قادری نوری رحمۃ اللہ علیہ سے بیعت کرایا۔ جبکہ حضور تاج الشریعہ علامہ مفتی اختر رضا خان الازہری رحمۃ اللہ علیہ نے آپ کو خلافت طریقت سے سرفراز کیا۔ حضور تاج الشریعہ رحمۃ اللہ علیہ کے علاوہ آپ کے والد ماجد علامہ سید شاہ تراب الحق قادری رحمۃ اللہ علیہ اور یاد گار اسلاف علامہ حسن علی رضوی میلسی دام ظلہ نے بھی آپ کو خلافت سے نوازا۔
خطابت : آپ نے تحصیل علم سے فراغت کے بعد اپنے نانا حضور اور والد گرامی کی روش پر چلتے خدمت دین کو اپنا شعار بنایا۔ ۱۹۹۶ء میں آپ نے اخوند مسجد کھارادر کراچی میں خطابت جمعہ کا آغاز فرمایا یہ سلسلہ استقامت کے ساتھ مئی ۲۰۱۲ ء تک جاری رہا۔ پھر آپ میمن مسجد مصلح الدین گارڈن
( سابقہ کھوڑی گارڈن ) تشریف لے آئے اور یہاں تاحال خطابت جمعہ اور دیگر اجتماعات میں وعظ و نصیحت کا سلسلہ جاری ہے۔ آپ کے خطابات اور انداز خطابت کو دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ فن آپ کو اپنے والد ماجد شہباز خطابت سے ورثہ میں ملا ہو۔
عہدے و مناصب: آپ بھی اپنے والد ماجد کی طرح کثیر عہدوں پر بیک وقت خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جو کہ درج ذیل ہیں :
ا: سجادہ نشین آستانہ عالیہ قادریہ رضویہ کراچی ۲: مہتمم دار العلوم مصلح الدین کراچی
۳: امیر جماعت اہل سنت کراچی ۴: ٹرسٹی جماعت اہل سنت پاکستان
۵: سرپرست مدرسہ انوار القرآن قادریہ رضویہ ۶: چیئر مین الحق فاؤنڈیشن

